سعودی عرب اور پاکستان میں اقتصادی تعاون کے نئے فریم ورک کا آغاز

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس فریم ورک کے تحت معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی کے مختلف شعبوں میں کئی سٹریٹجک اور کلیدی منصوبوں پر غور کیا جائے گا جو دونوں حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔

ریاض میں پیر کو ہونے والی ملاقات میں سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان ’اقتصادی تعاون کے فریم ورک‘ کے آغاز پر اتفاق کیا۔

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان قائم تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری، اخوت اور اسلامی یکجہتی کے مضبوط رشتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق یہ فریم ورک سعودی عرب اور پاکستان کے مشترکہ اقتصادی مفادات پر مبنی ہے اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کی تجدید کرتا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس فریم ورک کے تحت معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی کے مختلف شعبوں میں کئی اسٹریٹجک اور کلیدی منصوبوں پر غور کیا جائے گا جو دونوں حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔ اس سے نجی شعبے کے کردار میں اضافہ ہو گا اور باہمی تجارتی تبادلے کو فروغ ملے گا۔

ترجیحی شعبوں میں توانائی، صنعت، معدنیات، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ شامل ہیں۔ دونوں فریق اس وقت متعدد مشترکہ اقتصادی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، جن میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بجلی کے تبادلے کے منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط، اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک اور ایم او یو شامل ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ فریم ورک دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ کی کوششوں کا تسلسل ہے اور یہ اس مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے جو پائیدار شراکت داری کے قیام کے لیے مختلف اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں عملی اقدامات کی راہ ہموار کرے گا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ جلد سعودی۔پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ دوطرفہ تعاون کے اس نئے باب کو عملی شکل دی جا سکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا