سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعرات کی صبح امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر بریڈ کوپر نے ملاقات کی، جس کے دوران دوطرفہ فوجی تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ملاقات میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العیبان اور چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد الرویلی بھی موجود تھے۔
قبل ازیں سینٹ کام کے کمانڈر نے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ دونوں نے سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان دفاعی تعاون کے امکانات، خطے میں سکیورٹی، استحکام اور امن کے قیام کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد نے جمعرات کو بتایا کہ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی دارالحکومت کی طرف داغے گئے میزائل کو فضا میں روک کر تباہ کر دیا گیا، جس کے بعد اس کا ملبہ زمین پر گرا۔ حکام نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اتحاد نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے کو نشانہ بنانے والے ایک کروز میزائل کو بھی مار گرایا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی شہری دفاع نے جمعرات کی صبح دارالحکومت کے علاوہ خمیس مشیط، ابہا، السلیل اور وادی الدواسر میں پیشگی انتباہ جاری کیے۔
حوثی ملیشیا نے وسیع تر علاقائی تنازعے کے دوران موسم گرما سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے شروع کر رکھے ہیں۔
امریکہ اور اسرائیل نے فروری میں ایران پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد تہران نے عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کے لیے اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کر دی تھی۔
یمن کے حوثیوں نے دھمکی دی ہے کہ وہ سعودی تیل کی برآمدات روکنے کے لیے بحیرہ احمر کی آبنائے باب المندب میں بھی ایسا ہی کریں گے۔
یہ اتحاد یمن کی قانونی حکومت کی مدد کر رہا ہے تاکہ وہ حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس حاصل کر سکے، جنہوں نے 2014 میں دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا۔