بال ٹیمپرنگ سکینڈل: کیمرون بینکرافٹ کے بیان کے بعد پیٹ کمنز پر دباؤ

نمائندے کا اصرار ہے کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی اس معاملے میں دوٹوک تردید اب بھی برقرار ہے۔ 

 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے حوالے سے سابق کھلاڑی عثمان خواجہ کے الزامات کے بعد 13 نومبر، 2026 کو آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران (روئٹرز)

سینڈ پیپر سکینڈل (گیند سے چھیڑچھاڑ) کے بارے میں کیمرون بینکرافٹ کے تہلکہ خیز انکشافات کے بعد آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے، تاہم فاسٹ بولر کے ایجنٹ کا اصرار ہے کہ اس معاملے میں ان کی دوٹوک تردید اب بھی برقرار ہے۔

2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے اثرات اب بھی کرکٹ کی خبروں پر چھائے ہوئے ہیں۔ کیمرون بینکرافٹ نے جریدے ویسٹ آسٹریلین میں 4000 الفاظ پر مشتمل ایک مضمون لکھا ہے، جس میں انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ کیپ ٹاؤن میں وہ کس طرح رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔

مضمون میں انہوں نے عثمان خواجہ کی حالیہ خود نوشت میں پیش کیے گئے اس مؤقف کی تائید کی کہ دورے پر موجود پوری آسٹریلوی ٹیم، جس میں بولنگ گروپ اور کوچنگ عملے کے ارکان بھی شامل تھے، اس منصوبے سے آگاہ اور اس میں شریک تھے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

کرکٹ آسٹریلیا کی جلد بازی میں کی گئی تحقیقات کے بعد صرف کیمرون بینکرافٹ، سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو سزا دی گئی تھی، لیکن اس واقعے کے بارے میں پہلی بار تفصیل سے بات کرتے ہوئے کیمرون بینکرافٹ نے واضح طور پر کہا کہ ’اس میں پوری ٹیم شامل تھی۔‘

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پیٹ کمنز کو ٹی وی پر نشر ہونے والی پریس کانفرنس میں عثمان خواجہ کے بیان کو ’سراسر بکواس‘ اور ’100 فیصد غلط‘ کہتے ہوئے دیکھنے کے بعد بالآخر انہوں نے اپنی کہانی عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا۔

پیٹ کمنز نے سڈنی میں اپنی پریس کانفرنس کے دوران ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک سوالات کے جواب دیے اور کہا کہ اس معاملے پر ان کا یہ آخری بیان ہوگا۔ جمعرات کو جب وہ ٹریننگ کے لیے روانہ ہوئے تو ٹی وی عملے نے ان سے تبصرہ لینے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے سوالات کے جواب دینے سے انکار کر دیا۔

دوسری جانب ان کے دیرینہ نمائندے نیل میکسویل نے اپنا سابقہ مؤقف دہرایا۔ کرک انفو کو جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ ’پیٹ کا مؤقف آٹھ برس میں تبدیل نہیں ہوا۔ وہ پہلے دن سے اپنے مؤقف پر قائم اور اس بارے میں دوٹوک رہے ہیں۔ یقیناً پیٹ کو کیم سے ہمدردی ہے۔ وہ بہت کچھ جھیل چکے ہیں۔

’ہم لوگوں پر زور دیں گے کہ وہ پیٹ کے انٹرویو کا متن دوبارہ پڑھیں۔ کوئی ایسی بات نہیں جس کا انہوں نے جواب نہ دیا ہو۔ اس میں کیم کی اب کی گئی باتیں بھی شامل ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’پیٹ نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دوبارہ کھڑا کیا ہے۔ کیپ ٹاؤن میں اس 24 سالہ نوجوان نے ٹیم کو سنوارنے کا عزم کیا اور آٹھ سال اسی کام میں لگا دیے۔‘

برطانوی میڈیا شخصیت پیئرز مورگن ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے پیٹ کمنز کی کپتانی پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے اور ایکس پر انہیں بار بار ’پنوکیو پیٹ‘ (جھوٹا) کا لقب دیا ہے، جب کہ سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر ایئن ہیلی کا ماننا ہے کہ انہیں اپنی قائدانہ پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے ابھی کام کرنا ہو گا۔

ایئن ہیلی نے ایس ای این ریڈیو کو بتایا: ’میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ آیا انہیں اب دستبردار ہو جانا چاہیے۔ کیا وہ دستبردار ہو جائیں گے؟ یہ ایک الگ بات ہو سکتی ہے۔ ہو سکتا ہے وہ دستبردار ہو جائیں۔

’مجھے لگتا ہے کہ کیمرون بینکرافٹ کی باتوں کی دوبارہ تردید کیے بغیر ان کے لیے ٹیم کی کپتانی کرنا مشکل ہو گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اس پریس کانفرنس سے آپ کی ساکھ کا ایک بڑا حصہ چھن گیا ہے، اب جب کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ وہ اتنی مکمل نہیں تھی جتنا پیٹ نے اسے بنا کر پیش کیا تھا۔‘

مِچ مارش، جن کا نام کیمرون بینکرافٹ کے بیان میں بھی آیا، ان سے بات کرنا بھی مشکل ثابت ہو رہا ہے۔ وہ اس ماہ انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی وائٹ بال ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں لیکن انہوں نے ون ڈے سیریز سے قبل اپنی پریس کانفرنس میں سینڈ پیپر گیٹ پر کوئی ٹھوس جواب دینے سے انکار کر دیا ہے۔

انہوں نے سیریز کے اختتام پر پرنٹ میڈیا سے بات نہیں کی اور میلبرن میں جمعے کے سیشن سے بھی دستبردار ہو گئے ہیں، جہاں ہفتے کو ٹی ٹوئنٹی مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے۔ 

عام طور پر کپتان سیریز سے قبل بات کرتے ہیں لیکن یہ لازمی نہیں ہے، اور کرکٹ آسٹریلیا نے اس کے بجائے اب تک کوئی انٹرنیشنل میچ نہ کھیلنے والے سیم ہارپر کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کوڈ سپورٹس نے رپورٹ کیا ہے کہ مسلسل جانچ پڑتال کے باعث مارش نے ہوبارٹ میں ہونے والے فیصلہ کن ون ڈے میچ سے دستبردار ہونے پر غور کیا تھا۔

کیمرون بینکرافٹ، جو اس ہفتے پرتھ میں ویسٹرن آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے والے ہیں، نے واکا نیٹس میں صحافیوں سے اپنے تہلکہ خیز انکشاف پر بات کی۔

کیپ ٹاؤن کے وی اینڈ اے واٹر فرنٹ کا ہیٹ نمایاں طور پر پہنے ہوئے کیمرون بینکرافٹ نے ٹین سپورٹ کو بتایا: ’میرا مقصد کبھی بھی کسی پر انگلی اٹھانا یا دوسروں کو ملوث کرنا نہیں تھا۔ میں بس اپنے ذہنی سکون کے لیے سچ بتانا چاہتا تھا۔ یہ ایک ایسا بوجھ تھا جسے میں اتنے طویل عرصے سے اٹھائے ہوئے تھا۔ میں بہت آزاد اور بہت خوش محسوس کر رہا ہوں کہ میں ایسا کرنے میں کامیاب رہا۔‘

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ