پنجاب حکومت نے جمعرات کو خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے آلات کے استعمال اور خرید و فروخت پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
پنجاب حکومت نے اکتوبر 2026 میں پہلی مرتبہ خفیہ کیمروں والی عینکیں، پین، گھڑیوں اور دیگر روزمرہ اشیاء میں چھپے ریکارڈنگ آلات کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ حکومت نے یہ اقدام شہریوں کی نجی معلومات کے تحفظ اور خفیہ نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ کے خدشات کے تناظر میں کیا تھا۔
اس معاملے پر لاہور ہائی کورٹ میں بھی درخواست زیرِ سماعت ہے، جس میں کیمروں اور مائیکروفون سے لیس سمارٹ عینکوں کی غیر منظم درآمد اور فروخت پر ضابطہ سازی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے نومبر میں پنجاب حکومت سے ان آلات پر پابندی کے نفاذ کے لیے کیے گئے اقدامات کی رپورٹ بھی طلب کی تھی۔
ایسے آلات کے ممکنہ غلط استعمال اور شہریوں کی نجی زندگی اور سکیورٹی کو لاحق خطرات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں خفیہ کیمروں والی سمارٹ عینکوں اور روزمرہ اشیا میں چھپے ریکارڈنگ آلات کے استعمال اور خرید و فروخت پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے 19 نومبر کو جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق دفعہ 144 کے تحت 20 اکتوبر 2026 کو جاری ہونے والے سابقہ حکم کی مدت میں مزید 30 روز کی توسیع کی گئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ان آلات کے ذریعے خفیہ طور پر تقریر، تصاویر، ویڈیوز اور آواز ریکارڈ، محفوظ اور منتقل کی جا سکتی ہے، جس سے شہریوں کی نجی زندگی، بالخصوص خواتین اور بچوں کی عزت اور وقار، حساس معلومات اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق ایسے آلات ایئرپورٹس، امتحانی مراکز، محفوظ سرکاری عمارتوں، طبی مراکز، شاپنگ مالز، عدالتی احاطوں اور عوامی مقامات پر سکیورٹی اور شہریوں کی نجی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
حکم نامے کے تحت کوئی بھی شخص خفیہ ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھنے والی سمارٹ عینکیں یا روزمرہ استعمال کی اشیا میں چھپے چھوٹے کیمرے استعمال یا پہن نہیں سکے گا۔ ان اشیاء میں پین اور کی چین بھی شامل ہیں۔
اسی طرح کوئی خوردہ فروش، تھوک فروش، تاجر یا ڈسٹری بیوٹر ان آلات کو دکانوں پر یا آن لائن فروخت نہیں کر سکے گا اور نہ ہی انہیں فروخت کے لیے پیش کر سکے گا۔
تاہم لیپ ٹاپ، ہاتھ میں استعمال ہونے والے ٹیبلٹس، موبائل فونز اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے منظور شدہ ٹرمینل آلات کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح مجاز قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر بھی آلات پہننے یا استعمال کرنے کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
حکم نامے کے مطابق پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور 30 روز تک برقرار رہے گی، تاہم اسے اس مدت سے پہلے بھی واپس لیا جا سکتا ہے۔