ترکی اور درمیانی طاقتوں کا عروج

یورپ کے کسی دفاعی فیصلے میں امریکہ کی اہمیت برقرار رہتی ہے، لیکن اس فیصلے کے بحیرہ اسود میں کیا نتائج نکلیں گے، اس پر ترکی کی رائے وزن رکھتی ہے۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان (دائیں) اور یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی 31 اکتوبر 2026 کو استنبول میں صدارتی دفتر میں پریس کانفرنس کے بعد مصافحہ کر رہے ہیں (اے ایف پی)

جولائی 2026 میں نیٹو کے سربراہ انقرہ میں جمع ہوئے تو انہوں نے یوکرین کے لیے 70 ارب یورو کی فوجی امداد، سازوسامان اور تربیت فراہم کرنے کا عہد کیا۔

چار برس پہلے اسی ترکی کے شہر استنبول میں روسی اور یوکرینی نمائندے ایک ایسی انتظامی میز پر بیٹھے تھے جہاں انہیں طے کرنا تھا کہ یوکرین کی بندرگاہ سے نکلنے والا جہاز کس راستے سے گزرے گا اور اس کے سامان کا معائنہ کون کرے گا۔

ایک ہی ملک مغربی دفاعی اتحاد کے اس فیصلے میں شریک تھا جو ماسکو کو سخت ناگوار تھا  اور اسی ملک پر ماسکو نے ایک حساس معاملے میں بھروسہ بھی کیا تھا۔ ترکی کی خارجہ پالیسی کو سمجھنے کے لیے ان دونوں تصویروں کو ایک ساتھ دیکھنا ضروری ہے۔

عالمی سیاست میں درمیانی طاقت کا تصور اکثر ایک ایسے ملک کے لیے استعمال ہوتا ہے جو اپنے حجم، معیشت یا عسکری استعداد کے اعتبار سے بڑی اور چھوٹی ریاستوں کے درمیان کہیں واقع ہو۔

اس تعریف سے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ بعض ممالک اپنے سے کہیں بڑی ریاستوں کے فیصلوں پر کیوں اثرانداز ہو پاتے ہیں، جبکہ انہی کے برابر وسائل رکھنے والے دوسرے ممالک کو مشاورت میں بھی جگہ نہیں ملتی۔

میرے خیال میں زیادہ بامعنی سوال یہ ہے کہ کسی خاص تنازعے میں کون سا کام ایک ریاست کی رضامندی یا شرکت کے بغیر مشکل ہو جاتا ہے؟ ترکی کے معاملے میں اس سوال کا جواب کبھی آبنائے باسفورس سے ملتا ہے، کبھی نیٹو کے طریقۂ فیصلہ سازی سے اور کبھی افریقہ کے دو ہمسایوں کے درمیان مذاکرات سے۔

درمیانی طاقتیں پہلے بھی عالمی سیاست میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ آج فرق یہ ہے کہ ایک ہی ریاست کو سلامتی، توانائی، تجارت اور ٹیکنالوجی کے لیے مختلف اور بسا اوقات باہم متحارب شراکت داروں سے معاملہ کرنا پڑتا ہے۔

یورپ کے کسی دفاعی فیصلے میں امریکہ کی اہمیت برقرار رہتی ہے، لیکن اس فیصلے کے بحیرہ اسود میں کیا نتائج نکلیں گے، اس پر انقرہ کی رائے وزن رکھتی ہے۔

اسی طرح تیل کی منڈی میں سعودی عرب کو جو اختیار حاصل ہے، وہ اسے یورپی سلامتی کے معاملات میں حاصل نہیں، لہٰذا درمیانی طاقتوں کے عروج کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم عالمی مرتبے کے ساتھ اس مخصوص معاملے کو بھی دیکھیں جس پر فیصلہ ہونا ہے۔

ترکی کی جغرافیائی حیثیت صدیوں سے وہی ہے۔ بدلا یہ ہے کہ ترک ریاست نے مختلف ادوار میں اس حیثیت کو کس طرح استعمال کیا۔

فروری 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد انقرہ نے صورت حال کو جنگ قرار دیا اور مونٹرو کنونشن کی دفعہ 19 کے تحت متحارب ریاستوں کے جنگی جہازوں کی ترک آبناؤں سے آمدورفت محدود کر دی۔

اس فیصلے کی اہمیت کا ایک پہلو قانونی تھا۔ ایک موجودہ بین الاقوامی معاہدے کی بنیاد پر انقرہ اس معاملے میں اپنا اختیار استعمال کر سکتا تھا۔

دوسرا پہلو سیاسی تھا۔ طے شدہ ضابطے کی پابندی نے ترکی کو اپنے فیصلے کا دفاع کرنے کی ایسی بنیاد فراہم کی جسے ماسکو اور اس کے مغربی حریف، دونوں سمجھتے تھے۔

اناج کے معاہدے میں ترکی کا کردار اس سے بھی زیادہ سبق آموز ہے۔ یوکرین کو اپنی فصل عالمی منڈی تک پہنچانا تھی۔ جہاز ران کمپنیوں کو یہ یقین دہانی درکار تھی کہ جنگ کے دوران ان کا جہاز محفوظ راستے سے گزر سکے گا۔

روس کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ اس راستے سے کیا لے جایا جا رہا ہے۔ استنبول میں قائم مشترکہ رابطہ مرکز میں ترکی، اقوام متحدہ، روس اور یوکرین کے نمائندوں نے جہازوں کے معائنے اور نقل و حرکت کا انتظام سنبھالا۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس بندوبست کے تحت تین کروڑ بیس لاکھ ٹن سے زیادہ اناج اور دوسری غذائی اجناس 45 ممالک تک پہنچیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہاں ترک سفارت کاری کی کامیابی کا اندازہ کسی اعلامیے کی زبان سے کہیں بہتر اس جہاز کے کپتان کو تھا جسے جنگ زدہ بندرگاہ سے نکلنے کا راستہ ملا۔

اسی واقعے کا دوسرا رخ بھی اتنا ہی اہم ہے۔ جولائی 2023 میں روس معاہدے سے نکل گیا۔ ترکی ماسکو کو اس انتظام میں رہنے پر مجبور نہیں کر سکا۔ استنبول کا تجربہ اس لیے قابل غور ہے کہ اس میں انقرہ کے اثر و رسوخ کی وسعت اور اس کی حد، دونوں دکھائی دیتی ہیں۔

ترکی نے دو متحارب فریقوں کے لیے تعاون کی لاگت کم کی، ان کے خدشات کو ایک قابل عمل طریقۂ کار میں جگہ دی، مگر جنگ کے بارے میں کریملن کا حساب بدلنا اس کے اختیار سے باہر تھا۔

کسی ثالث کی کامیابی جانچتے ہوئے یہ فرق ملحوظ رہے تو ہم اس سے زیادہ معقول توقعات وابستہ کر سکتے ہیں۔

نیٹو میں سویڈن کی شمولیت کے سوال پر ترکی نے اپنے اثر و رسوخ کی ایک مختلف صورت دکھائی۔

اتحاد کو توسیع کے لیے تمام ارکان کی منظوری درکار تھی۔ ترکی کی پارلیمان کی توثیق اسی لیے فیصلہ کن تھی۔ انقرہ کو موقع ملا کہ وہ دہشت گردی سے متعلق اپنے خدشات اتحادیوں کے سامنے ایسی صورت میں رکھے جب انہیں اس کی رضامندی چاہیے تھی۔

توثیق کے بعد امریکہ کی جانب سے ترکی کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کی منظوری بھی سامنے آئی۔ ان دونوں فیصلوں کو باقاعدہ سودے کا نام دینا دستیاب شواہد سے آگے جانا ہو گا، البتہ ان کی ترتیب یہ بتاتی ہے کہ اتحاد کے اندر بعض معاملات پر اختلاف بھی مذاکرات کی گنجائش پیدا کرتا ہے۔

ترکی کے افریقی کردار میں ایک ایسی مثال موجود ہے جس پر ہمارے ہاں نسبتاً کم گفتگو ہوتی ہے۔ ایتھوپیا کو سمندر تک قابل اعتماد رسائی درکار تھی جبکہ صومالیہ کے لیے اپنی سرزمین پر اقتدار اعلیٰ بنیادی سوال تھا۔

دسمبر 2024 میں انقرہ میں دونوں ممالک نے ایک ایسے اعلامیے پر اتفاق کیا جس میں ایتھوپیا کی سمندر تک تجارتی رسائی کو صومالیہ کی خودمختاری کے تحت طے کرنے کی راہ نکالی گئی۔ الفاظ کا انتخاب یہاں اصل سفارتی کام تھا۔

صومالی قیادت اپنے شہریوں کے سامنے کہہ سکتی تھی کہ اس نے حاکمیت پر کوئی رعایت نہیں دی اور ایتھوپیا کی حکومت بندرگاہ تک رسائی پر بات آگے بڑھا سکتی تھی۔ فروری 2025 میں اسی بنیاد پر تکنیکی مذاکرات ہوئے۔ اعلامیے کی اہمیت سمجھنے کے لیے اسے حتمی تصفیہ سمجھنا ضروری نہیں۔

تاہم انقرہ کے لیے ہر طرف تعلقات برقرار رکھنے کی ایک معاشی قیمت بھی ہے۔ روس کے ساتھ توانائی کا تعلق رابطے کا ذریعہ ہے اور دباؤ کا امکان بھی رکھتا ہے۔ روسی تعاون سے تعمیر ہونے والے ترکی کے پہلے جوہری بجلی گھر کی مثال لیجیے۔ ایسا منصوبہ دونوں ممالک کے تعلق کو کئی دہائیوں تک اہم بنا دیتا ہے۔

آئندہ کوئی ترک حکومت ماسکو کے بارے میں فیصلہ کرے گی تو اسے بجلی کی ضروریات اور پہلے سے کی گئی سرمایہ کاری کو بھی حساب میں رکھنا ہو گا۔ سٹریٹیجک خودمختاری کے مباحث میں عموماً فیصلہ کرنے کی آزادی کا ذکر ہوتا ہے۔ اصل امتحان اس وقت آتا ہے جب اس فیصلے کا بل ملکی معیشت کو ادا کرنا پڑے۔

پاکستان کے لیے ترکی کے تجربے میں خاص دلچسپی کا پہلو یہی ہے۔ ہمارے ہاں جغرافیائی محل وقوع کو اکثر ایک حاصل شدہ کامیابی کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔ حالانکہ نقشے پر اہم جگہ اور مذاکرات کی میز پر اہم جگہ کے درمیان خاصا فاصلہ ہے۔

 بندرگاہ کی افادیت کا فیصلہ اس کی طرف آنے والی سڑک، کسٹمز کے طریقۂ کار اور تاجر کو دی گئی ضمانت سے ہوتا ہے۔ ثالثی کی ساکھ کا فیصلہ اس امر سے ہوتا ہے کہ فریقین کل بھی اسی ملک سے رجوع کرنا چاہیں گے یا نہیں۔

ترکی کا زیادہ دیرپا سبق شاید یہی ہے کہ ریاست کی بین الاقوامی حیثیت بالآخر ان کاموں سے متعین ہوتی ہے جنہیں انجام دینے کے لیے دوسروں کو اس کی ضرورت پڑتی ہے۔

مصنف ڈاکٹر راجہ قیصر احمد قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد میں ایریا سٹڈی سینٹر برائے افریقہ، نارتھ و ساؤتھ امریکہ کے ڈائریکٹر ہیں۔

نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی نقطۂ نظر