پاکستان میں سعودی سرمایہ کار اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں بنانے جا رہے ہیں جس کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد قذافی سٹیڈیم لاہور میں کیا گیا۔
اس تقریب میں سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چئیرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جبکہ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کے سرمایہ کار اسلام آباد میں تھیم پارک پراجیکٹ کے لیے سرمایہ کاری کریں گے جبکہ سی ڈی اے اس کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’تھیم پارک ایک گیم چینجر پراجیکٹ ثابت ہوگا جس کے لیے سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔‘
وزیر داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں شریک سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ ’پاکستان خصوصا اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعے کو اسلام آباد میں مین ہٹن کی طرز پر ایک نیا شہر بسانے اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دینے کا اعلان کیا تھا۔
لاہور کے علاقے لیک سٹی میں تین روزہ سعودی پاکستان رئیل اسٹیٹ ایکسپو کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا تھا کہ حکومت رواں سال دسمبر میں اسلام آباد میں ہوٹلوں، شاپنگ مالز اور رہائشی منصوبوں کے لیے سرکاری اراضی اور کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کرے گی۔
محسن نقوی نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے عقب میں تقریباً ایک ہزار ایکڑ رقبے پر نیا شہر بسانے کا منصوبہ ہے، جہاں نیویارک کے سینٹرل پارک کی طرز پر پارک اور جھیل بنائی جائے گی، جبکہ ان کے گرد تجارتی اور رہائشی منصوبے تعمیر ہوں گے۔