سعودی عرب کی توانائی کمپنی ’ڈیلٹا انرجی‘ سعودی نے پاکستان میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کی کمپنی ’انٹر سٹیٹ گیس سسٹمز‘ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت تقریباً 30 ارب ڈالر کی مجوزہ سرمایہ کاری کا جائزہ لیا جائے گا جس میں افغانستان سے گیس کی فراہمی اور پاکستان سے انڈیا تک پائپ لائن بچھانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
دونوں کمپنیوں نے منگل کو ایک مشترکہ بیان میں بتایا کہ اس پروگرام کے تحت قدرتی گیس کی ایک پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا جائزہ لیا جائے گا، جو پاکستان کی مغربی سرحد سے داخل ہو کر ملک کے جنوب مغرب میں بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع بندرگاہ گوادر تک جائے گی۔
بیان کے مطابق اس منصوبے میں پائپ لائن کو پاکستان کی مشرقی سرحد تک توسیع دینے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی تنصیبات، گیس کی پروسیسنگ اور ذخیرہ کرنے کی سہولتوں اور برآمدی ٹرمینلز کی تعمیر بھی زیر غور آئے گی۔
پروگرام میں پاکستان کے افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن سے ایک پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے، جو پاکستان سے گزرتے ہوئے انڈین سرحد کے قریب واقع علاقے فاضلکا تک پہنچے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈیلٹا انرجی نے اس راستے کو ’بنیادی تزویراتی عزم‘ قرار دیا ہے، جس کے لیے پاکستانی اور انڈٰین حکام کے ساتھ باضابطہ رابطے اور معاہدوں کی ضرورت ہوگی۔
پاکستان میں گیس کی فراہمی کے لیے دیگر پائپ لائن منصوبوں پر بھی ماضی میں کام کرنے کے منصوبے بنائے گئے تھے، تاہم ان میں کئی برس سے تاخیر کا سامنا ہے۔
ڈیلٹا انرجی نے ممکنہ ذرائع میں افغانستان کے علاقے کشک میں گیس کے ذخائر اور افغانستان کے دیگر وسائل کی نشاندہی کی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ پروگرام ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے سے الگ ہے اور اس کا انحصار ترکمانستان پر نہیں ہوگا۔
معاہدہ ان منصوبوں کے جائزے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے، تاہم یہ حتمی سرمایہ کاری کا فیصلہ نہیں ہے اور نہ ہی اس کے تحت منصوبوں کی مالی معاونت یا تعمیر کا کوئی حتمی وعدہ کیا گیا ہے۔