پاکستان کی سربراہی میں ای سی او کا اجلاس اسلام آباد میں جاری

دو روزہ اجلاس میں علاقائی رابطوں کے فروغ، تجارتی شراکت داری مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 15 نومبر، 2026 کو اسلام آباد میں ای سی او کے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے (دفتر خارجہ)

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اتوار کو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا دو روزہ اجلاس شروع ہو گیا جس میں علاقائی رابطوں کے فروغ، تجارتی شراکت داری مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔

ای سی او کے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔

اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان، تنظیم کے سیکریٹریٹ اور اس کے ذیلی اداروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

ایران، ترکی اور پاکستان نے 1964 میں علاقائی تعاون برائے ترقی (آر سی ڈی) کے نام سے اس تنظیم کی بنیاد رکھی تھی، جس کا نام 1985 میں تبدیل کرکے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) رکھ دیا گیا۔

1990 کی دہائی میں اس تنظیم کو وسعت دی گئی اور افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان بھی اس کے رکن بن گئے۔

تنظیم کا مقصد خطے میں پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا اور رکن ممالک کی مشترکہ خوشحالی اور فلاح و بہبود کو مضبوط بنانا ہے۔

دفتر خارجہ نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا ’پاکستان کی صدارت کا محور علاقائی روابط کو مضبوط بنانا اور علاقائی انضمام کو گہرا کرنا ہوگا تاکہ علاقائی شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے اور زیادہ خوشحالی، پائیدار ترقی اور ایک مربوط و مستحکم ای سی او خطے کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔‘

دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس ای سی او کے کردار کو ایک مؤثر علاقائی تعاون، مکالمے اور اقتصادی اشتراک کے پلیٹ فارم کے طور پر دوبارہ فعال بنانے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس بین الحکومتی اتحاد کی صدارت پاکستان کو خود کو علاقائی روابط کے مرکز، رسد کی ترسیل کے سلسلوں میں سہولت کار اور علاقائی تجارت کے لیے ترجیحات طے کرنے والے ملک کے طور پر پیش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا ’یہ کوششیں خطے کی وسیع اقتصادی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے اور اس بات کو یقینی بنانے میں مدد دیں گی کہ علاقائی تعاون کے ثمرات ای سی او کے رکن ممالک کے عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری کی صورت میں سامنے آئیں۔‘

پاکستان اپنی تزویراتی جغرافیائی اہمیت کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک اہم تجارتی اور راہداری مرکز کے طور پر اپنی حیثیت مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ خشکی میں گھرے وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کی جا سکے۔

اسی مقصد کے تحت 2024 میں پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوروں، سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت اور اقتصادی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسلام آباد دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرض دہندگان پر انحصار کم کرنے اور اس کے بجائے خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت اور روابط کے شعبوں میں منافع بخش شراکت داریوں کے قیام کی کوشش کر رہا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا