پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز کے پاس ناظرین ہیں، مگر ایک مسئلہ بھی

ذاتی برانڈز اب صارفین کے انتخاب اور عوامی گفتگو کو متاثر کرتے ہیں، جس سے میڈیا، مارکیٹنگ اور کاروبار کے درمیان حدیں دھندلی ہوتی جا رہی ہیں۔

پاکستان کے لیے، جہاں نوجوان تیزی سے ڈیجیٹل شعبوں میں کیریئر کا رخ کر رہے ہیں، یہ بین الاقوامی رسائی اہمیت رکھتی ہے (اے ایف پی)

کریئیٹر اکانومی اب اس بات میں حقیقی کردار ادا کرتی ہے کہ ممالک اپنی کہانیاں کیسے بیان کرتے ہیں، کاروبار اپنے صارفین تک کیسے پہنچتے ہیں اور افراد اپنے کیریئر کیسے بناتے ہیں۔

پاکستانی تخلیق کاروں کے لیے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ’ایک ارب فالورز سمٹ‘ قومی سرحدوں سے باہر ناظرین، صنعت سے وابستہ افراد اور مواقع تک رسائی کا ایک راستہ ہے۔

منتظمین کے مطابق جنوری 2026 میں منعقد ہونے والے اس سمٹ کے چوتھے ایڈیشن میں 30,000 سے زیادہ افراد اور 15,000 سے زیادہ کانٹینٹ کریئیٹرز نے شرکت کی۔

اس کا پانچواں ایڈیشن 8 سے 10 جنوری 2027 تک ’Content for Good‘ یعنی ’بھلائی کے لیے مواد‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہوگا، جو ایک اہم سوال اٹھاتا ہے: کیا ڈیجیٹل تخلیق کاروں کی بڑھتی ہوئی رسائی بامعنی سماجی اور معاشی اثرات میں تبدیل ہو سکتی ہے؟

عالمی پلیٹ فارم پر پاکستانی تخلیق کار

اس سمٹ کے گذشتہ ایڈیشنز میں حصہ لینے والے پاکستانی تخلیق کاروں میں سٹریٹ فوڈ پی کے کے ضیا تبارک شامل ہیں، جو کھانوں سے متعلق اپنی کہانیوں کے ذریعے بین الاقوامی ناظرین کو پاکستان کی پکوانوں کی ثقافت سے متعارف کراتے ہیں۔ ان کے علاوہ سعد لاکھی، فوڈ فیوژن کے شریک بانی اسد میمن اور صائمہ اسد اور محمد وقاص جاوید ستی بھی شریک ہو چکے ہیں، جنہوں نے پاکستانی تخلیق کاروں کے لیے ایک ملاقات کا اہتمام کیا تھا۔

ان کا کام کھانوں، طرز زندگی، ڈیجیٹل میڈیا میں کاروبار اور کمیونٹی کی تشکیل سمیت مختلف شعبوں پر محیط ہے۔ ایسے ایونٹس تخلیق کاروں کو اپنے ہم عصروں سے سیکھنے، پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے اور یہ سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں کہ مواد مختلف زبانوں اور منڈیوں میں کس طرح سفر کرتا ہے۔

پاکستان کے لیے، جہاں نوجوان تیزی سے ڈیجیٹل شعبوں میں کیریئر کا رخ کر رہے ہیں، یہ بین الاقوامی رسائی اہمیت رکھتی ہے۔ اس سے پاکستانی کہانیوں، کھانوں اور نقطہ نظر کو ایسے ناظرین تک پہنچنے کی جگہ بھی ملتی ہے جو بصورت دیگر پاکستان کو محض چند مخصوص خبروں کے ذریعے ہی جانتے ہوں گے۔

اس کی اہمیت اس وجہ سے اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ تخلیق کاروں کو اپنے ملک میں کن مشکلات کا سامنا ہے۔ اپنے بہت سے مغربی ہم عصروں کے برعکس پاکستانی تخلیق کار طویل عرصے سے اپنی آمدن وصول کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔

پے پال اور سٹرائپ جیسے بڑے بین الاقوامی ادائیگی کے پلیٹ فارم پاکستان میں مکمل طور پر کام نہیں کرتے، جس کے باعث بہت سے تخلیق کاروں کو برانڈ معاہدوں اور سبسکرپشنز سے حاصل ہونے والی آمدن وصول کرنے کے لیے پیچیدہ متبادل طریقوں، ثالثوں یا غیر ملکی بینک اکاؤنٹس پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔

رسائی بھی ایک اور رکاوٹ رہی ہے۔ پاکستان نے فروری 2024 سے مئی 2025 تک 15 ماہ کے لیے ایکس کو بلاک رکھا، جبکہ وقفے وقفے سے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور فائر وال کے نفاذ نے ریموٹ کام میں خلل ڈالا اور تخلیق کاروں کو ان عالمی نیٹ ورکس سے دور کیا، جن پر ان کے کیریئر کا انحصار ہے۔

بہت سے لوگوں کے لیے بیرون ملک ناظرین پیدا کرنا محض ایک خواہش نہیں بلکہ خطرات سے بچاؤ کی حکمت عملی ہے۔

’بھلائی کے لیے مواد‘

کریئیٹر اکانومی افراد کو مواد، شراکت داریوں اور ڈیجیٹل کاروباری منصوبوں کے ذریعے اپنی مہارت، دلچسپیوں اور ذاتی برانڈز کو کیریئر میں تبدیل کرنے کا موقع دیتی ہے۔ ذاتی برانڈز اب صارفین کے انتخاب اور عوامی گفتگو کو متاثر کرتے ہیں، جس سے میڈیا، مارکیٹنگ اور کاروبار کے درمیان حدیں دھندلی ہوتی جا رہی ہیں۔

لیکن زیادہ رسائی اپنے ساتھ زیادہ ذمہ داری بھی لاتی ہے۔ ’بھلائی کے لیے مواد‘ جیسا موضوع اسی صورت میں بامعنی ہے جب وہ تخلیق کاروں کو یہ سوچنے پر مجبور کرے کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز کو کس طرح استعمال کرتے ہیں: تعلیمی مواد، عوامی مفاد کی کہانیوں، ثقافتی تبادلے یا برانڈز کے ساتھ شفاف شراکت داری کے ذریعے۔

جیسے جیسے ناظرین اس بارے میں زیادہ محتاط ہوتے جا رہے ہیں کہ وہ کس پر اعتماد کریں، ساکھ کی اہمیت بھی فالورز کی تعداد جتنی ہی ہوگی۔

پاکستان اور دیگر ابھرتی منڈیوں سے تعلق رکھنے والے تخلیق کاروں کے لیے چیلنج یہ ہے کہ وہ اپنے کام کو مقامی رنگ میں جڑا رکھیں اور ساتھ ہی اسے بین الاقوامی ناظرین کے لیے بھی متعلقہ بنائیں۔

متحدہ عرب امارات کیوں؟

متحدہ عرب امارات نے تخلیقی شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے باقاعدہ کوشش کی ہے، جس کے تحت اہل تخلیق کاروں کے لیے گولڈن ویزا کے راستے، کاروباری انفراسٹرکچر اور ایشیا، یورپ اور افریقہ کی منڈیوں کو جوڑنے والا جغرافیائی مقام فراہم کیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سٹوڈیوز، ایڈیٹنگ کی سہولیات اور برانڈ پارٹنرشپس تخلیق کاروں کو انفرادی طور پر کام کرنے سے آگے بڑھ کر منظم کاروبار قائم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں، جبکہ علاقائی غیر یقینی صورت حال کے دوران ملک کا نسبتاً معاشی استحکام بھی اس کی کشش کا ایک حصہ ہے۔

تاہم اس کشش کی بھی حدود ہیں۔ ویزا کے لیے اہلیت، لائسنسنگ کے تقاضے اور مواد سے متعلق قواعد سب لاگو ہوتے ہیں اور تخلیق کار کیا کہہ اور دکھا سکتے ہیں، اس پر مکمل آزادی نہیں۔ پاکستانی تخلیق کاروں کے لیے متحدہ عرب امارات گھر کے قریب ہونے کے ساتھ ایک وسیع تجارتی نیٹ ورک تک رسائی بھی فراہم کرتا ہے، لیکن یہ کئی دستیاب راستوں میں سے صرف ایک ہے، پاکستان میں انہیں درپیش رکاوٹوں کا حل نہیں۔

پانچواں ایڈیشن قریب آنے کے ساتھ پاکستانی تخلیق کاروں کے پاس گذشتہ روابط کو آگے بڑھانے اور نئے ناظرین تک پہنچنے کا موقع ہے۔ کریئیٹر اکانومی کا اگلا مرحلہ ان لوگوں کو فائدہ دے گا جو کاروباری سمجھ بوجھ کو منفرد کہانی گوئی اور اپنے پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کے ساتھ جوڑیں گے۔

’بھلائی کے لیے مواد‘ محض ایک نعرے سے آگے بڑھتا ہے یا نہیں، اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ تخلیق کار کیا شائع کرتے ہیں، نہ کہ صرف اس بات پر کہ اسے کتنے لوگ دیکھتے ہیں۔

سارا دانیال کراچی میں مقیم آزاد مصنفہ ہیں۔ یہ تحریر ان کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی نقطۂ نظر