ای سی او اجلاس: پاکستان کا علاقائی تعاون بڑھانے پر زور

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی دو روزہ اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار 16 نومبر، 2026 کو اسلام آباد میں ای سی او اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں (پی ٹی وی سکرین گریب)

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو کہا کہ جنوبی، وسطیٰ اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع خطے کو اپنی جغرافیائی اہمیت کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنا ہو گا۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت پاکستان کر رہا ہے، جس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، اعلیٰ حکام اور وفود شریک ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی پیر کی صبح اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔

ای سی او کے نائب سیکریٹری جنرل احمد سعید مرود زادہ، ترکی کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کولاکلیکایا، ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ بابر مسعودووچ عثمانوف اور تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سمیت کئی دیگر اعلیٰ عہدے دار بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

ڈار نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ علاقائی تعاون خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔

اس موقعے پر انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور دستیاب معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنائیں۔

ڈار کے مطابق پاکستان ای سی او کے چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے لیے پُرعزم ہے اور بانی رکن کی حیثیت سے علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا خودمختاری کی برابری، باہمی احترام، ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون وہ بنیادی اصول ہیں جو تنظیم کے رکن ممالک کی رہنمائی کرتے ہیں۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے کو اہم منڈیوں، قدرتی وسائل اور تجارت کی تاریخی بنیادوں کے باعث منفرد جغرافیائی برتری حاصل ہے، تاہم اصل ضرورت اس برتری کو عملی اقتصادی روابط اور مشترکہ معاشی فوائد میں تبدیل کرنے کی ہے۔

انہوں نے کہا موجودہ دور میں جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں نے علاقائی تعاون کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔

رکن ممالک کو درپیش بیشتر چیلنجز قومی سرحدوں تک محدود نہیں، اس لیے ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی، قریبی رابطہ کاری اور اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔

ڈار کے مطابق علاقائی تعاون کی بحالی کا مطلب نئے سرے سے سب کچھ شروع کرنا نہیں بلکہ پہلے سے قائم بنیادوں کو مضبوط بنانا اور ماضی میں کیے گئے وعدوں کو نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کی مضبوطی کا انحصار صرف موجودہ چیلنجز سے نمٹنے پر نہیں بلکہ مستقبل کے مسائل کے لیے پیشگی تیاری اور مضبوط شراکت داریاں قائم کرنے پر بھی ہے۔

2026 سے 2035 تک اقتصادی تعاون کے اہداف

اجلاس کے اہم نکات میں ای سی او کے اقتصادی تعاون کے سٹریٹجک اہداف 2026 سے 2035 کو حتمی شکل دینا بھی شامل ہے۔

ڈار نے کہا کہ ان اہداف کی تیاری کے لیے ہونے والی پیش رفت نے تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل کی سمت متعین کرنے میں مدد دی ہے۔

’اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پیش رفت کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے تاکہ اقتصادی روابط مضبوط ہوں اور خطے کے عوام کو دیرپا فوائد حاصل ہوں۔‘

انہوں نے بتایا کہ نومبر 2025 میں ای سی او کے وزرائے تجارت کے منظور کردہ روڈ میپ علاقائی تجارتی انتظامات کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم بنیاد فراہم کرتا ہے۔

ان کے مطابق رواں سال ستمبر میں نیویارک میں ہونے والے ای سی او کونسل کے غیر رسمی اجلاس میں بھی رکن ممالک نے گہرے اقتصادی انضمام اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا تھا۔

ڈار نے کہا کہ رواں سال مختلف وزارتی اور شعبہ جاتی اجلاسوں کے ذریعے اہم شعبوں میں تعاون کا تسلسل برقرار رہا ہے، تاہم اب ان کوششوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنا ترجیح ہونی چاہیے۔

اقتصادی تعاون تنظیم کیا ہے اور اس کی اہمیت کیا ہے؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ای سی او ایک علاقائی بین الحکومتی تنظیم ہے، جس کا بنیادی مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

سادہ الفاظ میں اس تنظیم کے قیام کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تجارت کو آسان بنانا، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا، توانائی کے وسائل سے مشترکہ فائدہ اٹھانا اور سڑکوں، ریلوے سمیت دیگر ذرائع سے علاقائی رابطوں کو بہتر بنانا ہے۔

تنظیم میں جنوبی، مغربی اور وسطی ایشیا کے ممالک شامل ہیں۔

ان میں کئی ایسے ممالک بھی ہیں جنہیں سمندر تک براہ راست رسائی حاصل نہیں، اس لیے علاقائی ٹرانسپورٹ اور تجارتی راستوں کی بہتری ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

ای سی او کے مجموعی طور پر 10 رکن ممالک ہیں، جن میں پاکستان، ایران، ترکیہ، افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔

یہ ممالک جغرافیائی اعتبار سے جنوبی، مغربی اور وسطی ایشیا کے اہم حصوں پر مشتمل ہیں اور قدرتی وسائل، توانائی، تجارتی راستوں اور علاقائی منڈیوں کے حوالے سے نمایاں اہمیت رکھتے ہیں۔

پاکستان کے لیے ای سی او کی اہمیت اس کے جغرافیائی محل وقوع کے باعث بھی خصوصی ہے، کیونکہ وہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے درمیان تجارتی رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان