ایک انڈین ارب پتی کے بنائے گئے 700 پاؤنڈ مالیت کے جسم پر پہنے جانے والے آلے، جو دماغ تک خون کے بہاؤ پر نظر رکھنے کا دعویٰ کرتا ہے، کو ڈاکٹروں کی جانب سے چیلنج کیا جا رہا ہے جن کا کہنا ہے کہ آلے کی صلاحیتوں کو ماہرین کی نظرثانی شدہ تحقیق کی تائید حاصل نہیں ہے۔
یہ تنازع ٹیمپل نامی اس آلے کے لیے یکم نومبر کو پیشگی آرڈرز کھلنے کے بعد سامنے آیا ہے، جسے اس کے بنانے والے دیپندر گوئل، فٹنس اور تندرستی پر نظر رکھنے والا آلہ قرار دیتے ہیں، نہ کہ کوئی طبی آلہ۔ انڈین ڈاکٹروں نے سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دماغ تک خون کے بہاؤ پر نظر رکھنے سے متعلق آلے کے دعوے مبالغہ آمیز ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
ٹیمپل کے تشہیری مواد میں کہا گیا کہ اس کا برین فلو فیچر حقیقی وقت میں دکھاتا ہے کہ دماغ کو خون کتنی اچھی طرح فراہم ہو رہا ہے اور اس کا اینٹروپی فیچر، جو ایک سے 250 تک کا سکور ہے، یہ ظاہر کرتا ہے کہ جسم حرارت خارج کرنے کے لیے کتنی محنت کر رہا ہے۔
اس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ یہ آلہ حرارتی، مدافعتی، ہاضمے، دماغی اور جذباتی ریڈنگز لے سکتا ہے۔
ٹیمپل بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ آلے کا مقصد صارفین کو دنوں اور ہفتوں کے دوران یہ دکھانا ہے کہ ورزش، نیند، بیٹھنے یا کھڑے ہونے کے انداز، مراقبہ اور کیفین دماغ تک خون کے بہاؤ کو کس طرح متاثر کرتے ہیں اور ان کے جسم پر کتنا دباؤ ہے، بجائے اس کے کہ ہسپتال کے ٹیسٹ کی طرح صرف ایک ہی ریڈنگ دی جائے۔
کلینکس میں فی الحال دماغ میں خون کے بہاؤ کی پیمائش ٹرانس کرینیئل ڈوپلر، جو دماغ کی ایک بڑی شریان میں خون کی رفتار ناپنے کی الٹراساؤنڈ تکنیک ہے، اور ایم آر آئی پر مبنی سکینز جیسے طریقوں سے کی جاتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ایروبک ورزش اور ٹھنڈک کا سامنا کرنے سے برین فلو بڑھتا ہے اور طویل دیر تک بیٹھے رہنے اور جسم میں پانی کی کمی سے کم ہو جاتا ہے۔
دیپندر گوئل کے مطابق اینٹروپی ہر سیکنڈ اپ ڈیٹ ہوتا ہے اور کم نمبروں کا مطلب زیادہ گہرا آرام ہے۔ کمپنی کے مطابق جسم پر پہنا جانے والا یہ آلہ کوئی طبی آلہ نہیں ہے اور یہ کسی بھی بیماری کی تشخیص یا علاج نہیں کر سکتا۔
Temple is an ambitious project. The team is delusional enough to think we can build this. And we will. Here's what we are building. Join the ride. https://t.co/fPZSISAr6V
— Deepinder Goyal (@deepigoyal) November 6, 2026
دیپندر گوئل اس آلے کو اس تصور سے جوڑتے ہیں جسے وہ گریویٹی ایجنگ ہائپوتھیسس یعنی کشش ثقل کے باعث بڑھاپے کا مفروضہ کہتے ہیں، یعنی یہ خیال کہ کشش ثقل خون کو جسم کے نچلے حصے کی طرف کھینچتی ہے، اس لیے دماغ کو خون فراہم کرنے کے لیے دل کو اس کے خلاف کام کرنا پڑتا ہے، جو ان کے بقول وقت کے ساتھ بڑھاپے اور ذہنی صلاحیتوں میں کمی کا باعث بن سکتا ہے، تاہم یہ مفروضہ بڑھاپے کی کوئی مسلمہ وضاحت نہیں ہے۔
ٹیمپل کی چوڑائی ایک انچ سے کم ہے، اس کا وزن دو گرام سے کم ہے اور یہ ماتھے اور کان کے درمیان سر کے پہلو پر چپک جاتا ہے۔ ٹیمپل بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا تازہ ترین ورژن ابتدائی نمونوں کے حجم کے نصف سے بھی کم ہے اور دیپندر گوئل اسے حجم کے لحاظ سے مارکیٹ میں موجود جسم پر پہنا جانے والا سب سے چھوٹا آلہ قرار دیتے ہیں۔
اس آلے کی قیمت 85 ہزار انڈین روپے (700 پاؤنڈ) ہے اور یہ چھ رنگوں میں دستیاب ہے۔ پیشگی آرڈرز کھلنے کے تقریباً تین ماہ کے اندر اس کی ترسیل متوقع ہے اور مبینہ طور پر انڈیا کے کرکٹ کپتان شبھمن گل اور اولمپک تمغہ جیتنے والی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اسے پہلے ہی پہن رہے ہیں۔
امراض جگر کے ماہر سیریاک فلپس، جو ایکس پر دی لیور ڈاک کے نام سے پوسٹ کرتے ہیں، نے ٹیمپل کو ’صحت کے شعبے کا سب سے بڑا فراڈ‘ قرار دیا۔
ڈاکٹر فلپس نے روئٹرز کو بتایا: ’لوگوں کو تندرستی کے ایسے طریقوں جیسا کہ جسم پر پہنے جانے والے آلات، سے بھی ہوشیار رہنا چاہیے، چاہے ان کی تشہیر صحت کے آلات کے طور پر نہ کی جا رہی ہو۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بچوں اور گردوں کے امراض کے ماہر سنجیو بگئی نے پرائم ٹائم ٹیلی ویژن کے ایک مباحثے میں ٹیمپل کو محض ایک ’شعبدہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ’کوئی باضابطہ منظوری یا اجازت حاصل نہیں ہے۔‘ ڈاکٹر اس آلے کو طبی نگران اداروں کے دائرہ کار میں لانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایک اور انڈین ڈاکٹر جیسن فلپ نے ایکس پر لکھا کہ دماغ تک خون کے بہاؤ کا اندازہ لگانا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنپٹی کی جلد پر لگائے گئے بصری سگنلز صرف ’سطحی ٹمپورل شریان‘ کے بارے میں ہی ڈیٹا دیں گے جو چہرے اور جلد کو خون فراہم کرتی ہے۔
دیپندر گوئل نے کہا کہ ٹیمپل ایک ’فٹنس ٹریکر اور تندرستی کا آلہ‘ ہے، نہ کہ کوئی طبی آلہ۔
انہوں نے ڈاکٹروں کے نام ایک کھلے خط میں لکھا، جو پانچ نومبر کو ایکس پر پوسٹ کیا گیا تھا، کہ ’اگر ٹیمپل کوئی فراڈ ہوتا، اور ہماری کہی ہوئی کوئی بھی بات سچ نہ ہوتی، تو لوگوں کو ٹیمپل کے استعمال کے محض چند دنوں میں ہی اس کا علم ہو جاتا۔‘
انہوں نے 14 دن کی واپسی کی پالیسی کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ٹیمپل کی تیاری پر تقریباً دو کروڑ 30 لاکھ پاؤنڈ لاگت آئی ہے، جس میں سے ایک کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ ان کی اپنی رقم تھی۔
انہوں نے ٹیمپل کا موازنہ جسم پر پہنے جانے والے آلات بنانے والی کمپنی ووپ سے بھی کیا، اور کہا کہ اس نے 2015 میں اپنا بینڈ فروخت کے لیے پیش کرنے کے برسوں بعد اپنا پہلا تصدیقی مطالعہ شائع کیا تھا، اور لکھا کہ پری پرنٹس یعنی ایسے تحقیقی مقالے جن پر ابھی ماہرین نے باضابطہ نظرثانی نہیں کی ہے، ’جلد آ رہے ہیں‘۔
برین فلو پر دو پری پرنٹس پہلے ہی سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں سے ایک، جو میڈ آرکائیو پر شائع ہوا ہے، 23 صحت مند بالغ افراد میں ٹیمپل کا موازنہ ٹرانس کرینیئل ڈوپلر الٹراساؤنڈ سے کرتا ہے اور تقریباً 0.8 کی باہمی مطابقت کی اطلاع دیتا ہے، جب کہ اس آلے کو ایک نسبتی اشاریہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر مزید مطالعات کا مطالبہ کرتا ہے کہ آیا یہ سگنل خاص طور پر دماغ ہی سے متعلق ہے۔
دوسرا پری پرنٹ، جو بائیو آرکائیو پر شائع ہوا ہے، 44 صحت مند نوجوان مردوں کے ساتھ 60 سیشنز پر مشتمل تھا اور اسے ٹیمپل نے ہی ڈیزائن کیا، مالی معاونت فراہم کی اور چلایا تھا، جب کہ اس کے کئی مصنفین کمپنی کے ملازم تھے۔ اس میں کہا گیا کہ جلد اور جسم کے باقی حصوں کے اثرات کو مسترد کرنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
روئٹرز کو دیے گئے ایک بیان میں ٹیمپل بنانے والی کمپنی نے کہا کہ برین فلو اور اینٹروپی نئے پیمانے ہیں ’جن کے پیچھے ابھرتی ہوئی سائنس موجود ہے‘، اس پر مزید تحقیق کی جائے گی، اور ان کے کچھ پیمانوں کو بالآخر نگران اداروں کی منظوری کی ضرورت ہو گی۔
یہ بحث ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دیگر مقامات پر بھی جسم پر پہنے جانے والے آلات بنانے والی کمپنیوں کو اس سوال کا سامنا ہے کہ فٹنس کا کوئی فیچر کب ایک طبی فیچر بن جاتا ہے۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ایپل واچ کے کچھ فیچرز، جیسا کہ ہائی بلڈ پریشر کی اطلاع دینے والے فیچر کو طبی سافٹ ویئر کے طور پر منظور کیا ہے اور ووپ کو خبردار کیا ہے کہ اس کا بلڈ پریشر فیچر ایک طبی فیچر جیسا لگتا ہے، جس سے کمپنی اختلاف کرتی ہے۔
43 سالہ دیپندرگوئل کھانے کی ترسیل کرنے والی کمپنی زومیٹو کی بنیادی کمپنی ایٹرنل کے شریک بانی ہیں اور انہوں نے ٹیمپل پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے رواں سال چیف ایگزیکٹیو کے عہدے سے استعفی دے دیا۔ ایٹرنل کی مارکیٹ مالیت 26 ارب پاؤنڈ ہے۔
ٹیمپل نے فروری میں 14 کروڑ 40 لاکھ پاؤنڈ کی مجموعی مالیت کے تخمینے پر تقریباً 4 کروڑ 10 لاکھ پاؤنڈ اکٹھے کیے اور اوٹاوا یونیورسٹی اور ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسرز کو اپنے مشاورتی بورڈ میں شامل کیا۔
دیپندر گوئل نے دعویٰ کیا کہ کمپنی نے یکم نومبر سے اب تک 62 سے زیادہ ممالک سے آرڈرز بک کیے ہیں۔
© The Independent