پشاور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق، گذشتہ سال جنوری میں لاپتہ ہونے والے روسی شہری کے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس سمیت متعلقہ حکام کو 14 دن میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ مبینہ طور پر لاپتہ روسی شہری کا موبائل نمبر پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کیا جائے تاکہ ان کی کال ریکارڈ ڈیٹیلز (سی ڈی آر) نکالی جا سکیں۔
عدالتی حکم نامے میں پولیس کو حکم دیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر لاپتہ روسی شہری کے خیبر پختونخوا میں داخلے کی تفصیل بھی عدالت کو فراہم کی جائے۔
روسی شہری مبینہ طور پر کیسے لاپتہ ہوئے؟
اسلام آباد میں مقیم روسی وکیل کریسٹینا پیٹروچینکینا نے 20 سالہ روسی شہری علی گیلوگائیو کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ علی 30 جنوری کو اسلام آباد پہنچے تھے اور پھر خیبر پختونخوا کی جانب گئے تھے، لیکن اس کے بعد وہ لاپتہ ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ کے وکیل محسن فاروق، جنہوں نے درخواست جمع کرانے میں معاونت کی ہے، نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 20 سالہ مبینہ طور پر لاپتہ روسی شہری روس میں طالب علم ہیں اور پاکستان سیر و تفریح کے ویزے پر آئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد آنے کے بعد انہوں نے یہاں کے ایک مقامی ہوٹل میں قیام کیا تھا اور ہوٹل نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
محسن فاروق نے بتایا، ’اسلام آباد پہنچنے کے بعد روسی شہری نے روس میں اپنے بھائی سے رابطہ کرکے بتایا تھا کہ وہ پشاور اپنے دوستوں سے ملنے جا رہے ہیں، لیکن اس کے بعد وہ مبینہ طور پر لاپتہ ہیں۔‘
کیا اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ وہ پشاور پہنچے تھے؟ اس حوالے سے محسن فاروق نے بتایا کہ ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوئی کہ وہ پشاور پہنچے تھے یا نہیں، لیکن آخری گفتگو میں انہوں نے اپنے بھائی کو پشاور جانے کے بارے میں بتایا تھا۔
محسن فاروق نے بتایا کہ اس حوالے سے گذشتہ سال اسلام آباد کے مسنگ پرسنز کمیشن میں بھی درخواست دائر کی گئی تھی، لیکن چونکہ روسی شہری کے پاس پاکستانی کارڈ نہیں ہے، اس لیے کمیشن نے اس کیس کی سماعت سے معذرت کر لی تھی۔
محسن فاروق نے بتایا کہ یہی وجہ تھی کہ مبینہ طور پر لاپتہ روسی شہری کے بھائی نے اسلام آباد میں ایک وکیل کو پاور آف اٹارنی دے کر پشاور ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کی ہے۔
پولیس کیا کہتی ہے؟
پشاور ہائی کورٹ نے اس حوالے سے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو تفتیش کا حکم دیا ہے، تاہم ابھی تک پشاور پولیس کے پاس اس حوالے سے کوئی ٹھوس معلومات موجود نہیں ہیں۔
پشاور آئی جی دفتر کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ چونکہ عدالت نے گذشتہ روز ہی سی ٹی ڈی اور پولیس سے سی ڈی آر اور دیگر رپورٹیں طلب کی ہیں، اس لیے ابھی تک اس حوالے سے کوئی مخصوص معلومات موجود نہیں ہیں، تاہم پولیس اس معاملے کی تفتیش کرے گی۔