این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کے مستقبل کے حوالے سے جمعرات کو غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی۔
جینسن کے شادی سے باہر دو خواتین سے تعلقات، جن میں سے ایک چینی جاسوسی بتائی جاتی ہے، پر مبنی سکینڈل کے شہ سرخیوں میں آنے کے بعد چپ بنانے والی اس بڑی امریکہ کمپنی کے بورڈ کا اہم اجلاس ہوا ہے۔
اس سکینڈل کے باعث کھربوں ڈالر مالیت کی کمپنی کے حصص میں شدید گراوٹ آئی ہے اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی صنعت میں تیزی کے اہم محرک سمجھے جانے والے جینسن کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
63 سالہ جینسن کئی برسوں سے چین کو جدید اے آئی چپس کی فروخت پر پابندیاں عائد کرنے کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ سال کانگریس میں دونوں جماعتوں کے ناقدین کے اعتراضات کے باوجود این ویڈیا کی ایچ 200 چپس چین برآمد کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این اور اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق این ویڈیا کے بورڈ کا اجلاس بدھ کو ہوا، جس میں جینسن کے مستقبل پر غور کیا گیا۔
تاہم این ویڈیا نے اجلاس کے اختتام پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ بیجنگ نے جاسوسی کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔
این ویڈیا کے حصص اکتوبر کے اوائل میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد تقریباً 25 فیصد گر چکے ہیں۔
اس سکینڈل نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ اگر جینسن کو عہدے سے ہٹایا جاتا ہے تو ان کی جگہ کون لے سکتا ہے۔
یہ معاملہ تیزی سے اس وقت سامنے آیا جب خبریں شائع ہوئیں کہ 40 سال سے زائد عرصے سے لوری ہوانگ کے ساتھ شادی شدہ جینسن کا کسی دوسری خاتون کے ساتھ معاشقہ رہا ہے۔
این ویڈیا کے سی ای او نے بعد ازاں ایک معاشقے کا اعتراف کیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ خاتون ایلس ہوانگ تھیں، جو سنگاپور میں قائم ڈیٹا سینٹر کمپنی میگاسپیڈ کی ایک سینیئر عہدے دار رہ چکی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں نے رواں سال موسم بہار میں ایک یادداشت گردش میں لائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ایلس چین کی وزارت ریاستی سلامتی کی ایجنٹ ہیں۔
22 مئی، 2025 کو تائیوان میں ہونے والی کمپیوٹیکس ٹیکنالوجی نمائش کے موقعے پر جینسن کی میزبانی میں ایک چینی ریستوران میں عشائیہ دیا گیا تھا، جس میں ایلس بھی شریک تھیں۔
تقریب کی براہ راست نشریات میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موقعے پر جینسن نے ایلس کے کندھوں پر بازو رکھا، جس کے بعد انہوں نے ان کے دائیں گال پر بوسہ دیا۔
تائیوان کے ایک حکومتی وزیر نے جمعرات کو بتایا کہ ایلس نے 2024 اور 2025 کے دوران مجموعی طور پر آٹھ مرتبہ تائیوان کا دورہ کیا۔
این ویڈیا کے بورڈ نے اس سے پہلے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وہ ان خبروں کی تحقیقات کرے گا جن کے مطابق جینسن مبینہ طور پر ’غیر ملکی انٹیلی جنس کی کارروائی‘ کا ہدف بنے تھے۔
اس کے بعد بدھ کو نیویارک ٹائمز نے خبر دی کہ این ویڈیا کے شریک بانی کا ایک دوسری خاتون کے ساتھ بھی معاشقہ رہا ہے۔
اخبار کے مطابق اس حوالے سے ویڈیو شواہد موجود ہیں، جن میں 63 سالہ جینسن کو این ویڈیا کی نائب صدر برائے صحت کمبرلی پاول کے ساتھ قربت کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
48 سالہ کمبرلی این ویڈیا کی ان کوششوں کی نمایاں ترجمان رہی ہیں جن کا مقصد چپ ٹیکنالوجی کو اعلیٰ تعلیم اور صحت کے شعبوں تک وسعت دینا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق کیلی فورنیا کے شہر سان ہوزے میں ہونے والی ایک کانفرنس کے دوران وہاں موجود افراد نے دونوں کو ہوٹل میں ’ایک دوسرے کے ساتھ قربت کا اظہار کرتے ہوئے‘ دیکھا تھا۔
چپ بنانے والی کمپنی کے ضابطۂ اخلاق میں ملازمین اور متعلقہ افراد کو مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس میں ’ذاتی تعلقات‘ کی مثال بھی شامل ہے۔
ضابطے میں کہا گیا ہے ’ہم ایسے حالات سے گریز کرتے ہیں جہاں ہمارے اقدامات سے ذاتی فائدے اور این ویڈیا کے لیے ہماری ذمہ داریوں کے درمیان حقیقی یا ممکنہ مفادات کا ٹکراؤ پیدا ہو سکتا ہو۔‘
عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان
این ویڈیا کے قواعد کے مطابق جینسن کو سی ای او کے عہدے سے ہٹانے کے لیے بورڈ کے 11 ڈائریکٹرز میں سے اکثریت کی حمایت درکار ہوگی۔
تاہم وہ بورڈ میں اپنی نشست برقرار رکھیں گے، جس سے انہیں صرف کمپنی کے حصص یافتگان ہی ہٹا سکتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے سیمفور کے مطابق بورڈ کے کئی ارکان چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کولیٹ کریس کو عبوری سربراہ مقرر کرنا چاہتے ہیں۔
بلومبرگ نیوز کے مطابق بورڈ ممکنہ جانشینوں کی نشاندہی کے لیے ایک بیرونی ادارے کی خدمات بھی حاصل کر رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جینسن سے جب بھی ان کے ممکنہ جانشین کے بارے میں سوال کیا گیا، انہوں نے بارہا کسی کا نام بتانے سے گریز کیا ہے۔
نیویارک ٹائمز نے اس سے قبل خبر دی تھی کہ امریکی کانگریس نے ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ کو ایلس کے ساتھ ان کے تعلقات کے بارے میں بند کمرے میں بریفنگ دینے کے لیے طلب کیا ہے۔
مصنوعی ذہانت کی صنعت میں تیزی کے باعث این ویڈیا کے حصص کی قیمتیں نئی بلندیوں تک پہنچنے کے بعد جینسن صدر ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس کی تقریبات میں بھی نظر آتے رہے ہیں۔
گذشتہ ماہ بھی وہ ٹرمپ کے ہمراہ موجود تھے، جب ری پبلکن صدر نے انہیں نیشنل میڈل آف سائنس سے نوازا تھا۔
جینسن دنیا کے ان بااثر ٹیکنالوجی رہنماؤں میں شامل تھے، جن میں ایلون مسک، جیف بیزوس اور مارک زکربرگ بھی شامل ہیں۔
ان رہنماؤں نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر مصنوعی ذہانت کو خود ضابطہ کار کے تحت رکھنے کا عہد کیا تھا جبکہ ٹرمپ نے حکومتی نگرانی کے مطالبات مسترد کرتے ہوئے ان انتباہات کو بھی رد کر دیا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی انسانیت کا خاتمہ کر سکتی ہے۔
این ویڈیا کے حصص یافتگان نے جینسن ہوانگ اور کمپنی کے خلاف اجتماعی مقدمہ دائر کیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ کمپنی اور اس کے سربراہ نے سرمایہ کاروں کو اپنے تعلقات سے متعلق معلومات فراہم نہیں کیں۔
1993 میں قائم ہونے والی این ویڈیا جدید کمپیوٹر چپس تیار کرتی ہے۔ ابتدا میں ان چپس کو ویڈیو گیمز میں تھری ڈی گرافکس دکھانے کے لیے بنایا گیا تھا، جنہیں گرافکس پروسیسنگ یونٹس (جی پی یوز) کہا جاتا ہے۔
این ویڈیا کے زیادہ تر پروسیسرز تائیوان کی کمپنی ٹی ایس ایم سی تیار کرتی ہے، جو دنیا میں کنٹریکٹ پر چپس بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے۔
این ویڈیا 17 نومبر کو اپنی سہ ماہی مالیاتی نتائج جاری کرنے والی ہے۔