امریکہ میں سابق فوجیوں کے دن پر آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں مقدس مقبرے کے قریب ہنسنے اور باتیں کرنے پر، ایک امریکی فوجی گارڈ کو وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور ان کے گروپ کی بلند آواز میں سرزنش کرتے دیکھا گیا ہے۔
امریکی نیٹ ورکس اور سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویٹرنز ڈے کی تقریب جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شرکت کی تھی، کے بعد بدھ کوپیٹ ہیگستھ اور ان کا گروپ، جس میں مبینہ طور پر ان کے سینیئر مشیر شامل تھے، گمنام فوجی کے مقبرے پر تصاویر بنانے کے لیے جمع ہوئے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
ہنسی اور باتوں کی آوازیں سنے جانے کے بعد امریکی فوج کے ایک گارڈ نے اونچی آواز میں پکارا: ’تمام لوگ ہر وقت خاموشی اور احترام کا ماحول برقرار رکھیں گے۔‘
گمنام فوجی کا مقبرہ ان امریکی فوجیوں کا ایک مقدس مدفن ہے، جو پہلی عالمی جنگ، دوسری عالمی جنگ اور کوریا کی جنگ کے دوران مارے گئے تھے۔
اس میں ویت نام جنگ کے ایک فوجی کے لیے ایک خالی قبر بھی موجود ہے، جو اپنے ملک کی خدمت کرتے ہوئے جان کی بازی ہارنے والے لاپتہ فوجیوں کے اعزاز میں بنائی گئی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے مقبرے کے قریب سیڑھیوں پر پیٹ ہیگستھ کے ساتھ تصاویر بنانے والے گروپ کی شناخت ان کی اہلیہ جینیفر، چیف آف سٹاف رکی بوریا، ڈپٹی چیف آف سٹاف پیٹرک ویور اور سینیئر مشیر ٹامی ریڈابا کے طور پر کی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پینٹاگون کے چیف ترجمان شان پارنیل نے این بی سی نیوز کو بتایا کہ پیٹ ہیگستھ اور ان کا محکمہ فوج کی قربانیوں کا ’ہمیشہ احترام کرتے آئے ہیں۔‘
شان پارنیل نے کہا: ’اس پروقار دن کی یاد منانے کے دوران، ایک فوجی نے بالکل درست اور باوقار انداز میں سب کو آداب کا خیال رکھنے کی یاد دہانی کروائی۔‘
ڈیموکریٹس نے امریکی فوج کے ایک مقدس دن پر وزیر دفاع کی اس فاش غلطی پر فوری ردعمل کا اظہار کیا۔
وسکونسن کی کانگریس وومن گوین مور نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’پیٹ ہیگستھ مسلسل یہ ثابت کر رہے ہیں کہ وہ اپنے عہدے کے لیے بالکل نااہل ہیں۔ مواخذے سے بال بال بچنے کے ایک دن بعد ہی، انہوں نے گمنام فوجی کے مقبرے کے تقدس کو پامال کر کے ہماری مسلح افواج کے مرد و خواتین کے لیے اپنی حقارت کا اظہار کیا ہے۔‘