ٹرمپ کے قتل کی سازش کے جرم میں پاکستانی شہری کو 27 سال قید کی سزا

آصف مرچنٹ کو 12 جولائی 2024 کو گرفتار کیا گیا تھا، انہیں بروکلین کی ایک عدالت نے منگل کو سزا سنائی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی سازش کے جرم میں منگل کو پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال سے زائد قید کی سزا سنائی گئی (روئٹرز)

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی امریکہ کے ہاتھوں موت کا بدلہ لینے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی سازش کے جرم میں منگل کو ایک پاکستانی شہری کو 27 سال سے زائد قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق بروکلین کی ایک عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ آصف مرچنٹ، جن کے مبینہ طور پر ایران سے روابط تھے، نے امریکہ میں کسی سیاست دان یا سرکاری عہدیدار کو قتل کرنے کے لیے کرائے کے قاتل (ہٹ مین) کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

ایران کی بیرونی فوجی کارروائیوں کے سربراہ قاسم سلیمانی جنوری 2020 میں بغداد میں ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے اور ایرانی حکام نے بارہا ان کے قتل کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

متعدد ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق آصف مرچنٹ نے گواہی دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ایرانی دارالحکومت تہران میں اپنے خاندان کو پاسدارانِ انقلاب سے بچانے کے لیے اس سازش میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا تھا، اور یہ بھی کہا کہ ان کا خیال تھا کہ کسی کے قتل ہونے سے پہلے ہی وہ پکڑے جائیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آصف مرچنٹ کے بقول انہیں کبھی کسی مخصوص شخص کو قتل کرنے کا حکم نہیں دیا گیا تھا، تاہم ان کے ایرانی رابطہ کار نے اس سازش کے سلسلے میں تین شخصیات جن میں صدر ٹرمپ، سابق امریکی صدر جو بائیڈن اور اقوام متحدہ میں سابق امریکی سفیر نکی ہیلی کا نام لیا تھا۔

تاہم امریکہ کے اعلیٰ ترین قانونی افسر ٹوڈ بلانچ نے منگل کو اس بات پر زور دیا کہ یہ سازش امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ہی تھی۔

آصف مرچنٹ کو 330 ماہ قید کی سزا سنائے جانے کے بعد اٹارنی جنرل بلانچ نے بیان دیا کہ ’صدر ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش میں رابطہ کاری کے لیے امریکہ آنے والے ایک ایرانی ایجنٹ کو اس کے مجرمانہ فعل پر انصاف کے تقاضوں کے مطابق سزا سنائی گئی ہے۔

’محکمہ انصاف ہمارے رہنماؤں کے خلاف غیر ملکی دہشت گردانہ سازشوں کو برداشت نہیں کرے گا اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گا جب تک ذمہ داروں کو کٹہرے میں نہ لایا جائے۔‘

امریکی حکام نے اس سے قبل کہا تھا کہ آصف مرچنٹ کے ’ایران کے ساتھ قریبی روابط‘ تھے اور ان کی مبینہ سازش کو ’عین ایرانی حکومت کے طریقہ واردات کا حصہ‘ قرار دیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تہران نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اس نے ٹرمپ یا دیگر امریکی حکام کو نشانہ بنایا یا ان پر حملے کی کوئی سازش کی۔

آصف مرچنٹ کو 12 جولائی 2024 کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ملک چھوڑنے کا ارادہ رکھتے تھے اور انہوں نے صحتِ جرم سے انکار کیا تھا۔

آصف مرچنٹ پر الزامات کی تفصیل

شکایت میں شامل الزامات اور متعلقہ عوامی طور پر دائر کردہ عدالتی دستاویزات کے مطابق آصف مرچنٹ نے امریکی سرزمین پر ایک سیاست دان یا امریکی حکومت کے عہدیدار کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔

امریکی محکمہ انصاف کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی تفصیل کے مطابق: ’اپریل 2024 میں، ایران میں وقت گزارنے کے بعد، آصف مرچنٹ پاکستان سے امریکہ پہنچے اور ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا جس کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ وہ اس منصوبے میں ان کی مدد کر سکتا ہے۔ اس شخص نے آصف مرچنٹ کے طرز عمل کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دی اور ایک خفیہ ذریعہ (Confidential Source) یعنی سی ایس بن گیا۔

’جون کے اوائل میں آصف مرچنٹ نے نیو یارک میں سی ایس سے ملاقات کی اور قتل کی سازش کی وضاحت کی۔ آصف مرچنٹ نے سی ایس کو بتایا کہ ان کے پاس سی ایس کے لیے جو کام تھا، وہ ایک بار کا کام نہیں تھا اور جاری رہے گا۔ اس کے بعد مرچنٹ نے اپنے ہاتھ سے ’فنگر گن‘ کا اشارہ کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ قتل کرنے کے متعلق کام تھا۔

’آصف مرچنٹ نے مزید کہا کہ مطلوبہ متاثرین کو ’یہاں نشانہ بنایا جائے گا‘ یعنی امریکہ میں۔ انہوں نے سی ایس کو ہدایت کی کہ وہ ان افراد کے ساتھ ملاقاتوں کا انتظام کرے جن کی خدمات آصف مرچنٹ ان کارروائیوں کو انجام دینے کے لیے حاصل کرسکتے ہیں۔

’آصف مرچنٹ نے وضاحت کی کہ ان کے منصوبے میں متعدد مجرمانہ منصوبے شامل تھے: (1) ہدف کے گھر سے دستاویزات یا یو ایس بی ڈرائیوز چوری کرنا، (2) احتجاج کی منصوبہ بندی کرنا اور (3) کسی سیاست دان یا سرکاری افسر کا قتل۔

’اس ملاقات میں آصف مرچنٹ نے ممکنہ قتل کے منظرنامے کی منصوبہ بندی شروع کی اور سی ایس سے سوال کیا کہ وہ مختلف حالات میں کسی ہدف کو کیسے ماریں گے۔ خاص طور پر، آصف مرچنٹ نے سی ایس سے یہ وضاحت کرنے کے لیے کہا کہ مختلف منظرناموں میں ایک ہدف کیسے مرے گا۔ انہوں نے سی ایس کو بتایا کہ اس شخص کے ’چاروں طرف سکیورٹی ہوگی۔‘

’آصف مرچنٹ نے کہا کہ یہ قتل ان کے امریکہ چھوڑنے کے بعد ہوگا اور وہ کوڈ ورڈز کا استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک سے سی ایس کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ سی ایس نے پوچھا کہ کیا مرچنٹ نے اپنے ملک میں نامعلوم ’پارٹی‘ سے بات کی تھی، جس کے ساتھ وہ کام کر رہے تھے۔ آصف مرچنٹ نے جواب دیا کہ انہوں نے بات کی ہے اور ملک والی پارٹی نے ان سے کہا کہ وہ منصوبے کو ’حتمی شکل‘ دیں اور امریکہ چھوڑ دیں۔

’جون کے وسط میں آصف مرچنٹ نے مبینہ قاتلوں سے ملاقات کی، جو درحقیقت نیو یارک میں امریکی قانون نافذ کرنے والے خفیہ افسران (یو سی) تھے۔ انہوں نے یوسیز کو کہا کہ وہ ان سے تین کام لینا چاہتے ہیں: دستاویزات کی چوری، سیاسی ریلیوں میں احتجاج کا انتظام کرنا اور ان کے لیے ایک ’سیاسی شخص‘ کو قتل کرنا۔ آصف مرچنٹ نے بتایا کہ ان کے امریکہ چھوڑنے کے بعد اگست کے آخری ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں کس کو قتل کرنا ہے، اس بارے میں ہٹ مین کو ہدایات ملیں گی۔

’اس کے بعد آصف مرچنٹ نے قتل کی پیشگی ادائیگی کے طور پر یو سیز کو پیسے دینے کے لیے پانچ ہزار ڈالر نقد حاصل کرنے کے ذرائع کا انتظام کرنا شروع کیا، جو بالآخر انہیں بیرون ملک ایک فرد کی مدد سے ملے۔

’21 جون کو آصف مرچنٹ نے نیویارک میں یو سیز سے ملاقات کی اور انہیں پانچ ہزار ڈالر ایڈوانس ادا کیے۔

’آصف کی جانب سے یو سیز کو پانچ ہزار ڈالر ادا کرنے کے بعد ایک یو سی نے کہا کہ ’اب ہم پابند ہیں‘ جس پر مرچنٹ نے ’ہاں‘ میں جواب دیا۔ اس کے بعد یو سی نے کہا کہ ’اب ہم جانتے ہیں کہ ہم نے آگے بڑھنا ہے۔ ہم یہ کریں گے، جس پر مرچنٹ نے جواب دیا ’ہاں، بالکل۔‘

’مرچنٹ نے اس کے بعد جہاز کے انتظامات کیے اور جمعہ 12 جولائی 2024 کو امریکہ چھوڑنے کا ارادہ کیا۔ 12 جولائی کو قانون نافذ کرنے والے ایجنٹوں نے مرچنٹ کو ملک چھوڑنے سے پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا۔

’آصف مرچنٹ نے بتایا کہ ان کی ایک بیوی اور بچے ایران میں ہیں اور ایک بیوی اور بچے پاکستان میں ہیں۔ ایف بی آئی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔‘

نیو یارک کے مشرقی ضلع کے لیے اسسٹنٹ امریکی اٹارنی سارہ کے ونک، گلبرٹ رین اور ڈگلس پراوڈا اور نیشنل سکیورٹی ڈویژن کے انسداد دہشت گردی سیکشن کے ٹرائل اٹارنی ڈیوڈ سمتھ اور جوشوا شیمپین اس مقدمے کی پیروی کر رہے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا