پاکستان کی ہاکی ٹیم نے جمعے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو شکست دے کر آٹھ سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ورلڈ کپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔
یہ 2018 کے بعد پہلا موقع ہے جب پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
پاکستان کے محمد عماد نے جاپان کے خلاف میچ کے 9ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو اس وقت برتری دلائی، جب ان کی پہلی شاٹ بچا لی گئی لیکن گیند پوسٹ سے ٹکرا کر دوبارہ ان کے پاس آئی اور انہوں نے ریباؤنڈ پر گول کر دیا۔
تاہم 21ویں منٹ میں جاپان کے کھلاڑی نے اوپن پلے میں عمدہ ڈیفلیکشن کے ذریعے گول کر کے سکور 1-1 سے برابر کر دیا اور اسی سکور پر ہاف ٹائم ہوا۔
دوسرے ہاف میں 35ویں منٹ میں جاپان کو برتری حاصل ہوئی جبکہ 41ویں منٹ میں پاکستانی دفاع کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جاپانی کھلاڑی نے گول کر کے سکور 3-1 کر دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جاپان کو اس وقت دھچکا لگا جب آخری دس منٹ میں ان کے ایک کھلاڑی کو یلو کارڈ ملا۔ پاکستان نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا اور 52ویں منٹ میں ابو محمود نے ڈریگ فلک کے ذریعے گول کر کے خسارہ کم کر دیا۔ 55ویں منٹ میں سفیان خان نے طاقتور ڈریگ فلک کے ذریعے گول کر کے مقابلہ 3-3 کر دیا۔
57ویں منٹ میں افراز نے اوپن پلے میں شاندار ڈیفلیکشن کے ذریعے پاکستان کو 4-3 کی برتری دلا دی۔
میچ کے اختتام سے پہلے جاپان کو پنالٹی سٹروک ملا، مگر پاکستانی گول کیپر علی رضا نے بہترین انداز میں دائیں پاؤں سے گیند روک کر اپنی ٹیم کی شاندار فتح یقینی بنا دی۔
اس طرح پاکستان نے نہ صرف ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا بلکہ کوالیفائرز کے فائنل میں بھی جگہ بنا لی ہے جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔
پاکستان کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ہاکی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے 8 برس بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔