مسلمانوں کو لڑا کر اقتدار قائم نہیں رکھوں گا: طالبان رہنما ہبت اللہ

سرکاری طور پر براہ راست نشر ہونے والی آڈیو کے مطابق ہبت اللہ اخوندزادہ نے کابل یونیورسٹی میں اجتماع سے کہا کہ انہوں نے اختلاف اور انتشار کو روکنے کے لیے اس قیادت کو قبول کیا۔

طالبان کے گوشہ نشین امیر ہبت اللہ اخوندزادہ نے منگل کو افغان دارالحکومت کابل کا ایک غیر معمولی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک علما کے ایک اجتماع سے خطاب میں عہد کیا کہ وہ اقتدار پر اپنی گرفت برقرار رکھنے کے لیے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے خلاف نہیں کریں گے۔ ’اگر علما متحد ہو جائیں تو کوئی ان کا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔‘

سرکاری طور پر براہ راست نشر ہونے والی آڈیو کے مطابق ہبت اللہ اخوندزادہ نے کابل یونیورسٹی میں اجتماع سے کہا کہ انہوں نے اختلاف اور انتشار کو روکنے کے لیے اس قیادت کو قبول کیا جسے طالبان ’امارت اسلامیہ‘ کہتے ہیں۔ ’لوگوں کے دلوں میں امیر کے لیے محبت پیدا کریں تاکہ وہ ان کی اطاعت کریں اور حکم پر عمل کریں۔ میرا جسم جل جائے، لیکن مسلمان اختلاف اور انتشار سے محفوظ رہیں۔‘

طالبان تحریک کے جنوبی مرکز قندھار میں مقیم ہبت اللہ اخوندزادہ گذشتہ پانچ برس سے زائد عرصے سے وہیں سے افغانستان پر حکومت کر رہے ہیں۔ ان کی تقریر زیادہ تر مذہبی سفارشات اور اطاعت پر مرکوز تھی۔

اپنی تقریر کے دوران انہوں نے بیرون ملک مقیم افغانوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ملک واپس جائیں اور امن سے زندگی گزاریں۔

انہوں نے کہا، ’آؤ، اپنی زندگی گزارو، آپ کو حکومت چاہیے، آپ کو عہدے چاہیے، آپ جو کچھ چاہتے ہیں وہ ٹیلنٹ اور قابلیت پر مبنی ہے، اگر آپ اہل ہیں تو ہم آپ کو دیں گے، اور اگر کوئی اور اہل ہے تو ہم کسی اور کو دیں گے۔ لیکن نااہل لوگوں کو عہدے دینا تمام شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔‘

سائنسی تحقیق کانفرنس کے عنوان سے ہونے والے اس اجلاس میں افغانستان کے مختلف صوبوں سے علما کونسلوں کے رہنماؤں، طالبان حکومت کے سینئر مفتیوں، کابینہ کے اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام کو مدعو کیا گیا ہے۔

ہبت اللہ اخوندزادہ نے ایک دہائی قبل طالبان کی قیادت سنبھالی تھی اور حالیہ برسوں میں انہوں نے کابل کے چند دورے ہی کیے ہیں۔

اسلامی قانون کی سخت تشریح پر مبنی ان کے احکامات کے اثرات سے متعلق ایک کانفرنس میں ان کی شرکت سے قبل بڑے پیمانے پر سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا: ’اب جب اسلام غالب آ چکا ہے، اسلامی نظام قائم ہو چکا ہے اور امارت اسلامیہ کو اختیار حاصل ہے تو ضروری ہے کہ لوگوں کو افغانستان کی امارت اسلامیہ کی حقیقی نوعیت سمجھنے میں مدد دی جائے۔‘

اے ایف پی کے صحافیوں نے کابل یونیورسٹی کے اردگرد عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز کو تعینات دیکھا، جبکہ دروازوں کی حفاظت کے لیے درجنوں ہموی گاڑیاں موجود تھیں اور علاقے میں انٹیلی جنس اہلکار بھی تعینات تھے۔

عملے اور طلبہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ کابل یونیورسٹی اتوار سے بند ہے، جبکہ علاقے کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ ان کے مکانات کی تلاشی بھی لی گئی۔

وزارت اعلیٰ تعلیم نے پیر کو بتایا کہ ہزاروں شرکا میں سینیئر حکام اور علما بھی شامل تھے۔

ہبت اللہ اخوندزادہ کی آمد سے قبل شرکا سے کہا گیا کہ وہ ایک دوسرے کے ہاتھ پکڑیں اور امیر کے ساتھ اپنی بیعت کی تجدید کریں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اتحاد اور ہم آہنگی‘

ہبت اللہ اخوندزادہ، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی عمر 60 سے 70 برس کے درمیان ہے، عام طور پر حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے آڈیو پیغامات کے ذریعے عوام سے خطاب کرتے ہیں۔

حکام نے ان کی صرف ایک تصویر جاری کی ہے، جس میں ان کی داڑھی میں سفیدی اور سر پر سفید پگڑی دکھائی دیتی ہے۔

اپنی تقرری سے قبل ہبت اللہ اخوندزادہ نسبتاً غیر معروف تھے اور طالبان کی اس شورش کے جنگی آپریشنز میں زیادہ سرگرم نہیں تھے، جس کے نتیجے میں 2021 میں امریکی قیادت والی افواج افغانستان سے نکل گئی تھیں۔

امیر اور طالبان کے اعلیٰ عہدے داروں کے درمیان اختلافات کی افواہوں کو عموماً دبایا جاتا ہے، جبکہ حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایک متحدہ صف کے طور پر سامنے آئے۔

ہبت اللہ اخوندزادہ نے کابل میں کہا: ’شریعت کے احکامات پر عمل درآمد سے مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی قائم ہوگی۔‘

اقوام متحدہ کے مطابق 2021 کے بعد طالبان حکومت کی مخالفت کے لیے قائم ہونے والے چھوٹے مسلح گروہوں کو طالبان کے اقتدار کے لیے کوئی نمایاں چیلنج نہیں سمجھا جاتا۔

طالبان امیر نے خواتین اور لڑکیوں کو عوامی زندگی سے دور رکھنے کے اقدامات کی قیادت کی ہے، جو بہت سے ممالک کے لیے طالبان انتظامیہ کے ساتھ تعلقات مزید گہرے کرنے کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

ہبت اللہ اخوندزادہ کا اصرار ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کو عمومی طور پر گھروں میں رہنا چاہیے، جبکہ 12 برس کی عمر کے بعد ان کی تعلیم پر پابندی عائد ہے۔

ہبت اللہ اخوندزادہ نے منگل کو کہا: ’دینی تعلیم جدید تعلیم سے زیادہ اہم ہے۔‘

بین الاقوامی فوجداری عدالت نے خواتین اور لڑکیوں پر مبینہ ظلم و ستم کے الزام میں ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کر رکھا ہے۔

تاہم طالبان تحریک کی بہت سی دیگر شخصیات کے برعکس ہبت اللہ اخوندزادہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا