پاکستان کے آٹھ نوجوانوں کو سماجی شعبے میں خدمات کے اعتراف میں ڈیانا ایوارڈ برائے 2026 سے نوازا گیا ہے۔
ان نوجوانوں کے اقدامات میں پولیو کی روک تھام، لڑکیوں کی تعلیم سے لے کر قانونی معاونت، آفات کے بعد بحالی اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔
ڈیانا ایوارڈ کی چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر ٹیسی اوجو نے 4 نومبر کو ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے ناموں کے اعلان کے موقعے پر جاری بیان میں کہا: ’ہمیں دنیا بھر سے اس سال ڈیانا ایوارڈ حاصل کرنے والے نوجوانوں کو سراہنے پر بے حد فخر ہے۔‘
انہوں نے کہا: ’دنیا کے بعض سنگین ترین مسائل سے نمٹنے کے لیے ان کی ہمت، ہمدردی اور عزم اس بات کی ایک طاقتور یاد دہانی ہے کہ نوجوان آج کے دور میں تبدیلی لانے والے ہیں۔‘
1999 میں شہزادی ڈیانا کی یاد میں قائم کیا گیا یہ ایوارڈ سماجی سرگرمیوں اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کو دیا جاتا ہے۔
اس ایوارڈ کی سرپرستی شہزادی ڈیانا کے صاحبزادے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کرتے ہیں اور اس سال 44 ممالک کے 198 نوجوانوں کو اس اعزاز سے نوازا گیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں 24 سالہ پاکستانی سارہ علی بھی شامل ہیں، جو پاکستان پولیو پروجیکٹ کی بانی ہیں۔ یہ منصوبہ ویکسین سے متعلق غلط معلومات کا تدارک کرنے، حفاظتی ٹیکوں پر عوام کا اعتماد بڑھانے اور طبی عملے کے صفِ اول کے کارکنوں کی معاونت کے لیے کام کرتا ہے۔
ڈیانا ایوارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق: ’کمیونٹی کی سطح پر رابطوں کے ذریعے سارہ نے 100 سے زائد رضاکاروں کو خاندانوں میں آگاہی پیدا کرنے، حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت اجاگر کرنے اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششوں میں پیش رفت کے لیے کام کرنے کی ترغیب دی ہے۔‘
ویب سائٹ نے مزید کہا: ’ان کا کام نوجوانوں کو صحت عامہ کے لیے آگاہی مہم کے مرکز میں لاتا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ نوجوانوں کی قیادت اور کمیونٹی میں تعلیم و آگاہی کس طرح بہتر تفہیم پیدا کرنے اور بچوں کو قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔‘
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں جنوبی پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کی 17 سالہ اریبہ سلیمان بھی شامل ہیں، جنہوں نے لڑکیوں کی تعلیم اور قیادت کے مواقع کو فروغ دینے والی طلبہ کی زیر قیادت تنظیم ’شی رائز پاکستان‘ قائم کی۔
ایوارڈ کے منتظمین کے مطابق، رہنمائی، آگاہی مہمات اور کمیونٹی سرگرمیوں کے ذریعے اس منصوبے سے 6,000 سے زائد طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔
ان کا کام پاکستان میں تعلیمی عدم مساوات کے مسئلے سے نمٹنے پر مرکوز ہے، جہاں بالخصوص دیہی اور کم آمدنی والے طبقوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کو غربت، تعلیمی اداروں سے فاصلے اور سماجی پابندیوں سمیت تعلیم کے حصول میں کئی بڑی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
19 سالہ مریم رحمان کو بھی یونیورسٹی آف سڈنی میں قانون اور مالیات کی تعلیم کے دوران ’پرو جسٹس پروجیکٹ‘ قائم کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس منصوبے نے 250 سے زائد رضاکار وکلا کا نیٹ ورک قائم کیا اور پاکستان بھر میں 1,000 سے زائد قانونی مقدمات میں معاونت فراہم کی، بالخصوص ہراسانی، امتیازی سلوک اور انصاف کے حصول میں دیگر رکاوٹوں کا سامنا کرنے والی خواتین کے مقدمات میں۔
دیگر ایوارڈ یافتگان کو آفات سے نمٹنے، صحت کی سہولیات اور معاشی شمولیت کے شعبوں میں کام کرنے پر سراہا گیا۔
16 سالہ محمد ابراہیم نے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے اور تقریباً تین لاکھ خاندانوں کے لیے معاوضے کی منصوبہ بندی میں معاونت کی غرض سے ڈیجیٹل نقشہ سازی اور فیلڈ سروے کیے۔
انہوں نے مری میں تقریباً چار ہزار خاندانوں کو چھتوں پر بارش کا پانی جمع کرنے کے مفت نظام فراہم کرنے میں بھی مدد کی، جس کا مقصد پانی کی قلت کا مسئلہ حل کرنا اور پانی جمع کرنے کی ذمہ داری کم کرنا تھا، بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کے لیے۔
ڈیانا ایوارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق: ’ٹیکنالوجی کو کمیونٹی کی کوششوں کے ساتھ ملا کر ابراہیم لوگوں کو آفات سے بحالی میں مدد دے رہے ہیں جبکہ پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے اور خواتین اور لڑکیوں پر روزانہ پانی جمع کرنے کی ذمہ داری کم کرنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔‘
پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک اور نوجوان 22 سالہ علی اذان احمد منج کو ’ہیومینٹی انیشی ایٹو‘ کے ذریعے کراچی اور دیہی سندھ میں صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے پر اعزاز سے نوازا گیا۔
اس منصوبے کے تحت تین جامعات میں قائم ذیلی شاخوں کے ذریعے ایک ہزار سے زائد طلبہ رضاکاروں کو متحرک کیا گیا اور 10 ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
21 سالہ نور عبدالغنی مشین لرننگ انجینیئر اور مصنوعی ذہانت کی طالبہ ہیں، جنہوں نے لڑکیوں اور خواتین کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دینے کے لیے ’ونسائی پاکستان‘ قائم کیا۔
یہ منصوبہ سکولوں میں آگاہی سرگرمیوں، تعلیمی نشستوں اور وظائف کے حصول سے متعلق رہنمائی فراہم کرتا ہے، بالخصوص ان طالبات کو جنہیں سائنسی تعلیم تک محدود رسائی حاصل ہے۔
دبئی کے نورڈ اینگلیا انٹرنیشنل اسکول کی 17 سالہ طالبہ ریا یاسر خواجہ نے ماہواری سے متعلق معاشرتی بدنامی اور غلط تصورات کو چیلنج کرنے کے لیے ’سیف پروجیکٹ‘ (صفائی اور خواتین کو بااختیار بنانا) قائم کیا۔
کے سی ایس فاؤنڈیشن کے تعاون سے انہوں نے محروم طبقات میں ماہواری کے دوران صفائی کے لیے ضروری اشیا تقسیم کیں اور آگاہی نشستوں کا اہتمام کیا۔
22 سالہ وشال پرکاش کو مالیاتی اور قانونی شعبوں میں شمولیت کو فروغ دینے کے اقدامات پر سراہا گیا۔
ویب سائٹ کے مطابق: ’انہوں نے روبان قائم کیا، جس کے ذریعے کراچی، لاہور اور سندھ بھر میں 200 سے زائد خواتین ہنرمندوں کو باقاعدہ منڈیوں سے منسلک کیا گیا اور ان کے لیے 5 ملین پاکستانی روپے سے زائد کی آمدنی پیدا کی گئی۔‘
ویب سائٹ نے مزید کہا: ’انہوں نے ایمپرینڈے بھی قائم کیا، جو دنیا بھر میں پناہ گزینوں اور تارکین وطن کو مالیاتی اور قانونی معاملات سے متعلق خواندگی کی تربیت فراہم کرتا ہے۔‘
ڈیانا ایوارڈ کے مطابق، اس سال ایوارڈ حاصل کرنے والوں کا انتخاب اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے چار اہداف کے تحت کیے گئے کام کی بنیاد پر کیا گیا، جن میں معیاری تعلیم، اچھی صحت اور فلاح و بہبود، عدم مساوات میں کمی اور موسمیاتی اقدامات شامل ہیں۔
مجموعی طور پر 198 ایوارڈ یافتگان میں سے 65 کو تعلیم، 51 کو صحت اور عدم مساوات، جبکہ 31 کو موسمیاتی اقدامات سے متعلق منصوبوں پر اعزاز دیا گیا۔