کوئٹہ: تربیتی طیارہ گرنے سے فوج کے دو پائلٹ جان سے گئے

آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کے شعبۂ ہوا بازی سے تعلق رکھنے والا مشاق تربیتی طیارہ ’تکنیکی خرابی‘ کے باعث گر کر تباہ ہوا۔

انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیر تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد (آئی ایس پی آر)

پاکستان فوج نے پیر کو بتایا کہ کوئٹہ کے قریب تربیتی طیارہ گرنے سے فوج کے دو پائلٹ جان سے چلے گئے۔

فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوج کے شعبۂ ہوا بازی سے تعلق رکھنے والا مشاق تربیتی طیارہ ’تکنیکی خرابی‘ کے باعث گر کر تباہ ہوا۔

بیان کے مطابق ’حادثے میں دونوں پائلٹ، انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیر تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد جان سے گئے۔‘

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایک بیان میں حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

اس سے قبل رواں سال جون میں بھی پاکستان فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں دو پائلٹ جان سے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے اس وقت بتایا تھا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

پاکستان میں تربیتی پروازوں کے دوران طیاروں کے حادثات غیر معمولی نہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حکام عموماً فوجی تربیتی پروازوں کے دوران پیش آنے والے حادثات کی تفصیلات جاری نہیں کرتے اور نہ ہی ان حادثات کی تحقیقات کی رپورٹیں عوام کے سامنے لائی جاتی ہیں۔

2019 میں راولپنڈی کے مضافات میں فوج کا ایک طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 19 افراد جان سے گئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر اپنے گھروں میں موجود تھے۔

اپریل 2020 میں بھی پاکستان کا ایک لڑاکا طیارہ گجرات کے قریب معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں انسٹرکٹر اور زیر تربیت پائلٹ دونوں جان سے گئے تھے۔

2022 میں پاکستان فضائیہ کا ایک طیارہ تربیتی پرواز کے دوران پشاور میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ جان سے گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان