امریکہ میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے ) نے ملک بھر میں فلائٹ آپریشنز تقریباً پانچ گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد جمعے کی شب اس کی بحالی کا اعلان کر دیا، جس کی وجہ فضائی ٹریفک کنٹرول نظام میں شامل کی جانے والی ’نئی ٹیکنالوجی‘ بتائی جا رہی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ فضائی ٹریفک کنٹرول نظام میں شامل کی جانے والی نئی ٹیکنالوجی نے پرانے نظاموں پر ضرورت سے زیادہ بوجھ ڈال دیا، جس کے باعث مواصلاتی نظام اور ریڈار میں ’وقفے وقفے سے‘ تعطل پیدا ہوا۔
اس کے نتیجے میں گذشتہ 25 برسوں کے دوران ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روکنے کا طویل ترین حکم جاری کیا گیا۔
یہ پابندی جمعے کی رات تقریباً پانچ گھنٹے بعد ختم کی گئی۔ اس دوران امریکہ کے بیشتر ایئرپورٹس سے پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں تھی۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق ملک میں تمام پروازیں ’غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات‘ کی بنا پر عارضی طور پر روکی گئیں، جسے گراؤنڈ سٹاپ کہا جاتا ہے۔
اس اقدام سے سے وسیع و عریض ملک بھر میں سفر کے شعبے میں افراتفری پھیل گئی اور ملک بھر میں تمام پروازیں روکے جانے کے باعث سینکڑوں پروازوں کا رخ موڑنا پڑا۔
ایف اے اے کے مطابق ادارے کی جانب سے مواصلاتی مسائل کے باعث عائد ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ اٹھائے جانے کے بعد طیاروں کی روانگی دوبارہ شروع ہو سکتی ہے، تاہم مسافروں کو پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ جنوری 2023 کے بعد پہلا ہے، جب ایف اے اے کے ایک اہم کمپیوٹر سسٹم میں خلل پیدا ہوا تھا اور 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد یہ دوسرا موقع تھا۔
فی الحال سائبر حملے کا کوئی اشارہ نہیں ملا: ہوم لینڈ سکیورٹی وزیر
ملک کے اعلیٰ ترین ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر مارک وین ملن نے اس مسئلے کی وجہ مواصلاتی نظام میں تعطل کو قرار دیا اور کہا کہ اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ مواصلاتی نظام کی اس ناکامی کا تعلق کسی سائبر حملے سے تھا۔
وین ملن نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ ابھی تک اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ ’یہ ہمارے خلاف کوئی مذموم حملہ تھا۔ فی الحال یہ محض مواصلاتی نظام کا تعطل ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہر کوئی محفوظ ہے۔ اگر آپ کے پیارے فضائی سفر کر رہے ہیں تو ان کے بارے میں پریشان ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔‘
وین ملن نے مزید کہا کہ تفتیش کار اس بات کا جائزہ لیں گے کہ آیا اس کا تعلق مسائل کی نشاندہی کرنے اور طیاروں کے راستے تبدیل کرنے میں مدد دینے والے ایف اے اے کے نئے مصنوعی ذہانت کے نظام کے ملک گیر نفاذ سے ہے یا نہیں۔ لیکن یہ سسٹم واشنگٹن ڈی سی کے قریب ایک ہی مقام سے کام کرتا ہے اور صرف ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کو سفارشات بھیجتا ہے۔
گذشتہ سال کانگریس کی جانب سے اس منصوبے کے لیے ساڑھے 12 ارب ڈالر کی منظوری کے بعد سے حکومت اس فرسودہ ٹیکنالوجی کو مکمل طور پر تبدیل کرنے پر کام کر رہی ہے جس پر ایئر ٹریفک کنٹرولرز انحصار کرتے ہیں۔ میلوں لمبی پرانی تانبے کی تاروں کو فائبر آپٹک لائنوں سے تبدیل کر دیا گیا ہے اور ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر پرانے ریڈیو سسٹمز کو بتدریج تبدیل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا کہ ادارہ مواصلات کے اس مسئلے کی تحقیقات کر رہا ہے، جس نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں کے درمیان دوران پرواز طیاروں کی رہنمائی کرنے والے 22 علاقائی ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کو متاثر کیا۔
ہوا بازی کے تجزیاتی ادارے سیریم کے مطابق امریکی مشرقی وقت کے مطابق شام سات بج کر پانچ منٹ تک 670 پروازوں کو واپس اسی ایئرپورٹ پر بھیج دیا گیا، جہاں سے انہوں نے اڑان بھری تھی، جب کہ 157 پروازوں کا رخ کسی دوسرے ایئرپورٹ کی طرف موڑا گیا۔
جن ایئرپورٹس پر زیادہ تر پروازوں کا رخ موڑا گیا، ان میں واشنگٹن ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ، سنسناٹی/ناردرن کینٹکی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور نیش ول انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل تھے۔
امریکی مشرقی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے کے بعد امریکہ کے ہوائی اڈوں سے تقریباً 11 ہزار پروازیں روانہ ہونا طے تھیں، جن میں 15 لاکھ سے زیادہ مسافر سوار تھے، جس سے مزید پروازوں کی منسوخی اور ان کا رخ موڑے جانے کا امکان بڑھ گیا۔
مسافروں کو پریشانی، کارگو میں تاخیر
جمعے کی سہ پہر شکاگو اوہیئر ایئرپورٹ پر سکیورٹی سے گزرنے والے مسافروں کو گراؤنڈ سٹاپ کا علم اس وقت ہوا جب انہوں نے سکرینوں پر نظر ڈالی جن پر ہر طرف پروازوں میں تاخیر دکھائی جا رہی تھی۔
کچھ مسافروں نے دوستوں یا اہل خانہ کو فون کیے اور اس بات پر غور و خوض کرتے رہے کہ آیا رات شکاگو میں قیام کیا جائے یا اپنی منزلوں تک پہنچنے کا کوئی اور راستہ تلاش کیا جائے۔
27 سالہ ایمبر میک کوئلکن ایک بینچ پر بیٹھی مایوس ہو رہی تھیں کہ شاید وہ دوستوں کے ساتھ لیگ آف لیجنڈز کے عالمی فائنل کے لیے نیویارک جانے کا سفر کھو دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے دوست پہلے ہی وہاں پہنچ چکے تھے۔
اس سفر کے لیے ایک ہفتے کی چھٹی لینے والی سیئٹل کی سافٹ ویئر انجینیئر نے کہا کہ ’مجھے واقعی کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
’میں نے سوچا کہ بس پرواز چھوڑ کر گاڑی چلا کر چلی جاؤں، لیکن پھر جتنا میں نے اس بارے میں سوچا، مجھے اتنا ہی لگا کہ یہ بہت تکلیف دہ ہو گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آسٹن کرٹس اور ان کی اہلیہ شکاگو میں قیام کے دوران تاخیر کا شکار ہونے کے بعد ساؤتھ بینڈ، انڈیانا سے ڈینور میں ایک دوست کے بے بی شاور کی تقریب میں جانے کے اپنے سفر پر نظرثانی کر رہے تھے۔
وہ اوہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ڈینور جانے والی پرواز میں سوار ہو چکے تھے جب انہیں طیارے سے اترنے کو کہا گیا۔
کرٹس نے کہا: ’ہم نے انہیں اپنے اور دیگر طیاروں سے سامان اتارتے ہوئے دیکھا تھا، اس لیے ہم اندازہ لگا رہے ہیں کہ یہ خاصی طویل تاخیر ہونے والی ہے۔‘
انہیں یقین نہیں تھا کہ ہوٹل کا کمرہ لیں یا ہوائی اڈے پر ہی تاخیر ختم ہونے کا انتظار کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھر پر ان کے دو چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال کا انتظام پہلے سے موجود ہونے کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ وہ ویک اینڈ شکاگو میں ہی گزاریں۔
گراؤنڈ سٹاپ کے باعث کھیلوں کی ٹیمیں پھنس گئیں۔ این بی اے، این ایچ ایل اور کالج کی ٹیمیں اپنی منزلوں تک پہنچنے کی کوشش میں پھنس کر رہ گئیں۔ دریں اثنا، این ایف ایل کی ٹیمیں اس سوچ میں پڑ گئیں کہ آیا یہ مسئلہ اس ویک اینڈ پر ہونے والے ان کے میچوں کے سفر کے لیے بروقت حل ہو جائے گا یا نہیں۔
دوسری جانب کارگو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
دنیا کی سب سے بڑی کارگو ایئر لائن فیڈ ایکس نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ تعطل کو کم سے کم رکھنے کے لیے ہنگامی منصوبوں کو فعال کرنے کے لیے تیار ہے۔
ہوا بازی کی صنعت کے تجارتی گروپ ایئر لائنز فار امریکہ کے مطابق امریکی ایئر لائنز روزانہ 220 سے زیادہ ممالک کو اور وہاں سے خطوط سے لے کر پارسلز تک تقریباً 61 ہزار ٹن سامان منتقل کرتی ہیں۔