پاکستانی گوگل پر سری لنکا کا موسم کیوں سرچ کر رہے ہیں؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سری لنکا پہنچتے ہی فینز گوگل پر وہاں کا موسم بار بار سرچ کر رہے ہیں۔ مگر وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟

کولمبو میں 21 اکتوبر 2022 کو تیز بارش سے بچنے کے لیے لوگ چھتریوں کا سہارا لے رہے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شروع ہونے میں تو تین دن باقی ہیں مگر تنازعات کا آغاز کئی ماہ پہلے سے ہی ہو چکا ہے جہاں بنگلہ دیش ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے اور پاکستان نے انڈیا کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سات فروری سے انڈیا اور سری لنکا میں شروع ہونے جا رہا ہے۔

یہ ٹورنامنٹ اس لیے دو ممالک میں کھیلا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان نے پہلے ہی انڈیا میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس لیے آئی سی سی نے پاکستان کے تمام میچز سری لنکا میں کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔

مگر ٹورنامنٹ کے قریب آتے ہی اتوار کو پاکستان کی حکومت نے اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ حصہ لینے کی اجازت تو دے دی مگر انڈیا سے میچ نہ کھیلنے کی بھی ہدایت کی۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 15 فروری کو کولمبو میں کھیلا جانا ہے۔

اس اعلان کے سامنے آتے ہی صرف انڈیا اور پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیائے کرکٹ میں تبصرے اور تجزیے شروع ہو چکے ہیں جہاں اس فیصلے کے بعد پاکستان پر ممکنہ پابندیوں اور پاکستان کے جواب پر اندازے لگائے جا رہے ہیں۔

تاہم اس سب کے بیچ پاکستانی فینز گوگل پر سری لنکا کا موسم بار بار سرچ کر رہے ہیں۔ مگر وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں؟

پاکستانی فینز ایسا اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ابھی سے اپنی ٹیم کے ورلڈ کپ کے اگلے سٹیج میں رسائی کے لیے حساب کتاب لگانا شروع کر دیا ہے۔

اگر آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات طے نہیں ہوتے اور پاکستان 15 فروری کو انڈیا سے میچ نہیں کھیلتا تو اسے دو پوائنٹس گنوانا پڑیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایسے میں اسے گروپ اے میں نمیبیا، امریکہ اور نیدرلینڈز کے خلاف اپنے میچز جیتنا ہوں گے۔

ورلڈ کپ کا سب سے پہلا میچ ہی پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جانا ہے اور پاکستانی اسی لیے کولمبو کا موسم بار بار سرچ کر رہے ہیں کیونکہ سات فروری کو وہاں بارش کی پیشن گوئی کی جا رہی ہے۔

کولمبو میں اگر اس دن بارش ہوتی ہے اور یہ میچ نہیں کھیلا جاتا تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ پاکستان کو ایک پوائنٹ ملے گا اور انڈیا والے میچ کے دو پوائنٹس بھی جائیں گے تو اس کے لیے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

سری لنکا میں کھیلے جانے والے میچز ماضی میں کئی بار بارش کی نذر ہوتے رہے ہیں جیسا کہ گذشتہ سال ہی ہونے والا ویمنز ورلڈ کپ جہاں متعدد میچز بارش کے باعث کھیلے ہی نہ جا سکے۔ اس کی ایک تازہ مثال پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 4 فروری یعنی آج ہی کھیلے جانے والا وارم اپ میچ ہے جو بارش کے باعث نہ کھیلا جا سکا۔

اس حوالے سے ہم نے جب گوگل ٹرینڈز کا جائزہ لیا تو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران الگ الگ طرح سے پاکستانیوں نے سری لنکا کا موسم جاننے کی کوشش کی ہے۔

سرچ کیے جانے والے ٹرینڈز میں ویدر ان کولمبو، کولمبو ایس ایس سی ویدر، ایس ایس سی ویدر اور کولمبو سری لنکا ویدر سب سے ٹاپ پر ہیں جن میں گذشتہ رات سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

بارش ہوتی ہے یا نہیں اور پاکستان انڈیا کے خلاف میچ کھیلتا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ تو بعد میں ہو ہی جائے گا مگر پاکستانی فینز کو یہ ضرور معلوم ہے کہ ہر ٹورنامنٹ میں ٹیم کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے حساب کتاب ضرور لگانا پڑتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ