بلوچستان حکومت کا دعویٰ ہے کہ صوبے میں بدامنی کے چند واقعات کے علاوہ مجموعی صورتحال معمول کے مطابق اور مکمل طور پر حکومتی کنٹرول میں ہے۔ صوبہ معدنی وسائل سے مالا مال ہے، جبکہ سعودی عرب، کینیڈا، امریکہ، چین اور وسطی ایشیائی ممالک یہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
سعودی عرب، کینیڈا، امریکہ اور چین کی کمپنیاں پہلے ہی بلوچستان میں کان کنی کے شعبے میں کام کر رہی ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان انویسٹمنٹ بورڈ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین محمد بلال کاکڑ نے بتایا کہ بلوچستان معدنی وسائل کے لحاظ سے پاکستان کا امیر ترین صوبہ ہے اور موجودہ حکومت نے ان وسائل کو بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں سے رابطے کیے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں بلوچستان میں نومبر اور دسمبر کے دوران ایکسپو کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے سرمایہ کار شرکت کریں گے۔
بلال کاکڑ کے مطابق بلوچستان سرمایہ کاری اور سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ہے۔ چند ناخوشگوار واقعات کے علاوہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر اور مستحکم ہے، جبکہ ’مجموعی صورتحال مکمل طور پر حکومتی کنٹرول‘ میں ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ریکوڈک، سیندک اور سیادک میں بین الاقوامی ادارے کام کر رہے ہیں، جبکہ کوئٹہ اور بوستان میں انڈسٹریل اسٹیٹس پر بھی کام جاری ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بلال کاکڑ کہتے ہیں کہ موجودہ حکومت کا وژن ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاروں کو پُرامن ماحول فراہم کرنے کے ساتھ بہتر مواقع بھی دیے جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب جیسی معاشی طاقت کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ سعودی سرمایہ کار پرنس منصور محمد السعود نے بلوچستان میں کان کنی، لائیو سٹاک، توانائی، زراعت، ماہی گیری اور افرادی قوت کے شعبوں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں اس دلچسپی کے اثرات نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔
بلوچستان انویسٹمنٹ بورڈ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی 730 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ساحلی علاقوں میں بلیو اکانومی، کاربن کریڈٹ اور گوادر پورٹ سمیت مختلف شعبوں میں کاروبار کے بڑے امکانات ہیں۔
بلال کاکڑ نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کے لیے نومبر اور دسمبر میں ڈیجیٹل ایکسپو منعقد کی جا رہی ہے، جس کا عنوان ’میڈ اِن بلوچستان‘ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان ایکسپوز میں نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کے دیگر علاقوں اور بیرون ملک کی کمپنیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جنہوں نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔