نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حکام کے مطابق ایک سابق نگران وزیراعظم کی شکایت پر درج مقدمے کے سلسلے میں صحافی شاہد میتلا کو منگل کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے اعلیٰ عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’شاہد میتلا کی گرفتاری کوئٹہ میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر درج ایک مقدمے کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی ہے۔‘
شاہد میتلا کو گذشتہ روز رات گئے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس سے گرفتار کیا گیا۔ انہیں بدھ کو اسلام آباد میں سول جج/ سپیشل مجسٹریٹ این سی سی آئی اے ملک امان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پنجاب کے شہر چشتیاں سے تعلق رکھنے والے شاہد میتلا مختلف نیوز چینلز، جن میں نیوز ون، پاکستان ٹیلی وژن نیوز، اے آر وائے نیوز اور بول جیسے اداروں سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ وہ تقریباً 20 سال سے میڈیا سے منسلک ہیں اور انہوں نے ’بلوم پاکستان‘ کے نام سے اپنا ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم بھی قائم کر رکھا ہے۔
ان کی اہلیہ ندا شاہد نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ ان کے شوہر کا ’انوار الحق کاکڑ کے ساتھ کوئی معاملہ چل رہا تھا۔ شاید انہوں نے کوئی ٹویٹ کی تھی، مجھے اتنا نہیں معلوم تھا کیونکہ میں ان کے کاموں میں زیادہ دخل نہیں دیتی تھی۔‘
اہلیہ کے مطابق: ’انوار الحق کاکڑ نے نوٹس بھیجا تھا کہ آپ ٹویٹ کا جواب دیں یا معافی مانگیں۔ ہم اس وقت امریکہ میں تھے، وہاں سے شاہد نے وکیل کے ذریعے قبل از گرفتاری ضمانت کروا لی تھی۔‘
ندا شاہد کے مطابق اس معاملے کا آغاز رواں برس مئی سے ہوا لیکن ان کے پاس متعلقہ ٹویٹ کی تفصیلات یا اس کا سکرین شاٹ موجود نہیں ہے۔
اس سوال پر کہ کیا ان کے شوہر نے ٹویٹ ڈیلیٹ کی تھی؟ اہلیہ نے بتایا: ’شاہد نے کہا کہ نہ میں معذرت نہیں کروں گا اور نہ ہی ٹویٹ ڈیلیٹ کروں گا یا واپس لوں گا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’پاکستان واپسی کے بعد دو تین بار کورٹ میں سماعت ہوئی تو وہ جاتے رہے۔ کیس میں یہی شرط رکھی جا رہی تھی کہ معافی مانگیں اور ٹویٹ ڈیلیٹ کریں، لیکن شاہد کا کہنا تھا کہ میں ایسا نہیں کروں گا۔‘
انوار الحق کاکڑ ملک کے سابق نگران وزیر اعظم اور سینیٹ کے رکن ہیں۔ انڈپینڈنٹ اردو نے اس حوالے سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا تاہم اس خبر کی اشاعت تک ان کا جواب موصول نہیں ہو سکا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شاہد میتلا کی گرفتاری سے متعلق واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے اہلیہ ندا نے بتایا کہ گذشتہ روز دوپہر تقریباً دو بجے ہماری آخری ملاقات ہوئی۔ ’رات آٹھ بجے میں نے انہیں گھر کے کام سے متعلق میسج کیا، جو انہوں نے دیکھ لیا (بلیو ٹِک ہو گیا)، لیکن کوئی جواب نہیں دیا۔ پھر آٹھ بج کر 45 منٹ پر میری والدہ کی کال آئی کہ شاہد کی گرفتاری کی خبریں چل رہی ہیں۔ میں نے ان کا واٹس ایپ دیکھا تو ’لاسٹ سین‘ آٹھ بج کر 54 منٹ کا آ رہا تھا۔ اس کے بعد ان کے تینوں فون نمبرز بند جا رہے تھے۔‘
اہلیہ نے بتایا کہ دفتر کے لوگوں اور دوستوں نے بتایا کہ ’وہ ایک دوست کے ساتھ ریسٹورنٹ میں کھانے کے لیے نکلے تھے۔ وہاں تین افراد یونیفارم میں اور ایک بغیر یونیفارم کے آئے۔ انہوں نے شاہد سے کہا کہ موبائل فون جمع کروا دیں اور گاڑی میں بیٹھ جائیں۔ شاہد نے اپنا فون دوست کے حوالے کیا کہ گھر والوں کو اطلاع دے اور وہ ان کے ساتھ چلے گئے۔‘
ندا شاہد کہتی ہیں کہ اس کے بعد سے نہ ان کی شوہر سے بات ہوئی ہے اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے کی طرف سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ’عدالت میں کہا جا رہا ہے کہ کیس کوئٹہ میں درج ہوا ہے اور شاید انہیں کوئٹہ لے جایا جائے گا، تاہم مجھے ایف آئی آر کی کوئی کاپی نہیں ملی۔‘
صحافی نادر بلوچ شاہد میتلا کے دوست ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شاہد میتلا کو ایک دہائی سے زائد عرصے سے ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر جانتے ہیں۔ وہ اپنے ادارے ’بلوم پاکستان‘ پر قومی، سیاسی، سماجی اور دیگر اہم موضوعات پر خبریں اور تجزیے شائع کرتے ہیں۔
نادر کے مطابق: ’شاہد میتلا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی سیاسی اور عوامی اہمیت کے حامل معاملات پر اپنی رائے کا کھل کر اظہار کرتے رہے ہیں۔ ان سے آخری ملاقات کے دوران ایک اہم بات بھی زیرِ بحث آئی۔‘
نادر کہتے ہیں: ’شاہد میتلا نے انہیں بتایا تھا کہ انہوں نے پنجاب کی ایک سینیئر وزیر سے متعلق مبینہ کرپشن کے معاملے پر ایک ٹویٹ کی تھی، جس کے بعد ان کے بقول، انہیں دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔‘