راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان نے سات وکٹیں حاصل کر کے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی شاندار واپسی کروائی، جب کہ سری لنکا پہلی اننگز میں 12 رنز کی برتری ہی حاصل کر پایا۔
میچ کے چوتھے روز ثاقب خان نے 130 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں اور ابر آلود موسم کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی خطرناک سوئنگ بولنگ سے ڈیڑھ گھنٹے کے اندر ہی سری لنکا کو 446 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ مہمان ٹیم نے اپنی آخری چھ وکٹیں محض 42 رنز پر گنوا دیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
ثاقب خان نے ریویو کے ذریعے اسیتھا فرنینڈو کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا، جس کے ساتھ ہی وکٹ کیپر غازی غوری نے اپنا چھٹا کیچ پکڑا اور یوں 31 سالہ فاسٹ بولر محمد نذیر، محمد زاہد اور ابرار احمد کے بعد پاکستان کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کی ایک اننگز میں سات وکٹیں حاصل کرنے والے محض چوتھے بولر بن گئے۔
فرنینڈو نے پاکستان کے چار ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں سے ایک طیب عارف کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، جس کے بعد پاکستان نے لنچ تک دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 39 رنز بنا کر مجموعی طور پر 27 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ اذان اویس 16 اور محمد طحہ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وہ سبز پچ جس پر دوسرے دن سری لنکا کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا، سازگار موسم ملتے ہی اچانک بولرز کے لیے مددگار ثابت ہوئی اور چوتھے دن کے پہلے ہی سیشن میں سات وکٹیں گر گئیں۔
چوتھے دن کی صبح مسلسل آٹھ اوورز کے اپنے شاندار سپیل میں ثاقب نے 25 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، جب کہ اس سے قبل سری لنکا نے سینچریاں سکور کرنے والے دھننجایا ڈی سلوا اور کپتان کوشل مینڈس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز کے مضبوط سکور سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تھی۔
ثاقب نے صبح کی پانچویں ہی گیند پر ڈی سلوا کے بلے کا باہری کنارہ تلاش کر کے 249 رنز کی شراکت توڑ دی، جو اپنے گذشتہ روز کے 167 رنز میں مزید کوئی اضافہ نہ کر سکے۔
سعود شکیل، جنہوں نے تیسرے دن 38 رنز پر ڈی سلوا کا کیچ چھوڑ دیا تھا، نے ایک بار پھر مینڈس کا ایک نیچا کیچ گرا دیا، تاہم دو گیندوں بعد ہی غوری نے ثاقب کی آف سٹمپ سے باہر کی خطرناک گیند پر ڈائیو لگا کر ایک اور شاندار کیچ پکڑا اور سری لنکن کپتان کی 119 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔
اپنے پچھلے پانچ ٹیسٹ میچوں میں پہلے ہی تین سنچریاں اور دو نصف سنچریاں سکور کرنے والے سری لنکا کے ابھرتے ہوئے سٹار سونل ڈینوشا 20 رنز بنا کر ثاقب کی گیند پر ایک لمبا ڈرائیو شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سلپ میں کیچ دے بیٹھے، جس کے ساتھ ہی اس فاسٹ بولر نے اپنی پانچ وکٹیں مکمل ہونے پر میدان کو چوما۔
میلان رتھنائیکے نے رضا اللہ کی گیند پر پل شاٹ کھیل کر چوکا لگاتے ہوئے پاکستان کی پہلی اننگز کے نو وکٹوں پر 434 رنز ڈکلیئر کے سکور کو عبور کر لیا، جس کے بعد ثاقب نے مزید دو وکٹیں حاصل کیں اور رضا اللہ (140 رنز کے عوض ایک وکٹ) نے رتھنائیکے کو ڈیپ فائن لیگ پر کیچ آؤٹ کرا کے پاکستان کے لیے اس شاندار صبح کا شاندار انداز میں اختتام کر دیا۔