امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے سی این این کو بتایا ہے کہ جب تک مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں ایسا ہونے کا ’امکان بہت کم‘ ہے۔
صدر ٹرمپ نے حالیہ ہفتوں میں دوبارہ حملے شروع کرنے کی دھمکی دی تھی جبکہ امریکی میڈیا رپورٹس میں یہ اشارہ دیا گیا تھا کہ اس ہفتے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد کشیدگی دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اب ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’اس کا جواب یہ ہے کہ اس (جنگ) کی ضرورت پڑنے کا امکان بہت کم ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو میں ایسا کروں گا، لیکن ہم نے انہیں بہت سختی سے نشانہ بنایا ہے۔ میں نے انہیں بہت زور سے مارا ہے۔ آپ نہیں جانتے کہ میں نے انہیں کتنا زور سے مارا ہے۔‘
امریکی صدر نے اتوار کو سی این این سے بات کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کا کوئی بھی فیصلہ ’اس بات پر منحصر ہے کہ آیا وہ کسی بہت مضبوط معاہدے پر دستخط کرتے ہیں یا نہیں۔‘
ٹرمپ اس سے قبل یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ انتہائی غیر مقبول جنگ کم از کم جزوی طور پر اس عبرتناک شکست کی ذمہ دار تھی جس کا ان کی ریپبلکن پارٹی کو منگل کی ووٹنگ میں سامنا کرنا پڑا۔
ایران کے خلاف ’ٹاسک فورس آئرن گیٹ‘ کا قیام
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا کہ ایران جانے والے ان زمینی راستوں کو منقطع کرنے کے لیے ایک نئی ٹاسک فورس تعینات کر دی گئی ہے جن کے بارے میں امریکی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ہتھیاروں اور غیر قانونی مواد کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے آٹھ ماہ کی جنگ کے دوران ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی کو وسعت دینے کے لیے ہفتے کو ایک 20 رکنی ٹیم کی تشکیل کا اعلان کیا۔
صدر نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوسٹ کیا: ’ٹاسک فورس آئرن گیٹ ایران میں پوری قوت اور اثر کے ساتھ سرگرم ہے۔ تاریخ کی سب سے بڑی بحری ناکہ بندی کے ساتھ مل کر، اب بہت کم چیزیں ایران میں داخل یا وہاں سے باہر نکل پاتی ہیں۔‘
سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے ہفتے کے ایک بیان میں کہا کہ یہ فورس ’دہشت گردی کی مالی معاونت، ہتھیاروں کی فیکٹریاں دوبارہ تعمیر کرنے اور اپنی فوج کو دوبارہ لیس کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید محدود کر دے گی۔‘
امریکی ووٹر انتخاب کر چکے، اب وائٹ ہاؤس اپنا فیصلہ کرے: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کو کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے لیے کوشاں ثالثوں نے امریکی وسط مدتی انتخابات کے ’صدمے‘ کے بعد سے کوئی دورہ نہیں کیا ہے۔
اعلیٰ ایرانی سفارت کار نے امریکی انتخابات جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رپبلکن پارٹی کو بھاری نقصان اٹھانا پڑام کے بعد ایران کے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ’اب ہمیں دیکھنا ہو گا کہ انہیں ان نتائج کو ہضم کرنے میں کتنا وقت لگتا ہے، تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ ہم آگے کیسے بڑھیں گے؟‘
ان کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ چند دنوں سے (ثالثوں کی جانب سے) مزید کوئی دورہ نہیں کیا گیا، اور اس کی وجہ وہ صدمہ ہے جو امریکہ میں انتخابی نتائج نے سب کو پہنچایا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
قطر اور پاکستان سمیت مختلف علاقائی طاقتیں فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے شروع کی گئی جنگ کو حتمی طور پر روکنے کے لیے مہینوں سے بغیر کسی کامیابی کے کوششیں کر رہی ہیں۔
اس سے قبل عباس عراقچی نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’امریکی ووٹر اپنا انتخاب کر چکے ہیں۔ اب وائٹ ہاؤس کے لیے اپنا فیصلہ کرنے کا وقت ہے۔‘
انہوں نے واشنگٹن پر زور دیا کہ وہ پہلے سے بتائے گئے ایرانی مطالبات کو تسلیم کرے یا پھر ’جنگ کا انتخاب کرے، اور ہمارے چوکنا اور جنگ کے آزمودہ کار جنگجوؤں کو قہر برساتے ہوئے دیکھے۔‘
ستمبر میں، ایران نے آبنائے کو دوبارہ کھولنے کے لیے سات روزہ منصوبے کی تجویز پیش کی تھی، جس کے مطالبات میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کو بحال کرنا، تیل کی پابندیاں اٹھانا اور ایرانی بندرگاہوں کی جوابی ناکہ بندی ختم کرنا شامل تھا۔