عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں: بلاول بھٹو کا سیاسی مفاہمت پر زور

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کرکے عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے (سکرین گریب/پی پی پی/ایکس)

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو کہا ہے کہ وہ عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں اور ملک میں سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کرکے سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نظام کی اصلاح اور پارلیمان کی بحالی کے لیے سیاسی انتقامی کارروائیاں ختم کرنا ہوں گی۔ اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے کے لیے انتخابی دھاندلی کی شکایات دور کرنا اور ماضی کی زیادتیوں کا نیک نیتی سے ازالہ کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مولانا فضل الرحمٰن جیسے سینیئر سیاست دان کی تنقید برداشت کرنی چاہیے۔ اپوزیشن کا کام حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی اور اس پر تنقید کرنا ہے۔ اگر حکومت کو اپوزیشن کی تنقید پسند نہیں آتی تو جمہوریت میں اس کا فیصلہ عوام انتخابات کے ذریعے کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تقریر کا جواب تقریر سے دیا جانا چاہیے، نیب اور گرفتاریوں سے نہیں۔ سیاسی اختلاف کا جواب احتسابی اداروں کے ذریعے دینے سے پارلیمانی نظام پر اعتماد متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کو تجاوزات قرار دے کر کارروائی کرنا نظام کی ناکامی ہے۔ حکومت کو مولانا فضل الرحمٰن کے سوالات کا جواب دینا چاہیے اور کم از کم ان کا احترام بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کل تک حکومت کے اتحادی تھے اور ان کے کردار اور سیاسی خدمات کا احترام کیا جانا چاہیے۔ پی ڈی ایم کی جدوجہد میں مولانا فضل الرحمٰن کے کردار کے بغیر آج حکمران اقتدار میں نہ ہوتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمان پر اعتماد بحال کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ پی ٹی آئی اور عمران خان کا اعتماد بھی بحال کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کا سیاسی اسٹیک ہولڈر اور سیاسی حقیقت ہے۔ پسند ہو یا نہ ہو، پی ٹی آئی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ پارلیمانی نظام چلانے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لیے سیاسی مفاہمت ضروری ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ بھارت، افغانستان اور ایران سمیت خطے کی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کو اندرونی طور پر مضبوط ہونا ہوگا اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلے اپنا گھر درست کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے انتخابی اعتراضات کو سنجیدگی سے حل کرنے اور گذشتہ انتخابات پر اٹھائے گئے اعتراضات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انتخابی دھاندلی کا تصور پاکستان میں نیا نہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خلاف بھی دھاندلی کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی شکایات کے ازالے کے لیے اصلاحات ضروری ہیں۔ ماضی کی زیادتیوں کا نیک نیتی سے ازالہ کرکے اپوزیشن کا اعتماد جلد بحال کیا جا سکتا ہے اور اس سے پارلیمانی نظام بھی فعال ہو سکے گا۔

مخصوص نشستوں کے معاملے پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن کو مخصوص نشستوں سے محروم کرکے ان کی جگہ حکومتی بینچوں پر بٹھانا جمہوریت نہیں۔ سوال یہ ہے کہ اپوزیشن کی مخصوص نشستیں ختم کرکے حکومتی نشستوں پر قبضہ کرنے سے کون سا نظام چلایا جا رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایک نہیں بلکہ دو مرتبہ آئینی ترمیم کی گئی اور اب تیسری ترمیم پر غور ہو رہا ہے۔ جو مخصوص نشستیں حکمران جماعتوں کی نہیں ہیں، انہیں حاصل کرنے کے لیے بار بار آئینی ترامیم کی جا رہی ہیں۔

26ویں آئینی ترمیم کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس کی منظوری کے لیے انہوں نے دن رات محنت کی تھی۔ یہ ترمیم مکمل سیاسی اتفاق رائے کے بجائے بھاری اکثریتی رضامندی سے منظور کرائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں مولانا فضل الرحمٰن کے ذریعے اپوزیشن کی تجاویز اور مؤقف کو شامل کیا گیا تھا۔ مولانا فضل الرحمٰن کو اس ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے اجازت دی گئی تھی اور اس کی منظوری کے لیے باہمی سیاسی رضامندی موجود تھی۔

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست