پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے سالانہ اجلاس 2026 میں شرکت کے لیے منگل کو ڈیووس، سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشش کریں گے۔
ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس دنیا بھر سے سیاسی رہنماؤں، کاروباری شخصیات، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتا ہے، جہاں وہ عصری جغرافیائی، اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی مسائل پر غور و خوض کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق اس دورے کا ایک اہم حصہ پاکستان سے متعلق ’بزنس راؤنڈ ٹیبل‘ ہے جس کا مشترکہ اہتمام پاکستان اور ورلڈ اکنامک فورم کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اس فورم میں عالمی سطح کی نمایاں کمپنیوں کے رہنما شریک ہوں گے جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے یا اپنی موجودہ سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم کی دورے کے دوران اہم سفارتی اور اقتصادی مصروفیات ہوں گی، وہ مختلف سربراہان مملکت و حکومت اور بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
’اس فورم میں عالمی سطح کی نمایاں کمپنیوں کے رہنما شریک ہوں گے جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے یا اپنی موجودہ سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔‘
پاکستانی وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی سوئٹزرلینڈ کا دورہ کر رہا ہے جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اقتصادی امور احد چیمہ، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر سینیئر حکام شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم کے غیر رسمی اجتماع برائے عالمی اقتصادی قائدین کے سیشن ’منقسم دنیا میں مکالمے کی روح کی بحالی‘ میں بھی شرکت کریں گے۔
اس اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی متعدد عالمی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے ضمنی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم عالمی اور علاقائی امن و ترقی سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی وضاحت کریں گے اور معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کے شعبوں میں حکومت کے وژن اور نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کریں گے۔