وزیر دفاع خواجہ آصف نے اتوار کو ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے جاری مشاورت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور انہیں توقع ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اس معاملے پر اتفاق رائے سامنے آ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ عمل کامیاب رہا تو پاکستان کا سیاسی منظرنامہ بتدریج تبدیل ہو گا اور نئے سال میں ایک نیا نظام بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
اتوار کو جیو نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ انہیں اس معاملے میں کوئی اندرونی معلومات تو نہیں، تاہم ان کے ذاتی تجزیے کے مطابق گذشتہ کئی ہفتوں سے ہونے والی مشاورت نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق رائے کی سمت میں جا رہی ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
انہوں نے کہا ’اتفاق رائے پیدا کیا جا رہا ہے‘ اور اس عمل کو حتمی شکل دینے میں زیادہ وقت نہیں لگنا چاہیے۔
گذشتہ دنوں وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں نئے صوبوں پر ریفرنڈم کی بات کی تھی، جس کے بعد انہوں نے جمعرات کو نواب شاہ میں صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی۔
اس ملاقات نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا کہ دونوں رہنماؤں نے نئے صوبوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ تاہم ایوان صدر نے ان قیاس آرائیوں کر رد کر دیا۔
بعد ازاں صدر آصف علی زرداری لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملے، جس پر میڈیا میں رپورٹ ہوا کہ دونوں متفق ہیں کہ نئے صوبوں کے قیام یا ریفرنڈم سے متعلق فیصلہ کرتے ہوئے پارلیمان کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
خواجہ آصف نے انٹریو کے دوران کہا کہ حالیہ ہفتوں میں ہونے والی ملاقاتوں اور مشاورت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور یہ عمل اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔
وزیر دفاع کے مطابق ان کے خیال میں نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق رائے ہونے اور اس پر عمل درآمد کی صورت میں ملک کا سیاسی منظرنامہ ’بہت مثبت انداز میں تبدیل ہو گا۔‘
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئے سال میں نیا نظام سامنے آ سکتا ہے۔ ان کے بقول 2026 ختم ہونے سے پہلے اس مجوزہ نظام کی کوئی نہ کوئی شکل سامنے آ جائے گی۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ اس معاملے پر اتفاق رائے کے لیے چاروں صوبوں کی قیادت کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، خواہ ان کی جماعتیں اس وقت پارلیمان میں نمائندگی رکھتی ہوں یا نہیں۔
انہوں نے کہا نئے صوبوں کے قیام کو کسی جماعت یا رہنما کے لیے سیاسی خطرے کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے کیونکہ سیاسی سوچ اور حالات مستقل نہیں رہتے بلکہ وقت کے ساتھ تبدیل ہوتے ہیں۔
ان کے مطابق نئے انتظامی یونٹس کا قیام کسی کی سیاست کے لیے خطرہ نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔
ان کے بقول پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے تحفظات بھی چند ماہ میں اتفاق رائے میں تبدیل کیے جا سکتے ہیں اور اس حوالے سے ہونے والی ملاقاتوں میں مثبت پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ اس معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے کون سا طریقہ اختیار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا ’میں کئی سال سے کہہ رہا ہوں کہ ملک میں ایک مضبوط مقامی حکومتوں کا نظام ہونا چاہیے۔ ہم آخر کب تک اس سے گریز کرتے رہیں گے؟‘
خواجہ آصف نے کہا اگر 18ویں آئینی ترمیم کی روح کے مطابق مقامی حکومتوں سے متعلق اقدامات کیے جاتے تو ان کے اثرات اب تک سامنے آ چکے ہوتے۔
ان کے بقول ماضی میں آئینی تبدیلیوں کے دوران بڑے فیصلوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ایسی کوشش نہیں کی گئی، تاہم اب تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی طریقہ کار سے متعلق انہیں مکمل معلومات نہیں، تاہم آئینی معاملات کی تشریح کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
خواجہ آصف نے اس معاملے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کو بھی مزاحمت نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نئے صوبوں کے قیام پر کوئی بنیادی اعتراض نہیں ہونا چاہیے اور اگر وہ مجوزہ نظام پر آمادہ ہو جاتے ہیں یا اس حوالے سے کوئی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اس سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیے قومی سیاست میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کا موقع پیدا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا ’اگر وہ اس پر اتفاق کرتے ہیں، یا ان کا کوئی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو سیاسی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد انہیں مرکزی دھارے کی سیاست میں واپس آنے کا موقع مل سکتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نئے صوبوں کے معاملے پر پی پی پی کا مؤقف خاص طور پر سندھ کی تقسیم کے حوالے سے اب تک سخت رہا ہے۔
سندھ اسمبلی پہلے ہی صوبے کی تقسیم کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کر چکی ہے، جسے پی پی پی اپنے مؤقف کی بنیاد قرار دیتی ہے۔
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی صوبے کو مزید چھوٹی اکائیوں میں تقسیم کرنے کی مخالفت کر چکے ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر متعلقہ علاقوں کے عوام چاہیں تو پیپلز پارٹی کو ملک کے دوسرے حصوں میں نئے صوبوں کے قیام پر اعتراض نہیں۔
اس حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ سندھ سمیت کسی بھی صوبے کے تحفظات کو منفی انداز میں نہیں دیکھا جانا چاہیے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کو گنجائش فراہم کی جائے گی۔
وزیر دفاع اس سے قبل یہ مؤقف بھی اختیار کر چکے ہیں کہ انتظامی ضروریات کو بنیاد بنایا جائے تو پاکستان میں صوبوں کی تعداد 12 تک ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ایسے چھوٹے انتظامی یونٹس کی ضرورت ہے جو عوام کو زیادہ مؤثر انداز میں سرکاری خدمات فراہم کر سکیں۔
تاہم مسلم لیگ (ن) نے تاحال اس معاملے پر باضابطہ پالیسی پیش نہیں کی اور کہا کہ معاملہ پارلیمان میں آنے پر اپنا مؤقف سامنے رکھے گی۔