پاکستان کے قرضوں کا پہاڑ ایک دہائی میں 68 اعشاریہ سات ارب ڈالرز سے بڑھ کر گذشتہ برس 135 اعشاریہ ایک ارب ڈالر ہو گیا ہے۔
ارجنٹائن، میکسیکو اور برازیل بڑے قرضوں کی وجہ سے ماضی میں مالی دیوالیہ پن کا شکار ہوئے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کسی کو فکر ہے کہ ان قرضوں کو کیسے واپس کیا جائے گا اور ملک کی جان قرضوں سے
کب چھوٹے گی؟
1988 میں جب پاکستان میں سرکاری اداروں کی نجکاری کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا گیا تو ان اداروں کو بیچنے کا ایک جواز یہ پیش کیا گیا کہ ان کو بیچ کر ملک کا قرضہ اتارا جائے گا۔
تاہم یہ بات پیشِ نظر رہے کہ اُس وقت پاکستان کا مجموعی اندرونی اور بیرونی قرضہ صرف سترہ اعشاریہ زیرو سات ارب ڈالر تھا۔ اس وقت ہمارا اندرونی قرضہ
تقریبا دوسو دس ارب ڈالر کے قریب ہے جب کہ بیرونی قرضہ اور واجبات تقریبا ایک سو پینتیس اعشاریہ ایک ارب ڈالرز ہیں۔
اس کا مطلب ہے کہ ملک پر مجموعی طور پہ جو قرضوں کا بوجھ ہے وہ تقریبا تین سو پینتالیس ارب ڈالرہے۔
اس وقت قرضوں کی ادائیگی ہی ملک کی معیشت پر سب سے بڑا بوجھ ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کو ایک خطیر رقم دفاع اور انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسر یا آئی پی پیز کے لیے بھی ہر بجٹ میں مختص کرنی پڑتی ہے۔
معاشی پنڈتوں نے ہمیشہ آزاد منڈی، معاشی امور میں کم از کم سرکاری مداخلت اور درآمدی ڈیوٹی کم کرنے کے ہمیں فوائد بتائے۔
لیکن آزاد منڈی کی اس پالیسی کو اپنانے کے بعد یا عالمی مالیاتی اداروں سے مضبوط رشتہ جوڑنے کے بعد پاکستان کے قرضوں میں بتدریج اضافہ ہوا ہے، خصوصا ان حکمرانوں کے ادوار میں جنہیں سرمایہ دارانہ نظام نجات دہندہ لگتا تھا۔مثال کے طور پر انیسو اٹھاون تک پاکستان کا بیرونی قرضہ نہ ہونے کے برابر تھا اندرونی قرضہ صرف ایک اشاریہ ایک ارب ڈالر تھا۔
1951 سے انیسو پچپن تک پاکستان کا بیرونی قرضہ صرف ایک سو اکیس ملین ڈالرز تھا، جو بیرونی معاونت کی مد میں لیے لیا اور زیادہ تر براہ راست گرانٹ کی شکل میں تھا۔ تاہم دو آمر مطلق کے ادوار میں اندورنی و بیرونی قرضہ دسمبر 1971 تک تین ارب ڈالر ہو گیا۔
اگلے چھ برسوں میں اس کا حجم سات اعشاریہ چھپپن ارب ڈالر تک جا پہنچا جب کہ انیسو اٹھاسی تک یہ سترہ اعشاریہ صفر سات ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
اس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اسی کی دہائی میں بنائی جانے والی نجکاری، ڈی ریگولیشن اور آزاد منڈی کی پالیسیوں نے پاکستان کے قرضوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا ہے۔
ان پالیسیوں کی یہ نعرے بھی تھے کہ ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا، بیرونی سرمایہ کاری بڑھے گی، روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور غربت میں کمی ہوگی۔ تاہم آج صورتحال یہ ہے کہ نو کروڑ سے زیادہ لوگ غربت کا شکارہیں، چالیس فیصد سے زیادہ بچوں کے غذائی قلت اور دیگر عوامل کی وجہ سے قد نہیں بڑھیں گے، ستر فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے اور ڈھائی کروڑ سے زیادہ بچہ اسکول سے باہر ہے۔
غریب آدمی تو دور کی بات اب مڈل کلاس گھرانوں کو بھی اپنے بچوں کو یونیورسٹی تعلیم دالونا مشکل ہوتی جارہی ہے۔ معیاری علاج و معالجے کی سہولت اب کئی گھرانوں کے مالی برداشت سے باہر ہو گئی ہے۔
اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ اس قرض کو عوام الناس پر خرچ نہیں کیا گیا بلکہ اس سے مخصوص گھرانے، بڑے بڑے سرمایہ دار و جاگیردار، افسر شاہی اور مخصوص حلقے مستفید ہوئے ہیں۔
قرضے لینے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی گئی تھی کہ اس سے ملک میں انفراسٹرکچر کو بہتر کیا جائے گا، جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری آئے گی۔ تاہم مشاہدے میں یہ آیا ہے کہ بڑے پیمانے پہ موٹرویز، فلائی اوورز اور سڑکوں کے بننے کے بعد ملک میں کار امپورٹ لابی نے خوب مال بنایا اور جس سے ملک کے زر مبادلہ کو مذید نقصان ہوا۔ گذشتہ چھتیس برس میں ملک میں صنعتوں میں کمی آئی ہے اور آج بھی ہزاروں بیمار صنعتیں موجود ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ خطے میں پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر کیے جائیں کیونکہ صرف صنعتی ترقی کے بل بوتے پر پاکستان آمدنی کے نئے ذرائع پیدا نہیں کر سکتا۔
اگر اسلام آباد انڈیا، بنگلہ دیش اور خطے کے دوسرے ممالک کو افغانستان سے تعلقات بہتر کر کے وسطی ایشیا تک جوڑے تو ہمیں صرف راہداری کی مد میں اربوں ڈالرز مل سکتے ہیں۔
اسی طرح ملک میں اندرونی بغاوتوں کو ختم کر کے یا صلح صفائی کا راستہ اختیار کر کے ملک کے ہر کونے کو سیاحت کے لیے کھولا جا سکتا ہے اور معدنی وسائل کو بھی بہتر طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، امریکہ اور یورپ کے کئی ایسے شعبے ہیں جہاں پر افرادی قوت اور ہنر مند لوگوں کی ضرورت ہے۔
مخصوص ہنر کے شعبہ جات پر کام کیا جائے اور افرادی قوت کو ایکسپورٹ کر کے آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کیے جائیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
غریب ممالک میں میڈیکل، انجینئرنگ اور دوسرے شعبوں میں تعلیم نسبتا مہنگی ہے پاکستان کی سرکاری جامعات مارکیٹ کا مطالعہ کرتے ہوئے ایسی فیس کا تعین کر سکتی ہے جس کے ذریعے افریقہ اور دوسرے خطوں سے طالب علموں کو یہاں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت ہو۔
یہ بھی ہماری آمدنی میں اضافے کا باعث بن سکت ہے۔چین کے ساتھ مل کر صنعتوں کا جال بچھانے کی بات کی جائے اور اس بات کو واضح کیا جائے کہ خالی سڑکوں اور دوسرے تعمیراتی کام سے صنعتی پیداوار میں اضافہ نہیں ہوگا۔اگر خطے کے ممالک سے تعلقات بہتر ہوتے ہیں، تو دفاعی بجٹ میں کمی کی جا سکتی ہے اور اس کو تعلیم، صحت اور دوسرے شعبہ جات پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔
صحت کے شعبے میں مہنگی مشینیں بھی ایک بہت بڑا بوجھ ہیں۔ صرف صاف پانی کی فراہمی کئی ایسی بیماریوں کا تدارک کر سکتی ہے، جس کے لیے ہمیں یہ مشینیں درآمد کرنی پڑتیں ہیں۔ پاکستان میں کیمبرج تعلیمی نظام پر بھی ملک کا زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی طالب علم باہر جاکر بھی تعلیم حاصل کرتے ہی۔
سرکار کے پاس سکول، کالج اور جامعات کی عمارتیں موجود ہیں۔ ان پر کام کر کے اور تعلیمی معیار کو بہتر کر کے اس ذرائع آمدنی کو بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ 1988 کے بعد سے زیادہ تر قرض خطیر سرمایہ کاری والے پروجیکٹس پر لگایا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کچھ عرصے کے لیے ایسے پروجیکٹس سے اجتناب کرے تاکہ مذید قرضے نہ لینے پڑیں۔ مستقبل کے قرضوں کو صرف صنعتی ترقی اور آمدنی کے ذرائع بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے، اور ان ذرائع میں اضافے کا ایک طریقہ جاگیرداروں پر ٹیکس کی شکل میں بھی ہو سکتا ہے۔ اگر آج ہم نے قرضوں سے نکلنے کی پالیسی نہیں بنائی، تو مالی دیوالیہ پن کا خوف ہمارے سروں پر منڈلاتا رہے گا۔
نوٹ: یہ تحریر مصنف کی رائے پر مبنی ہے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔