ٹرمپ کو ایک اور دھچکا: مسی سپی میں 140 سال بعد پہلے سیاہ فام سینیٹر منتخب

43 سالہ سکاٹ کولم کا رپبلکن پارٹی کی موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ سمتھ کو شکست دے کر ان کی نشسست جیت لینا وسط مدتی الیکشن کا غیر معمولی واقعہ ہے۔

ڈسٹرکٹ اٹارنی اور مسی سپی سے امریکی سینیٹ کے امیدوار سکاٹ کولم چار نومبر، 2026 کو جیکسن میں انتخابی مقابلے کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے گفتگو کر رہے ہیں (اے ایف پی)

امریکی ٹی وی نیٹ ورکس کی جانب سے بدھ کو کی گئی پیش گوئی کے مطابق تاریخی اپ سیٹ میں ڈیموکریٹ سکاٹ کولم نے روایتی طور پر قدامت پسند ریاست مسی سپی میں امریکی سینیٹ کا الیکشن جیت لیا ہے، جس کے بعد وہ 140 سال سے زائد عرصے میں اس جنوبی ریاست سے ایوان کے لیے منتخب ہونے والے پہلے افریقی امریکی بن گئے ہیں۔

43 سالہ ڈسٹرکٹ اٹارنی سکاٹ کولم نے رپبلکن پارٹی کی موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ سمتھ کو ایک ایسے موقع پر شکست دی، جو شاید پہلے سے ہی ایک غیر معمولی امریکی وسط مدتی الیکشن میں نشست چھیننے کا سب سے غیر معمولی واقعہ ہے، جس میں ڈیموکریٹس نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے رپبلکنز کو بری طرح شکست دی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔

امریکہ کے انتہائی جنوبی حصے میں سکاٹ کولم کی جیت سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حیران کن ہزیمت میں مزید اضافہ ہوا ہے، کیوں کہ ملک بھر کے ووٹروں نے ان کی رپبلکن پارٹی کو مسترد کر دیا ہے، یہاں تک کہ ان ریاستوں میں بھی جنہوں نے دہائیوں سے کسی ڈیموکریٹ کو واشنگٹن نہیں بھیجا تھا۔

سی این این، این بی سی اور سی بی ایس سمیت امریکی خبر رساں اداروں کی جانب سے بدھ کو اعلان کردہ اس تازہ ترین جیت کے بعد 100 رکنی سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی 55 نشستیں ہو جائیں گی، جب کہ رپبلکنز کی 44 نشستیں ہوں گی اور ایک مقابلہ، جو ریاست الاسکا میں ہے، ابھی باقی ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

وسط مدتی انتخابات کے نتائج 80 سالہ ٹرمپ کے لیے ایک ذاتی ہزیمت ثابت ہوئے کیونکہ ڈیموکریٹک لہر رپبلکن گڑھ پر چھا گئی، جس نے انہیں ان کی مدت کے باقی دو سالوں کے لیے ایک بے اختیار صدر بنا کر رکھ دیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کانگریس کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے پاس جانا امریکی سیاست پر ٹرمپ کی مضبوط گرفت کے خاتمے کا اشارہ ہے اور اس سے ڈیموکریٹس کو قانون سازی روکنے، ان کی انتظامیہ کی تحقیقات کرنے اور ان کی تقرریوں کو ناکام بنانے کا اختیار مل گیا ہے۔

اب مسی سپی کو ملا کر، ڈیموکریٹس نے سینیٹ کی ان آٹھ نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے جو رپبلکنز کے پاس تھیں اور ساؤتھ کیرولائنا، نارتھ کیرولائنا، آئیووا، کنساس، اوہائیو، ٹیکساس اور مین میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں سے کئی نشستوں پر دہائیوں سے ایک ہی پارٹی کا قبضہ تھا۔

2018 سے عہدے پر فائز ہائیڈ سمتھ نے ایکس پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں الیکشن میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔

67 سالہ سینیٹر نے کہا: ’اگرچہ یہ وہ نتیجہ نہیں ہے جس کے لیے ہم نے کام کیا تھا یا جس کی ہم نے امید کی تھی، تاہم میں مسی سپی کے ووٹروں کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔

 ’میں سکاٹ کولم کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں کیوں کہ وہ ہماری عظیم ریاست کی نمائندگی کی بھاری ذمہ داری سنبھالنے جا رہے ہیں۔‘

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

کٹر رپبلکن ریاست مسی سپی میں مقابلہ آخری لمحے تک سنسنی خیز رہا، جو کہ ان بہت سے مبصرین کے لیے حیران کن تھا، جنہیں ٹرمپ کی سخت امیگریشن پالیسی، ایران میں جنگ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بڑھتے ہوئے غصے کے باعث ابھرنے والی ڈیموکریٹک پارٹی کی نیلی لہر کی شدت پر شک تھا۔

الیکشن کی رات کے آٹھ دن بعد، سی این این نے بدھ کو کولم کی جیت کا اعلان کیا، جب کہ تقریباً 99 فیصد ووٹ گنے جا چکے تھے اور ڈیموکریٹ امیدوار ہائیڈ سمتھ کے 48.7 فیصد کے مقابلے میں 49.2 فیصد ووٹ لے کر آگے تھے، جو کہ 4585 ووٹوں کا فرق بنتا ہے۔

پیش گوئیاں سامنے آنے کے بعد، امریکی سینیٹ کے اعلیٰ ڈیموکریٹ چک شومر نے ایکس پر اعلان کیا: ’بلیو مسی سپی آ گیا ہے۔ سکاٹ کولم واحد شخص ہیں جو یہ کام کر سکتے تھے۔ میں ان سے ملنے کے پہلے لمحے سے ہی یہ جانتا تھا‘۔

کولم تقریباً 40 سالوں میں مسی سپی کے پہلے ڈیموکریٹک سینیٹر اور خانہ جنگی کے بعد دورِ تعمیر نو (ری کنسٹرکشن دور) سے لے کر اب تک اس ریاست کے پہلے سیاہ فام سینیٹر بننے جا رہے ہیں۔

مسی سپی میں سخت انتخابی مقابلے کی صورت میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی لازمی قرار دینے کا کوئی قانون نہیں ہے۔ تاہم، اطلاعات ہیں کہ دونوں امیدواروں کی قانونی ٹیمیں ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیاریاں تیز کر رہی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ