انڈیا کے زیر انتظام کشمیر: لطیف بٹ کو ’آخری عسکریت پسند‘ کیوں کہا جا رہا ہے؟

انڈین اخبارات کے مطابق پولیس کا اگر یہ دعویٰ درست ہے تو 1989 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وادی میں فعال مقامی عسکریت پسندوں کی فہرست ختم ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق 22 سالہ لطیف بٹ کا تعلق خریوان چاڈر گاؤں سے تھا (تصویر: انڈین ایکسپریس)

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع کولگام میں حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے والے 22 سالہ محمد لطیف بٹ وادی کشمیر میں لشکر طیبہ سے وابستہ آخری معلوم فعال مقامی عسکریت پسند تھے۔

انڈین اخبارات کے مطابق پولیس کا اگر یہ دعویٰ درست ہے تو 1989 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وادی میں فعال مقامی عسکریت پسندوں کی فہرست ختم ہو گئی ہے، تاہم حکام کا دعویٰ ہے کہ تقریباً 30 مبینہ پاکستانی عسکریت پسند اب بھی کشمیر میں سرگرم ہیں۔ پاکستان اس قسم کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔

لطیف بٹ بدھ کو کولگام کے زنگل پورہ گاؤں میں ایک مسجد کے قریب ایک آپریشن کے دوران مارے گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق آٹھ روز تک جاری رہنے والی تلاش کے بعد ان کا سراغ اس مسجد میں ملا، جہاں وہ مبینہ طور پر پناہ لیے ہوئے تھے۔

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ لطیف بٹ گھروں میں چھپنے کی بجائے مساجد کی بالائی منزلوں یا چھت پر کمروں کو پناہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ وہ مبینہ طور پر رات کی آخری نماز کے بعد ٹوپی اور چشمہ پہن کر مسجد میں داخل ہوتے اور وہاں رات گزارتے تھے۔ اسی اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے گھروں کی بجائے دو روز تک کولگام کی مساجد میں ان کی تلاش کی۔

مسجد میں محاصرہ کیسے ہوا؟

منگل کی رات سکیورٹی فورسز نے زنگل پورہ گاؤں کا محاصرہ کر لیا۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ایک مقامی شخص کو مسجد کی بالائی منزل دیکھنے کے لیے بھیجا گیا تو وہاں ایک دروازہ اندر سے بند تھا اور اندر سے آواز آئی کہ وہ وہاں سے چلا جائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بعد ازاں مسجد کے امام ایک فون لے کر اوپر گئے اور ویڈیو کال کے ذریعے پولیس افسران نے لطیف بٹ سے ہتھیار ڈالنے کے لیے کہا۔ حکام کے مطابق لطیف بٹ نے پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’اللہ سے ملنے پر خوش ہیں‘، جس کے بعد مبینہ طور پر انہوں نے فائرنگ کی۔

مسجد کو نقصان سے بچانے کے لیے سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی بجائے دن کی روشنی کا انتظار کیا۔ قریب واقع ایک مدرسے سے 25 طالبات اور اساتذہ کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

صبح سکیورٹی اہلکاروں نے لطیف بٹ کو باہر نکالنے کے لیے آنسو گیس اور مرچوں والے گرینیڈ استعمال کیے۔ حکام کے مطابق تقریباً ساڑھے نو بجے وہ فائرنگ کرتے ہوئے مسجد سے باہر نکلے اور محاصرہ توڑنے کی کوشش کی، تاہم مسجد سے تقریباً 50 میٹر کے فاصلے پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مارے گئے۔

لطیف بٹ کون تھے؟

پولیس کے مطابق 22 سالہ لطیف بٹ کا تعلق خریوان چاڈر گاؤں سے تھا۔ وہ کالج کی تعلیم ادھوری چھوڑ چکے تھے اور عسکریت پسندی میں شامل ہونے سے پہلے شیشے لگانے کا کام کرتے تھے۔

وہ تقریباً ایک سال قبل لاپتہ ہوئے تھے اور بعد میں لشکر طیبہ کے کمانڈر ذاکر گنائی کے گروپ میں شامل ہو گئے۔ جولائی میں ذاکر گنائی کے مارے جانے کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ بٹ نے انفرادی حملے شروع کر دیے تھے۔

پولیس نے بٹ پر 22 جولائی کو اننت ناگ کی ایک مارکیٹ میں ایک پولیس کانسٹیبل کو انتہائی قریب سے گولی مار کر قتل کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ حکام کے مطابق اس کے نو روز بعد کِلام گاؤں میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے دو غیر مقامی مزدوروں کو بھی قتل کیا گیا۔

انڈین سکیورٹی حکام نے انہیں 11 نومبر کو اکھرن میں سی آر پی ایف کی ایک چوکی پر ہونے والے حملے کا بھی ذمہ دار قرار دیا، جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ اس حملے کا مقصد نئے بھرتی کیے گئے افراد کے لیے سکیورٹی اہلکاروں سے رائفلیں چھیننا تھا۔

بٹ کے مبینہ طور پر بھرتی کیے گئے ایک شخص عمر نثار ڈار کو بھی ان سے دو روز قبل کولگام میں ایک کارروائی میں مار دیا گیا تھا۔

’آخری‘ قرار دیے جانے کی اہمیت؟

انڈین سکیورٹی اداروں کا بنیادی دعویٰ یہ ہے کہ لطیف بٹ وادی کشمیر میں سرگرم آخری معلوم مقامی عسکریت پسند تھے۔ اسی وجہ سے ان کی موت کو محض ایک عسکریت پسند کی موت کی بجائے کشمیر میں مقامی عسکریت پسندی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

انڈیا کے وزیر داخلہ امت شاہ نے کارروائی کے بعد جموں و کشمیر پولیس، انڈین فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور خفیہ اداروں کی مشترکہ کارروائی کو سراہا۔ ان کے مطابق وادی میں لشکر طیبہ کا ’آخری معلوم فعال مقامی دہشت گرد‘ لطیف بٹ مارا گیا جبکہ اس سے ایک روز قبل اس کا ساتھی عمر نثار بھی کولگام میں مارا گیا تھا۔

تاہم ’آخری مقامی عسکریت پسند‘ سے مراد کشمیر میں عسکریت پسندی کا مکمل خاتمہ نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق وادی میں تقریباً 30 مبینہ ’پاکستانی‘ عسکریت پسند اب بھی سرگرم ہیں۔ اس لیے حکام کا دعویٰ بنیادی طور پر وادی میں موجود مقامی طور پر بھرتی کیے گئے فعال عسکریت پسندوں سے متعلق ہے، نہ کہ کشمیر میں موجود تمام مسلح عناصر سے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ