پاکستان اور خراب موسم نے سری لنکا کو فتح سے محروم کر دیا، پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا

پہلے سیشن میں چار وکٹیں حاصل کرنے کے بعد سری لنکا کو فتح کی امید نظر آنے لگی تھی۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 13 نومبر، 2026 کو سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز کے اختتام پر کھلاڑی مل رہے ہیں ( اے ایف پی)

سعود شکیل کی شاندار بیٹنگ اور خراب موسم کی مدد سے پاکستان نے سری لنکا کی فتح کی کوشش ناکام بنا دی اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جمعے کو راولپنڈی میں پانچویں اور آخری روز ڈرا پر ختم ہو گیا۔

راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں روز پہلے سیشن میں چار وکٹیں حاصل کرنے کے بعد سری لنکا کو فتح کی امید نظر آنے لگی تھی جب کھانے کے وقفے پر پاکستان کا سکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز تھا اور اسے 139 رنز کی برتری حاصل تھی۔

 تاہم سعود شکیل نے 97 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر میزبان ٹیم کو بچا لیا اور پاکستان نے آٹھ وکٹوں پر 284 رنز بنا کر مجموعی برتری 272 رنز تک پہنچا دی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

پہلی اننگز میں 93 رنز بنانے والے شکیل ایک بار پھر سنچری مکمل کرنے سے محروم رہے اور لاہیرو کمارا کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے مصافحہ کر کے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

 سعود شکیل کی 210 گیندوں پر مشتمل اس اننگز میں سات چوکے شامل تھے۔

کھانے کے وقفے سے قبل کم روشنی کے باعث 20 منٹ کے مختصر تعطل سے پاکستان کو فائدہ پہنچا، جس کے بعد سعود شکیل اور غازی غوری (35 رنز) نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 92 رنز جوڑ کر سری لنکن بولرز کو دباؤ میں رکھا۔

 سری لنکا کی جانب سے میلن رتھنائیکا 47 رنز دے کر تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 35 رنز کے عوض دو اور کمارا نے 65 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹیسٹ کے ابتدائی چاروں دنوں کے آخری سیشنز کم روشنی سے متاثر رہے اور مقررہ 360 اوورز میں سے 117 اوورز کا کھیل ضائع ہوا، جس کے باعث میچ کا حتمی نتیجہ نکلنا مشکل ہو گیا۔

سری لنکا نے چوتھے روز اپنی مضبوط پوزیشن اس وقت گنوا دی جب پاکستان کے 434 رنز نو کھلاڑی آؤٹ ڈکلیئر کے جواب میں اس کی آخری وکٹیں تیزی سے گریں اور پوری ٹیم 446 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے چار کھلاڑیوں میں شامل فاسٹ بولر ثاقب خان نے 130 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیمیں اب منگل سے اسی میدان پر شروع ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں فیصلہ کن نتیجے کے لیے میدان میں اتریں گی۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم نے اپنے بلے بازوں کی کارکردگی کو سراہا۔

بابر اعظم نے کہا ’ہر کوئی توقع کر رہا تھا کہ پچ مشکل ہو گی، اور میں اپنے اوپنرز کو کریڈٹ دیتا ہوں کہ انہوں نے پچ کو بہترین انداز میں سمجھا اور ہمیں اچھا آغاز فراہم کیا۔‘

 انہوں نے سری لنکن ٹیم کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے مزید کہا:  ’ثاقب کی شاندار بولنگ سے قبل جس طرح دھننجایا ڈی سلوا اور کوسل مینڈس نے شراکت داری قائم کی، ہمیں انہیں بھی کریڈٹ دینا چاہیے۔‘

سری لنکن کپتان کوسل نے کہا کہ پہلے روز کی ناقص بولنگ انہیں مہنگی پڑی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا: ’ہم نے اچھا ٹاس جیتا لیکن پہلے سیشن میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے، اور یہیں سے ہمیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔ تاہم مجموعی طور پر میں خوش ہوں۔‘

صبح کے سیشن میں بابر اعظم فاسٹ بولر رتھنائیکا کی گیند پر شارٹ سکوائر لیگ پر کھڑے فیلڈر کو 34 رنز کے انفرادی سکور پر آسان کیچ دے بیٹھے۔

سلمان آغا بھی رتھنائیکا کی گیند پر اسی انداز میں 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس سے پاکستان 125 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہو گیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے دن کی پہلی ہی گیند پر کامیابی حاصل کی جب کمارا نے پاکستان کے گذشتہ روز کے مجموعی سکور 57 پر اذان اویس کو 22 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

اگلے ہی اوور میں فرنینڈو نے محمد طہٰ کو 24 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کروا کر سکور 57 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ کر دیا۔

سری لنکا کے پاس بابر اعظم کو 22 رنز پر آؤٹ کرنے کا سنہری موقع تھا، لیکن کامندو مینڈس نے فرنینڈو کی گیند پر ایک آسان کیچ گرا دیا، تاہم پاکستانی کپتان اس موقع سے بڑا فائدہ نہ اٹھا سکے۔

بابر اعظم نے چھ چوکے لگائے اور آؤٹ ہونے سے قبل سعود شکیل کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز کا اضافہ کیا۔

اب دونوں ٹیموں کی نظریں آئندہ ہفتے منگل کو شروع ہونے والے دوسرے اور آخری معرکے پر مرکوز ہیں جہاں فیصلہ ہو گا کہ ٹرافی کس کے نام ہوگی۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ