وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ بینک کے صدر کا تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم نے اجے بنگا کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی بینک کی طویل المدتی شراکت داری اور ملکی ترقی میں اس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے پیر کو اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان کی اقتصادی ترقی، اصلاحات اور عالمی بینک کے جاری و آئندہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے عالمی بینک گروپ کے صدر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد اجے بنگا کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی بینک کی طویل المدتی شراکت داری اور ملکی ترقی میں اس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے دس سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کے تحت تعاون کو پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے لیے اہم قرار دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان پائیدار اقتصادی استحکام کے لیے ایک جامع اور ملکی ضروریات کے مطابق تشکیل دیے گئے اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے انفراسٹرکچر، زرعی کاروبار، ڈیجیٹل ترقی، توانائی، انسانی وسائل، مالیاتی اصلاحات، روزگار کے مواقع اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ میں عالمی بینک گروپ کی معاونت کو سراہا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت طے شدہ ترجیحات پر تیز رفتار عمل درآمد اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے عملی نتائج بروقت اور بڑے پیمانے پر حاصل کیے جا سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایسی انتظامی اصلاحات کے لیے پُرعزم ہے جو روزگار پر مبنی اقتصادی ترقی کو فروغ دیں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کریں۔

اس موقعے پر عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا۔

انہوں نے ’ون ورلڈ بینک گروپ‘ کے تحت پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحاتی اہداف کے حصول کے لیے ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور نجی وسائل کے مؤثر استعمال میں اضافہ ناگزیر ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت