لاہور: پاکستان سعودی پراپرٹی ایکسپو: دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کا موقع

اس نوعیت کے منصوبوں سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون بڑھے گا بلکہ پاکستانی اور سعودی شہریوں کے باہمی تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔

پاکستان اور سعودی عرب کی پراپرٹی ڈویلپر کمپنیوں نے لاہور میں تین روزہ ایکسپو کا انعقاد کیا جس میں دونوں ممالک کے شہریوں کو رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے آسان اور محفوظ مواقع فراہم کرنے کے دعوے کیے گئے۔

لاہور کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 21 سے 23 اکتوبر تک تین روزہ پراپرٹی ایکسپو کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں سعودی عرب کی 12 اور پاکستان کی آٹھ بڑی پراپرٹی ڈویلپر کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے۔

نمائش میں مکہ، مدینہ، جدہ اور پاکستان کے مختلف رہائشی و تجارتی منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

منتظمین کے مطابق اس کا مقصد دونوں ممالک کے شہریوں کو جائیداد کی خریداری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

سعودی عرب میں قسطوں پر جائیداد خریدنے کی پیشکش

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل عرصے سے قریبی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے بھی کرتے رہے ہیں۔

حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے نجی شعبے بھی باہمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور شہریوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سعودی عرب کی نالج اکنامک سٹی کمپنی کے عہدیدار عبدالله كسوري نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستانی شہریوں کو حرمین شریفین کے قریب رہائشی اور تجارتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

ان کے مطابق پاکستانی شہری سعودی عرب میں قسطوں پر جائیداد بھی خرید سکیں گے۔

عبدالله كسوري نے کہا ’مدینہ، مکہ اور جدہ میں ہمارے اربوں روپے مالیت کے منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔ ان منصوبوں میں جائیداد کی خریداری کے لیے قسطوں پر ادائیگی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ بعض منصوبے آئندہ چند ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد خریدار اپنی خریدی گئی جائیداد حاصل کر سکیں گے۔

آن لائن ادائیگیوں اور محفوظ سرمایہ کاری کا دعویٰ

عبدالله كسوري کے مطابق کمپنی کے آن لائن پورٹلز کے ذریعے بھی ادائیگیاں کی جا سکیں گی، جبکہ ان ادائیگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’نہ صرف پاکستانی شہری سعودی عرب میں سرمایہ کاری کر سکیں گے بلکہ سعودی شہری بھی ہمارے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے منصوبوں سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون بڑھے گا بلکہ پاکستانی اور سعودی شہریوں کے باہمی تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔

سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستانی منصوبوں میں شراکت کی دعوت

لیک سٹی کے عہدیدار عبدالروف نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ پراپرٹی ایکسپو کے انعقاد کا مقصد دونوں ممالک کے بڑے رہائشی اور تجارتی منصوبوں کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا ’ہم نے ہمیشہ حقیقی منصوبوں کی بے مثال تکمیل کی ہے۔ اس ایکسپو کا مقصد لوگوں کو پاکستان اور سعودی عرب میں بڑے رہائشی اور کمرشل منصوبوں میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عبدالرؤف کے مطابق یہ مواقع صرف پاکستانی شہریوں تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ سعودی سرمایہ کار اور شہری بھی پاکستان میں زیر تعمیر منصوبوں میں حصص خرید سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشوں کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ سرمایہ کاری کے خواہش مند افراد براہ راست پراپرٹی ڈویلپرز سے ملاقات کر کے منصوبوں کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔

مکہ اور مدینہ میں جائیداد کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے مواقع

عبدالرؤف نے بتایا کہ نمائش میں سعودی عرب کی 12 اور پاکستان کی آٹھ پراپرٹی ڈویلپر کمپنیوں نے شرکت کی ہے، جبکہ ان کے بقول اس کے انعقاد میں سعودی پاکستان انویسٹمنٹ بورڈ کا تعاون بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا ’ہر پاکستانی کی خواہش ہوتی ہے کہ مکہ اور مدینہ میں اس کی اپنی رہائش ہو یا وہ وہاں ہوٹل بنا کر کاروبار کر سکے۔ ایسے افراد کے لیے یہ نمائش جائیداد کے حصول کا ایک بہترین موقع ہے۔‘

ایکسپو میں سرمایہ کاری کے خواہش مند افراد کو جدہ، مکہ، مدینہ اور پاکستان کے مختلف منصوبوں کی ویڈیوز بھی دکھائی جا رہی ہیں تاکہ وہ منصوبوں کے مقامات اور دیگر تفصیلات سے آگاہ ہو کر سرمایہ کاری سے متعلق فیصلہ کر سکیں۔

نمائش میں پاکستان اور سعودی عرب کے معروف سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں نے اپنے منصوبوں، ممکنہ کاروباری شراکت داری اور سرمایہ کاری کے لیے دستیاب سرکاری سہولتوں پر تبادلہ خیال کیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت