میانمار نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی: عالمی عدالت انصاف کا تاریخی فیصلہ

اقوام متحدہ کی اس اعلیٰ ترین عدالت کی 80 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ججوں نے کسی ریاست کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہے۔

روہنگیا مہاجرین 19 نومبر 2026 کو کاکس بازار کے مہاجر کیمپ میں عالمی عدالت انصاف کی کارروائی برارہ راست دیکھ رہے ہیں (اے ایف پی)

اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت، عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے جمعرات کو ایک تاریخی فیصلے میں قرار دیا ہے کہ میانمار نے اپنی اقلیتی روہنگیا برادری کی نسل کشی کی۔

عدالت نے حکم دیا کہ مہاجرین کی محفوظ واپسی یقینی بنائی جائے اور انہیں معاوضہ بھی دیا جائے۔

اقوام متحدہ کی اس اعلیٰ ترین عدالت کی 80 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ججوں نے کسی ریاست کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہے۔

اس فیصلے کو میانمار میں 2017 کے فوجی کریک ڈاؤن کے متاثرین کے لیے انصاف کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

عالمی عدالت انصاف کے صدر یوجی ایواسوا نے دی ہیگ میں واقع عدالت کے گریٹ ہال آف جسٹس میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ’جمہوریہ میانمار نے ریاست رخائن کے شمالی علاقے میں روہنگیا برادری کی نسل کشی کی ہے۔‘

تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والے فیصلے میں ایواسوا نے فوجی کارروائی کے دوران میانمار کی جانب سے زیادہ تر مسلمان روہنگیا اقلیت کے خلاف کیے گئے مظالم کے شواہد پیش کیے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں لاکھوں افراد پڑوسی ملک بنگلہ دیش فرار ہونے پر مجبور ہوئے تھے۔

ایواسوا نے کہا کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے ہزاروں روہنگیا شہریوں کو قتل کیا، خواتین کے خلاف بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کیا اور بچوں کو بھی انتہائی تشدد کا نشانہ بنایا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عالمی عدالت انصاف کے مطابق روہنگیا دیہات کو منظم انداز میں تباہ کیا گیا اور ان کی جگہ غیر روہنگیا آبادی کو آباد کیا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ اس کا واحد معقول نتیجہ یہی نکلتا ہے کہ میانمار کا مقصد روہنگیا آبادی کو ختم کرنا تھا، جو نسل کشی ثابت کرنے کے لیے ایک بنیادی قانونی معیار ہے۔

بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مہاجرین کے ایک رہنما نے جمعرات کو عالمی عدالت انصاف کی جانب سے میانمار کو روہنگیا اقلیت کی نسل کشی کا مرتکب قرار دینے کے فیصلے کے بعد ’دلی خوشی‘ کا اظہار کیا ہے۔

روہنگیا رہنما سید اللہ نے کاکس بازار کے مہاجر کیمپ میں خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم بنگلہ دیش، گیمبیا اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جو ان تمام برسوں کے دوران ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ کھڑے رہیں، یہاں تک کہ ہم اپنے وطن واپس لوٹ جائیں۔‘

یہ مقدمہ گیمبیا نے اقوام متحدہ کے 1948 کے نسل کشی کنونشن کے تحت عالمی عدالت انصاف میں دائر کیا تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا