محمد بن سلمان ٹرمپ ملاقات: سعودی سرمایہ کاری 1 ٹریلین ڈالر تک بڑھانے کا عندیہ

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر ٹرمپ ملاقات میں کہا کہ وہ 600 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کو ایک ٹریلین ڈالرز تک بڑھانے جا رہے ہیں۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے منگل کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب امریکہ میں اپنی سرمایہ کاری کو ایک ٹریلین ڈالرز تک بڑھا سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے اوول آفس میں صحافیوں سے بات کی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس موقع پر صدر ٹرمپ سے کہا کہ ’مجھے یقین ہے، جناب صدر، آج اور کل ہم اعلان کر سکتے ہیں کہ ہم اس 600 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کو تقریباً ایک ٹریلین ڈالرز تک بڑھانے جا رہے ہیں۔‘

اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’کیا آپ مجھے کہہ رہے ہیں کہ اب ہم 600 بلین ڈالرز بڑھ کر ایک ٹریلین ڈالرز ہو سکتے ہیں؟‘ اس پر سعودی ولی عہد نے مسکراتے ہوئے کہا: ’یقیناً۔‘

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے رواں جنوری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو میں امریکہ میں سرمایہ کاری اور تجارت کا حجم 600 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا تھا، جسے اب انہوں نے ایک ٹریلین ڈالرز تک بڑھانے کا کہا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ امریکہ سعودی عرب کو F-35 سٹیلتھ لڑاکا طیارے فروخت کرے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’جہاں تک میرا تعلق ہے، میں سمجھتا ہوں کہ دونوں اس سطح پر ہیں جہاں انہیں اعلیٰ ترین درجے کے (F-35) ملنے چاہیں۔‘

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ان کے دورے کے دوران ٹرمپ اور امریکی حکام کے ساتھ بات چیت مصنوعی ذہانت کی بنیادی ڈھانچے میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاریوں کے گرد گھومے گی۔

اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچے جہاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کا وائٹ ہاؤس میں استقبال کیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سات سال سے زیادہ عرصے بعد اپنے پہلے وائٹ ہاؤس دورے پر پہنچنے والے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ساؤتھ لان میں صدر ٹرمپ نے شاندار استقبال کیا گیا، جس میں فوجی اعزازی دستہ، توپوں کی سلامی اور امریکی جنگی طیاروں کی فلائی پاسٹ بھی شامل تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان دورے کے دوران صدر ٹرمپ سے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق اب سے کچھ دیر بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی صدر ٹرمپ سے دو طرفہ ملاقات ہوگی جس کے بعد دونوں رہنما ظہرانے پر بھی ملاقات کریں گے۔

اس شیڈول کے مطابق امریکی وقت کے مطابق دوپہر 2:00 بجے شہزادہ محمد بن سلمان کانگریس کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔

شام میں 6:40 بجے صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول ایک استقبالیے میں شرکت کریں گے، جس کے بعد 6:45 پر باضابطہ ملاقات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق بدھ کو صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول سعودی ولی عہد، سعودی وفد اور دونوں ممالک کے اعلیٰ کاروباری رہنماؤں کے ساتھ بلیک ٹائی ڈنر میں شرکت کریں گے۔

دن کا اختتام امریکی وقت کے مطابق 9:10 بجے ایک آخری الوداعی ملاقات کے ساتھ ہوگا۔

اس کے بعد بدھ کو سعودی ولی عہد، صدر ٹرمپ اور سعودی و امریکی کمپنیوں کے 400 سے زائد CEOs کینیڈی سینٹر میں امریکہ–سعودی سرمایہ کاری فورم میں شریک ہوں گے۔

جس کے بعد شہزادہ محمد بن سلمان امریکہ سے روانہ ہو جائیں گے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا