بنگلہ دیش نے شیخ حسینہ کو انڈیا سے واپس لانے کی قانونی کارروائی مکمل کر لی

بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ کو انڈیا سے واپس لانے کے تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے گئے ہیں اور اب نئی دہلی نے فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ انہیں حوالے کرے گا یا نہیں۔

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ آٹھ جنوری 2024 کو ڈھاکہ میں 12 ویں پارلیمانی انتخابات جیتنے کے ایک دن بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے (اے ایف پی)

بنگلہ دیش کے وزیر قانون نے کہا ہے کہ ملک نے معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کو انڈیا سے واپس لانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کر لیے ہیں اور اب نئی دہلی نے فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ انہیں بنگلہ دیش کے حوالے کرے گا یا نہیں۔

شیخ حسینہ کو 2024 میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے معاملے میں سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔

وزیرِ قانون محمد اسد الزمان نے ہفتے کو ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’ہم نے قانونی عمل کے تحت اپنی جانب سے تمام ضروری کارروائی مکمل کر لی ہے۔ اب انڈیا کیا کرے گا، یہ اس کا اپنا فیصلہ ہے۔‘ 

بنگلہ دیش-چین فرینڈشپ کانفرنس سینٹر میں ایک تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسد الزمان نے کہا شیخ حسینہ کی واپسی دونوں ممالک کے درمیان موجود حوالگی (ایکسٹراڈیشن) کے معاہدے کے تحت عمل میں آئے گی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا شیخ حسینہ کو سزائے موت کے خلاف اپیل کرنے کا موقع مل سکے گا تو انہوں نے کہا بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ کا اپیلیٹ ڈویژن انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمات میں اپیل دائر کرنے کی مقررہ مدت میں توسیع نہیں کر سکتا۔

بی ڈی نیوز 24 کے مطابق انہوں نے کہا ’اپیلیٹ ڈویژن کے پاس ایسے مقدمات میں تاخیر معاف کرنے کی کوئی قانونی گنجائش نہیں کیونکہ خصوصی قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔ یہ قانون انہوں نے خود ہی بنایا ہے۔‘

79  سالہ شیخ حسینہ پانچ اگست، 2024 سے انڈیا میں مقیم ہیں۔ وہ اس روز بنگلہ دیش کی فضائیہ کے ایک طیارے کے ذریعے ڈھاکہ سے فرار ہو گئی تھیں۔

اس وقت طلبہ کی قیادت میں کئی ہفتوں سے جاری احتجاج نے ان کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ کر دیا تھا۔

ابتدائی طور پر یہ مظاہرے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے ایک متنازع حکومتی فیصلے کے خلاف شروع ہوئے تھے۔

تاہم بعد ازاں یہ شیخ حسینہ کی حکومت کے خلاف ملک گیر عوامی تحریک میں تبدیل ہو گئے۔

اقوام متحدہ کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یکم جولائی سے 15 اگست، 2024 کے درمیان سکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہروں کو پرتشدد طریقے سے دبانے کے نتیجے میں تقریباً 1,400 افراد مارے گئے۔

نومبر 2025 میں بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے مظاہروں کے دوران کریک ڈاؤن میں کردار ادا کرنے پر شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی۔

انہیں ایک علیحدہ الزام میں عمر قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔ شیخ حسینہ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا اور عدالتی کارروائی کی قانونی حیثیت کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔

بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ دسمبر 2024 میں باضابطہ طور پر شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ نومبر 2025 میں سزائے موت سنائے جانے کے بعد یہ مطالبہ دوبارہ دہرایا گیا۔

انڈیا نے 23 دسمبر، 2024 کو تصدیق کی تھی کہ اسے حوالگی کی پہلی درخواست موصول ہو گئی ہے، تاہم اس نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا وہ شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش کے حوالے کرنے پر رضامند ہوگا یا نہیں۔

بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار کے مطابق وزیرِ خارجہ خلیل الرحمان نے بھی اپریل میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی دوطرفہ ملاقات میں یہ معاملہ اٹھایا تھا۔

انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا تھا کہ نئی دہلی اس درخواست کا جائزہ لے رہا ہے اور ’اس معاملے پر تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ تعمیری انداز میں رابطے جاری رکھے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نئے سفری دستاویزات کی درخواست نے شیخ حسینہ کی واپسی کے لیے بنگلہ دیش کی کوششوں کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

نو نومبر کو لندن میں قائم قانونی ادارے میٹرکس چیمبرز نے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن سے رابطہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے لیے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست کی۔

بنگلہ دیشی حکومت نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ شیخ حسینہ کو ایک عام مسافر کی حیثیت سے واپس آنے کی بجائے انڈیا کے ساتھ موجود حوالگی کے معاہدے کے تحت ہی واپس آنا ہوگا۔

شیخ حسینہ اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتا چکی ہیں کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس جانے اور عدالت کے سامنے خود کو پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان قونصلر مذاکرات کا پانچواں دور، جو 17 اور 18 نومبر کو ڈھاکہ میں ہونا تھا، بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ان مذاکرات میں ویزا انتظامات، سرحدی انتظامات، زیرِ حراست شہریوں کی واپسی اور حوالگی سے متعلق درخواستوں پر بات چیت متوقع تھی۔

بنگلہ دیش نے ان مذاکرات کے ایجنڈے میں شیخ حسینہ کی واپسی اور ان کے سابق وزیرِ داخلہ اسد الزمان خان کمال کی حوالگی کا معاملہ بھی شامل کیا تھا۔

انڈیا نے وقت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے مذاکرات ملتوی کرنے کی درخواست کی، جس پر دونوں ممالک نے اجلاس کو مؤخر کرنے پر اتفاق کر لیا۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دفتر