افغان طالبان کے سپریم لیڈر شیخ ہبت اللہ اخوندزادہ نے طالبان ارکان اور جنگجوؤں کو ان کی اجازت کے بغیر ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے سے منع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنا ’معصیت‘ (نافرمانی) ہے اور حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو واپس بھیجا جائے۔
میدان وردک کے گذشتہ دنوں دورے کے دوران طالبان حکام سے خطاب کرتے ہوئے ہبت اللہ اخوندزادہ نے کہا: ’میری اجازت کے بغیر ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا معصیت ہے اور کسی کو میری اجازت کے بغیر کہیں جانے کی اجازت نہیں۔‘
افغان طالبان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر انڈپینڈنٹ اردو کو اس بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا: ’انہوں (سپریم لیڈر) نے یہ باتیں کہی ہیں۔ آپ اسے ذرائع کے حوالے سے بیان کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’اگر کوئی بغیر اجازت جاتا ہے تو وہ امارت اسلامیہ کا رکن نہیں ہے اور ایسے دعوے جھوٹے ہیں۔‘
انہوں نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ ایسے افراد کو واپس کیا جائے، چاہے وہ کوئی بھی ہوں۔
افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے اپنے جنگجوؤں کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے وقتاً فوقتاً مختلف احکامات اور پابندیاں جاری کی جاتی رہی ہیں، جن میں سرحد پار سرگرمیوں اور اندرونی نظم و ضبط سے متعلق ہدایات شامل ہیں۔
تاہم حالیہ حکم نامے میں یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس کا اطلاق افغانستان میں مبینہ طور پر مقیم پاکستانی طالبان پر بھی ہوگا یا نہیں۔ پاکستان افغان طالبان پر کالعدم تحریک طالبان کی سرپرستی کے علاوہ افغانستان سے سرحد پار حملوں کے الزامات عائد کرتا ہے۔ افغان حکام اس کی تردید کرتے ہیں۔
ٹی ٹی پی کے جنگجو بھی اس بیان کو میڈیا کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
طالبان سربراہ کا کہنا تھا کہ انہیں صوبہ میدان وردک سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ لوگ ’صحیح طریقے سے اطاعت نہیں کر رہے‘ اور مجاہدین کسی نہ کسی بہانے ’جہاد کے نام پر‘ جا رہے ہیں۔
تاہم انہوں نے میدان وردک کے طالبان جنگجوؤں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’میں اس صوبے کے مجاہدین پر بہت زیادہ بھروسہ کرتا ہوں کیونکہ ان لوگوں نے بہت سے شہید دیے اور بہت تکلیفیں برداشت کی ہیں۔‘
ہبت اللہ اخوندزادہ نے طالبان انٹیلی جنس کے سربراہ ملا عبدالحق واثق اور غزنی اور زابل کے گورنروں کے ہمراہ میدان وردک کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے میدان وردک کے گورنر الحاج ملا خیراللہ خیرخواہ اور متعدد مقامی حکام سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورت حال، احکامات کی اطاعت، باہمی ہم آہنگی اور انتظامی امور کو بہتر انداز میں چلانے پر بات چیت کی گئی۔
طالبان سربراہ نے علم و تعلیم کے فروغ، علما کے مقام و مرتبے کے احترام، انصاف کے قیام، معاشرے کی اصلاح، اتحاد، اطاعت اور سکیورٹی مضبوط بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے حکام کو امور بہتر انداز میں انجام دینے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا: ’علم ہر وادی تک پہنچنا چاہیے اور علما کا احترام کیا جانا چاہیے کیونکہ نظام کی بقا اور مضبوطی علما سے مشاورت اور علمی طبقے کی قدر و منزلت میں مضمر ہے۔‘
انہوں نے طالبان حکام کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظام کی مضبوطی اور بقا کے لیے تمام ذمہ داران کو باہمی احترام، ہم آہنگی اور اطاعت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے چاہییں اور نظام کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
عدالتی حکام سے خطاب کرتے ہوئے ہبت اللہ اخوندزادہ نے کہا: ’عدالتیں اسلامی نظام اور جہاد کے مقاصد کو عملی جامہ پہنائیں گی۔ دیگر حکام کو چاہیے کہ وہ عدالتوں، امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے ادارے اور سکیورٹی مجاہدین کے ساتھ مستقل تعاون اور ہم آہنگی قائم کریں تاکہ معاشرے میں انصاف مضبوط ہو، بدعنوانی کا خاتمہ ہو، معروفات قائم ہوں اور سکیورٹی مزید بہتر بنائی جا سکے۔‘
دورے کے دوران طالبان سربراہ نے میدان وردک میں گذشتہ انتظامیہ کے دور میں تباہ ہونے والی جامع مسجد کی جگہ نئی مسجد کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 29 جریب زمین پر 365 ملین افغانی سے زائد لاگت سے تعمیر ہونے والے 200 بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
اجلاس کا اختتام ہبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے نظام اور عوام کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔
نومبر 2026 میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کابل میں وزارتِ دفاع کے ایک اجلاس کے دوران تمام طالبان جنگجوؤں کے سمارٹ فونز استعمال کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
انہوں نے اسے وقت کے ضیاع اور ’فتنے‘ کا سبب قرار دیتے ہوئے وزارتِ دفاع کے انٹیلی جنس حکام کو اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد کی نگرانی کی ہدایت بھی کی۔