خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی سرن وادی میں 13 ہزار فٹ سے بلند ’موسیٰ مصلیٰ ٹاپ‘ سے واپسی پر 29 اگست کو لاپتہ ہونے والے برطانوی شہری ایلیکس کی تلاش تاحال جاری ہے۔
ضلعی پولیس سربراہ (ڈی پی او) مانسہرہ محمد اظہر خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ایلیکس ’موسیٰ مصلیٰ ٹاپ‘ پر ٹریکنگ کے بعد واپسی کے دوران لاپتہ ہوئے، تاہم اب تک ان کا سراغ نہیں مل سکا۔
ان کے مطابق، ’ٹریکر موسیٰ مصلیٰ ٹاپ سے واپسی پر لاپتہ ہوئے ہیں اور ان کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے، جس کی براہ راست نگرانی کی جا رہی ہے۔‘
مانسہرہ پولیس کے مطابق ایلیکس کی تلاش کے لیے مانسہرہ پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کے اضافی افسران و اہلکار مختلف ٹیموں کی صورت میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور جنگلات میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق سرچ ٹیمیں مختلف ممکنہ راستوں، پہاڑی مقامات اور جنگلات میں مسلسل تلاش کر رہی ہیں، جبکہ بالاکوٹ اور شنکیاری پولیس بھی اپنے اپنے علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دشوار گزار جغرافیہ، گھنے جنگلات اور نامساعد موسمی حالات کے باعث سرچ ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم متعلقہ اداروں کے اہلکار مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں۔
’موسیٰ مصلیٰ ٹاپ‘ کہاں واقع ہے؟
کے ٹو کلائمبرز نامی تنظیم کے مطابق ’موسیٰ مصلیٰ ٹاپ‘ مانسہرہ کی سرن وادی میں واقع 13 ہزار فٹ سے بلند پہاڑی چوٹی ہے۔
تنظیم کے مطابق مقامی لوگوں کا خیال ہے کہ چوٹی کا نام موسیٰ نامی ایک چرواہے کے نام پر رکھا گیا جو وہاں جا کر نماز پڑھتے تھے، جبکہ چوٹی کی شکل مصلے جیسی ہونے کی وجہ سے اسے ’موسیٰ کا مصلہ‘ بھی کہا جاتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تنظیم کے مطابق مقامی لوگ اس چوٹی کو مقدس بھی سمجھتے ہیں کیونکہ ماضی میں چرواہے یہاں جا کر عبادت کیا کرتے تھے۔
ایلیکس کون ہیں؟
اسلام آباد میں قائم ’مارگلہ ٹریل رنرز‘ کمیونٹی نے فیس بک پر ایلیکس کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی باحفاظت واپسی کے منتظر ہیں۔
کمیونٹی کے مطابق ایلیکس تجربہ کار ٹریل رنر اور اس کے خاموش رکن ہیں جنہیں پہاڑوں سے عشق ہے۔
کراچی میں مقیم صحافی حنین امین، جو ایلیکس کو جانتے ہیں، نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ایلیکس اسلام آباد میں مقیم اور ٹریکنگ کے شوقین ہیں۔
انہوں نے بتایا، ’ایلیکس اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی گارمنٹ کمپنی کے ساتھ ملازمت کرتے ہیں اور ملازمت کے ساتھ ساتھ ٹریکنگ ان کا مشغلہ ہے۔‘