پاکستان کے سرکردہ ورک سپیس اور کاروباری کمیونٹی پلیٹ فارم ’کولیبز‘ نے سعودی عرب میں خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعلقات بڑھیں گے۔
کولیبز پانچ سال سے بھی کم عرصے میں پاکستان کا بہترین ورک سپیس اور کمیونٹی کو بااختیار بنانے والا پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے، جس نے ملک کے ٹیک اور وینچر کیپیٹل سیکٹرز میں اختراع اور ترقی کے لیے معیار مقرر کیے ہیں۔
کولیبز کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی عرب میں خدمات کا آغاز ایک بڑا اقدام ہے جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعلقات کو نمایاں کرتا ہے۔
کولیبز کے چیف ایگزیکٹیو افسر اور شریک بانی عمر شاہ کے مطابق: ’سعودی عرب میں ہماری توسیع کولیبز کے لیے فیصلہ کن لمحہ ہے کیوں کہ ہم جو کچھ پاکستان میں بنا چکے ہیں، اسے خطے کی سب سے متحرک مارکیٹوں میں سے ایک میں لے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا: ’سعودی عرب کے وژن 2030 نے اختراع اور کاروبار کے فروغ کے لیے حیرت انگیز رفتار پیدا کر دی ہے۔ ہم ریاض کو اپنے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے سفر کے لیے فطری نقطۂ آغاز کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ایک ایسا مرکز جہاں ہم ایکو سسٹم کو جوڑنے، بانیوں کو ملانے اور ایسی برادریوں کی تعمیر میں مدد کر سکتے ہیں، جو دونوں ملکوں کو اکٹھا کریں۔‘
کولیبز نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ وہ سائٹ، جس پر اس وقت کام جاری ہے اور جو آنے والے مہینوں میں کُھلنے والی ہے، کولیبز کی مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ تک توسیع کی حکمت عملی کا پہلا مرحلہ ہے۔ کمپنی نے اضافی سرمایہ کاری بھی حاصل کر لی ہے اور وسیل انویسٹمنٹ کے ساتھ مقامی شراکت داری کو بھی باقاعدہ شکل دی ہے، جو ریاض کی سائٹ قائم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وسیل پارٹنرز کے ڈائریکٹر آف انویسٹمنٹ فیصل الراشد نے کولیبز کے ساتھ شراکت داری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ دو ترقی پذیر ایکو سسٹم کے درمیان ایک پل ہے۔ ہم مل کر زیادہ سے زیادہ پاکستانی سٹارٹ اپس اور کاروباروں کو سعودی عرب لانے میں مدد کریں گے اور سعودی کاروباری افراد کے لیے بھی راستے کھولیں گے جو پاکستان میں صلاحیتوں اور اختراع سے جڑنا چاہتے ہیں۔‘
کولیبز کے بیان کے مطابق سعودی عرب اب مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا سٹارٹ اپ ایکو سسٹم ہے، جس نے 2024 میں دو ارب ڈالر سے زیادہ کی فنڈنگ حاصل کی اور یہ خطے میں ہونے والے تمام کاروباری معاہدوں کے 40 فیصد سے زائد کا حامل ہے۔ کو ورکنگ مارکیٹ کی 2025 تک ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع اور تیزی سے بڑھتے ہوئے کاروباری مرکز کی بدولت ریاض، کولیبز کی ترقی کے اگلے مرحلے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ وسیل پارٹنرز کے ساتھ یہ مقامی شراکت داری کولیبز کے گذشتہ اکتوبر 2024 میں شروق اور وعد وی سی کی قیادت میں فنڈنگ کے دور کے بعد عمل میں آئی ہے۔
شروق کی بانی شراکت دار شین شِن کے بقول: ’اس نئی سرمایہ کاری سے شروق کی جانب سے کولیبز کو تیسری مرتبہ حمایت ہوئی ہے، جو کمپنی کے علاقائی وژن اور اسے عملی جامہ پہنانے کی صلاحیت پر ہمارے طویل مدتی اعتماد کو تقویت دیتی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا: ’ٹیم نے اسے پاکستان میں سب سے زیادہ بااثر کاروباری پلیٹ فارمز میں سے ایک بنایا ہے، اور ان کا سعودی عرب میں قدم رکھنا ایک بہت بڑے علاقائی موقع کا محض آغاز ہے۔‘
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کولیبز کو سعودی عرب میں توسیع پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان اپنے ڈیجیٹل تعلقات کو گہرا کر رہے ہیں اور دونوں اقوام سرحد پار ڈیجیٹل سرمایہ کاری کو ہموار کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ کولیبز کی یہ توسیع ’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘ کے وژن کا ہماری سرحدوں سے باہر تشکیل پانے کا ایک واضح مظہر ہے۔‘
کولیبز کے بیان کے مطابق کمپنی کی خدمات کی سعودی عرب تک توسیع سعودی عرب پاکستان تعلقات کے لیے ایک اہم وقت پر ہوئی ہے۔ ’یہ پاکستان سعودی عرب دو طرفہ معاشی تعلقات میں نئی رفتار کو مزید بڑھائے گی، جس میں نوجوانوں کی ترقی، صنعتوں کے قیام اور تکنیکی تعاون پر مشترکہ توجہ دی جا رہی ہے۔‘