جاپان میں سوشل میڈیا پر ایک عجیب و غریب رجحان سامنے آیا ہے جس کے تحت بچے پولیس سٹیشنوں پر پہنچ کر ’شورینجی‘ کا نعرہ لگاتے ہیں اور وہاں سے بھاگ جاتے ہیں۔
بعض واقعات میں وہ کھڑکیوں کے شیشے توڑنے، پٹاخے پھینکنے اور ہنگامی پولیس نمبر پر جعلی کالیں کرنے میں بھی ملوث ہیں۔
بظاہر سکول کے بچوں کی شرارت دکھائی دینے والا یہ عمل ٹک ٹاک اور یوٹیوب کے ذریعے پورے ملک میں پھیل چکا ہے، جس میں کم عمر بچے بھی تیزی سے شامل ہو رہے ہیں۔
پولیس کو اس نقل پر مبنی رویے پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
’شورینجی ریسنگ‘ کے نام سے مشہور اس رجحان میں بچے پولیس اہلکاروں کو اشتعال دلانے والے اقدامات کی ویڈیوز بناتے اور انہیں آن لائن شیئر کرتے ہیں۔
اس میں شریک بچے محلے کی پولیس چوکیوں، جنہیں جاپان میں ’کوبان‘ کہا جاتا ہے، کے قریب پہنچتے ہیں، ’شورینجی جا!‘ (یہ شورینجی ہے!) کا نعرہ لگاتے ہیں اور پھر تیزی سے وہاں سے فرار ہو جاتے ہیں۔
بعض بچے عوامی ٹیلی فون سے جاپان کے ہنگامی پولیس نمبر 110 پر کال کرتے ہیں، نعرہ لگاتے ہیں اور فون بند کر دیتے ہیں۔
جاپان ٹائمز کے مطابق کچھ بچے اس سے بھی آگے بڑھ گئے ہیں اور غیر موجود اہلکاروں والی پولیس چوکیوں میں داخل ہو کر شیشے کے دروازوں کو لاتیں مار کر توڑنے، اندر پٹاخے پھینکنے اور جگہ جگہ جوس پھینکنے جیسے اقدامات کر چکے ہیں۔
اس مسئلے کی شدت خاص طور پر اوساکا اور اس کے پڑوسی صوبے ہیوگو میں سامنے آئی ہے، جہاں درجنوں بچوں کو حراست میں لیا گیا یا پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی۔
اوساکا پولیس نے ستمبر اور اکتوبر میں اس نوعیت کے تقریباً 250 واقعات ریکارڈ کیے اور سات سے 16 سال کی عمر کے 43 بچوں کے خلاف کارروائی کی۔
کانسائی ٹیلی ویژن کے مطابق رواں ماہ یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 50 ہو گئی، جن میں حراست میں لیے جانے والوں میں سات سالہ پرائمری اسکول کا ایک طالب علم بھی شامل تھا۔
ہیوگو میں ستمبر کے اواخر سے 20 اکتوبر کے درمیان پرائمری اسکول کے ابتدائی درجوں کے بچوں سے لے کر نوعمر لڑکوں تک تقریباً 25 بچوں کو حراست میں لیا گیا یا پولیس نے تنبیہ کی۔
گذشتہ ماہ پولیس نے ہنگامی نمبر 110 پر 40 سے زیادہ غیر ضروری کالیں اور پولیس چوکیوں کے اندر ہنگامہ آرائی کے سات واقعات ریکارڈ کیے۔
وسطی جاپان کے صوبے آئچی میں پولیس نے ستمبر کے دوران صرف آٹھ دن میں اس رجحان سے متعلق 157 واقعات ریکارڈ کیے جبکہ صوبے تویاما میں پانچ نوعمر لڑکوں کو ہنگامی نمبر 110 پر غیر ضروری کالیں کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا یا پولیس نے انہیں تنبیہ کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس رویے کو ’سنگین مجرمانہ کارروائیوں‘ کے طور پر لے گی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
حکام نے خبردار کیا کہ اسے محض ’شرارت‘ سمجھ کر نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
تویاما پولیس نے خبردار کیا کہ ہنگامی نمبر پر جعلی کالوں کے باعث ان اہلکاروں کی بروقت کارروائی میں تاخیر ہو سکتی ہے جنہیں حقیقی معنوں میں مدد کے لیے بلایا گیا ہو اور اس کے نتیجے میں لوگوں کی جان بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
اساہی براڈکاسٹنگ کے مطابق ہیوگو پولیس کو بعض بچوں نے بتایا کہ انہوں نے یہ حرکت ’اچانک دل میں خیال آنے پر‘ کی جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایسی پوسٹس دیکھ کر ان کی نقل کی یا اس لیے حصہ لیا کیونکہ ’یہ انہیں مزے دار لگا‘۔
’شورینجی‘ نام نے ان لوگوں کو بھی حیران کر رکھا ہے جن کی جانب بظاہر اس کا حوالہ دیا جا رہا ہے۔
یہ جاپانی زبان میں شاولین مندر کا نام ہے، جو چین میں واقع وہ خانقاہ ہے جو مارشل آرٹس کی روایت کے حوالے سے مشہور ہے۔
اس نام کا تعلق شورینجی کینپو سے بھی ہے، جو ایک جاپانی فن حرب ہے اور اسے دوشین سو نے 1947 میں متعارف کروایا تھا۔
تاہم شورینجی کینپو کی تنظیم کا اس وائرل شرارت سے کوئی تعلق نہیں اور اس کا کہنا ہے کہ اسے بھی معلوم نہیں کہ اس کا نام اس مقصد کے لیے کیوں استعمال کیا جا رہا ہے۔
صوبہ کاگاوا میں قائم کونگو زین سوہونزان شورینجی کے ایک نمائندے نے شوئیشا آن لائن کو بتایا ’ان شرارتوں پر مبنی سرگرمیوں سے ہمارا قطعی کوئی تعلق نہیں۔‘
اس رجحان کی ابتدا بھی تاحال ایک معمہ ہے، تاہم ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان حرکتوں کی ویڈیوز موسم گرما میں سوشل میڈیا پر گردش کرنا شروع ہوئی تھیں، جس کے بعد یہ رویہ جاپان بھر کے نوعمر بچوں میں پھیل گیا۔
یہ قیاس بھی کیا گیا ہے کہ اس رجحان کا آغاز ایسے نوجوانوں کے گروہوں نے کیا جو آن لائن لوگوں کا ردعمل حاصل کرنے کے لیے اشتعال انگیزی کرنا چاہتے تھے۔
تاہم اب تک یہ معلوم کرنا مشکل رہا ہے کہ اس خیال کا آغاز کس نے کیا اور اس کے لیے ’شورینجی‘ کا لفظ ہی کیوں منتخب کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس رجحان کے ہیش ٹیگ کے تحت اب ایسی ویڈیوز بھی سامنے آ رہی ہیں جنہیں لاکھوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ بعض ویڈیوز کو 10 لاکھ سے زیادہ بار بھی دیکھا گیا۔
یہاں تک کہ یوٹیوب پر اپ لوڈ ہونے والی ٹیلی ویژن خبروں کی فوٹیج کی بھی نقل کی گئی ہے۔ پولیس کو بعض بچوں نے بتایا کہ وہ صرف ان ویڈیوز کی نقل کر رہے تھے جو انہوں نے اس پلیٹ فارم پر دیکھیں۔
کانسائی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے نیگاتا سیرِیو یونیورسٹی کے گریجویٹ سکول کے پروفیسر اور کم عمر افراد میں جرائم کے رجحانات کے ماہر ماساشی اوسُوئی نے کہا ’سوشل میڈیا کی وجہ سے کہیں زیادہ لوگ یہ ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں اور بعض بچوں کے لیے یہ توجہ حاصل کرنا انتہائی پُرکشش ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا ’غالباً بچے یہ نہیں سمجھتے کہ وہ کوئی مجرمانہ حرکت کر رہے ہیں۔ ان کا خیال ہوتا ہے کہ اگر باقی سب ایسا کر رہے ہیں تو وہ بھی کر سکتے ہیں۔
’کسی مقبول رجحان میں سب سے آگے ہونے کا احساس انہیں حقیقی طور پر اطمینان دے سکتا ہے۔‘
ٹک ٹاک نے ’شورینجی‘ اور ’پولیس ٹیگ‘ سمیت بعض کلیدی الفاظ کو ایسے مواد کی نگرانی کے معیار میں شامل کر لیا ہے اور اپنے مواد کے جائزے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا عمل تیز کر دیا ہے۔
یومیوری شمبن سے گفتگو کرتے ہوئے ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے کہا ’ایسے رویے جن سے پولیس یا دیگر حکام کے کام میں رکاوٹ پیدا ہو یا جو کسی جرم کا سبب بن سکتے ہوں، ان کی اجازت نہیں۔‘
ترجمان نے مزید کہا ’ہم اپنے مواد کے جائزے کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ ایسے رویوں کی حوصلہ افزائی یا ان کی نقل کو روکا جا سکے اور اس حوالے سے آگاہی بڑھائی جا سکے۔‘