جی سیون وزرائے خارجہ نے بدھ کو سعودی عرب پر حوثیوں کے مسلسل حملوں کی ’سخت ترین الفاظ میں‘ مذمت کی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب اور یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے ممالک کی سکیورٹی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے دونوں کے حق کی توثیق کی۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
نو اور 10 نومبر کو پیرس میں اپنے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیے میں، وزرا نے پڑوسی ممالک پر ایران کے حملوں کی بھی ’سخت مذمت‘ کی، اور کہا کہ تہران کی جانب سے آبنائے ہرمز کے راستے سمندری ٹرانزٹ میں رکاوٹ نے بین الاقوامی تجارت، توانائی کی سکیورٹی اور عالمی معیشت کو متاثر کیا ہے۔
وزرائے خارجہ نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ’فوری طور پر تمام فوجی کارروائیاں اور دھمکیاں بند کریں‘ اور مزید کسی بھی کشیدگی سے گریز کریں تاکہ یمن میں تنازع کے حل کے لیے ’ایک جامع سیاسی عمل‘ دوبارہ شروع ہو سکے۔
انہوں نے ایران سمیت تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ حوثی ملیشیا کو مسلح کرنے اور اس کی حمایت کرنے سے باز رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔
ایران حوثی ملیشیا کو اسلحے کی فراہمی کی تردید کرتا ہے۔
جولائی میں یمن میں 2022 میں طے پانے والی ایک کمزور جنگ بندی کے ٹوٹنے کے بعد سے حوثی مسلسل حملوں کے ذریعے سعودی توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور ایئرپورٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
مملکت میں ہوائی اڈوں اور دیگر اہداف پر حوثیوں کے جان لیوا حملوں کے سلسلے کے بعد دو ہفتوں کی بندش کے بعد اکتوبر کے اواخر میں ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ایئرپورٹ پر پروازیں بحال ہو گئیں۔
جی سیون وزرا نے یمن میں تنازع کے بگڑتے ہوئے انسانی اثرات پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے شہریوں کے تحفظ، امداد تک محفوظ اور بلا تعطل رسائی اور محصور شہر تعز میں لوگوں کی مدد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ایک انسانی راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے عملے کے 70 ارکان سمیت تمام امدادی کارکنوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کے اپنے مطالبے کو دہرایا، جو حوثیوں کی قید میں ’غیر منصفانہ طور پر زیر حراست ہیں۔‘
خلیج کی وسیع تر صورت حال کے حوالے سے، وزرا نے ایران پر زور دیا کہ وہ آبنائے ہرمز میں ’شہری جہازوں پر اپنے مسلسل حملے‘ روکے۔ انہوں نے آبی گزرگاہ سے گزرنے کی آزادی پر کسی بھی ’ٹول، فیس، غیر قانونی اخراجات، امتیازی سلوک یا کسی بھی پابندی‘ کو مسترد کر دیا اور بارودی سرنگیں صاف کرنے اور سویلین جہازوں کی حفاظت کے لیے امریکی سینٹرل کمانڈ کے آپریشنز کی حمایت کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرانس اور برطانیہ کی قیادت میں کثیر القومی دفاعی اقدام آبنائے کے ذریعے سمندری ٹریفک کی بحالی کی کوششوں میں ’ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے‘، جس میں اس بات کی تصدیق کرنے میں مدد بھی شامل ہے کہ تمام بارودی سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں۔
تجارتی جریدے سی ٹریڈ میری ٹائم نیوز کے مطابق، ایران نے اکتوبر کے دوران ہرمز اور خلیج میں کم از کم 34 تجارتی جہازوں پر حملہ کیا، جو فروری کے آخر میں ایران کے خلاف امریکہ اسرائیل جنگ شروع ہونے کے بعد سے سب سے زیادہ ماہانہ تعداد ہے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ 7 نومبر کو عمان کے ساحل کے قریب پیش آنے والا واقعہ اس ماہ آبنائے ہرمز یا خلیج میں ایران کی جانب سے کسی بحری جہاز پر آٹھواں حملہ تھا۔
وزرا نے علاقائی ثالثوں کے کام کی تعریف کی اور یہ انتباہ دہرایا کہ ایران کو ’کبھی بھی جوہری ہتھیار بنانے یا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے‘۔ سفارتی حل کی عدم موجودگی میں، انہوں نے کہا کہ وہ ’خطے اور دنیا بھر میں عدم استحکام پھیلانے کی ایرانی حکومت کی صلاحیت کو معاشی اور سیاسی طور پر محدود کرنے‘ کی کوشش میں ہم آہنگی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے تہران کے خلاف اقوام متحدہ کی ان پابندیوں کو مکمل طور پر نافذ کرنے کا عہد کیا جو ایران کی جانب سے اپنی جوہری تحقیق کی ذمہ داریوں کی تعمیل میں ناکامی کے نتیجے میں، سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے تحت ایک ’سنیپ بیک‘ میکانزم کے ذریعے ستمبر 2025 میں دوبارہ بحال کی گئی تھیں اور اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے بھی ایسا ہی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تہران پر بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون دوبارہ شروع کرنے پر بھی زور دیا۔
جی سیون نے کہا: ’ایران کو اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہم متحد ہیں اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں‘۔
لبنان کی صورت حال کے حوالے سے، وزیروں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام ہتھیاروں کو لبنانی ریاست کے کنٹرول میں لانے کی کوششوں کو یقینی بنانے کے لیے تمام غیر ریاستی مسلح گروہوں، ’جن میں سب سے آگے حزب اللہ ہے‘، کو غیر مسلح کرنا ضروری ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے لبنانی اور اسرائیلی حکام پر ایسے پائلٹ زونز کے قیام پر پیش رفت کرنے کا مطالبہ کیا جو حزب اللہ کو ’مکمل اور قابل تصدیق‘ طور پر غیر مسلح کرنے، لبنانی مسلح افواج کی تعیناتی اور اسرائیلی فوجیوں کے انخلا میں سہولت فراہم کریں۔
لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری امن فورس کی مدت اس سال کے آخر میں ختم ہونے والی ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، وزرا نے لبنانی فوج کی مدد کے لیے ایک ’مضبوط، معتبر اور دیرپا سکیورٹی ڈھانچے‘ کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے ملک میں یورپی یونین کے ایک نئے امدادی مشن کا خیرمقدم کیا اور لبنانی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے امدادی پروگرام کے لیے درکار مالیاتی اصلاحات اپنائیں۔
غزہ کے مسئلے پر، وزرا نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر عمل درآمد کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا، جو علاقے میں تنازعے کے خاتمے اور تعمیر نو کا عمل شروع کرنے کے امریکی قیادت میں بننے والے منصوبے کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس کا ’غزہ کے مستقبل میں کوئی کردار نہیں ہو سکتا‘ اور اسے لازمی طور پر اپنے ہتھیار ختم کرنے چاہییں، جب کہ اسرائیل کو قرارداد کی شرائط کے تحت علاقے سے ’بتدریج انخلا کرنا چاہیے۔‘
جی سیون وزرا نے پورے علاقے میں محفوظ، تیز اور بلا تعطل انسانی ہمدردی کی رسائی اور مزید سرحدی گزرگاہیں کھولنے میں سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ ان ’دہشت گردانہ حملوں اور دیگر کارروائیوں‘ کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا جنہوں نے مغربی کنارے میں کشیدگی کو بڑھایا۔