افغان دارالحکومت کی پُرہجوم سڑکوں کے سائے میں ایک پوشیدہ دنیا آباد ہے: یہ ان خواتین کی دنیا ہے جو اگست 2021 میں امریکی قیادت میں افواج کے انخلا کے بعد طالبان کے اقتدار سنبھالنے پر عائد کی گئی سخت پابندیوں کو خاموشی سے چیلنج کر رہی ہیں۔
خواتین کے لیے اسلامی دینی تعلیم اور زبان کے کورسز کے سوا پرائمری جماعتوں سے آگے تعلیم حاصل کرنے پر پابندی ہے۔
پارکس اور جم بند ہیں، بیوٹی سیلونز کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے اور سر سے پاؤں تک پردے کا سخت ضابطہ نافذ ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
اگرچہ خواتین کچھ کاروباری لائسنس حاصل کر سکتی ہیں، لیکن اکثر ملازمتیں کرنے سے انہیں روک دیا گیا ہے۔
ایک سابق فٹ بال کھلاڑی، جن کے خواب کھیلوں پر پابندی کی وجہ سے چکنا چور ہو گئے تھے، نے کہا: ’افغانستان میں عورت ہونا ایک جرم ہے۔‘
ان قوانین پر عمل درآمد وزارتِ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی اخلاقی پولیس کرواتی ہے، جس کا عوام میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔
اس کے اہلکار ڈاکٹروں جیسے سفید کوٹ پہن کر سڑکوں پر گشت کرتے ہیں اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کو حراست میں لے سکتے ہیں، جبکہ بعض خواتین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔
وزارت کے ترجمان محمد اسلم بدریوال نے خواتین پر پابندیوں سے متعلق سوالات کے جواب میں خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو بتایا کہ وزارت اسلامی شریعت کے تحت سب کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے ’پوری طرح پرعزم‘ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا: ’ہماری بہنیں اپنے سماجی اور تجارتی امور انجام دے سکتی ہیں، بشرطیکہ وہ اسلامی شریعت کے اصولوں اور نافذ العمل قوانین کی سختی سے پابندی کریں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت کی ترجیح ’اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہماری بہنیں معاشرے میں مکمل طور پر محفوظ رہیں اور شریعت کے عطا کردہ تمام حقوق سے مستفید ہو سکیں۔‘
خطرات کے باوجود، کچھ خواتین نے ان پابندیوں کا توڑ نکالنے کے راستے تلاش کر لیے ہیں۔
یہاں کابل میں ایسی ہی تین خواتین کی پوشیدہ زندگیوں کا احوال پیش کیا جا رہا ہے، جنہوں نے گرفتاری کے خوف سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی۔
ایک 40 سالہ خاتون برسوں تک کابل کے ایک بیوٹی سیلون میں کام کرتی رہیں۔ جب حکام نے ان پر پابندی لگائی تو انہیں لگا جیسے ان کی زندگی سمٹ کر رہ گئی ہے۔
انہوں نے کہا: ’آپ کو بس مایوسی کا احساس ہوتا ہے، آپ مکمل طور پر ناامید ہو جاتے ہیں۔
’اس وقت افغانستان میں خوشی یا سکون دینے والی کوئی چیز باقی نہیں بچی۔ نہ سفر ہے، نہ پارکس، نہ سکول، بالکل کچھ بھی نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’لیکن اب وہ اس کی بھی اجازت نہیں دیتے۔ ایسا لگتا ہے جیسے افغانستان میں خواتین کے لیے کام کرنا جرم بن گیا ہے۔‘
سیلون پر پابندی کے باوجود انہوں نے اپنا سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا۔ خاص طور پر شادیوں کے موقعے پر اس کی مانگ بہت زیادہ تھی، جہاں خواتین سے خصوصی ہیئر سٹائل اور میک اپ کی توقع کی جاتی ہے۔
انہوں نے کرائے پر ایک اپارٹمنٹ لیا اور سامان خریدا۔ جلد ہی ان کے گاہکوں کی تعداد تقریباً 30 ہو گئی۔ چونکہ ان کے شوہر بھی ان لاکھوں افغان مردوں میں شامل ہیں جنہیں روزگار نہیں مل رہا، یہ کاروبار ان کے خاندان کے لیے گزر بسر کا واحد ذریعہ بن گیا۔
لیکن حکام کو ان کے خفیہ سیلون کا پتہ چل گیا۔ چھاپے کے دوران اہلکار تمام سامان اور تقریباً سارا فرنیچر اٹھا کر لے گئے۔
انہوں نے کہا: ’میں مکمل طور پر مایوس ہو گئی تھی۔ اگر میرا کام، جو واحد چیز تھی جس سے مجھے زندگی کا مقصد ملتا تھا، چھین لیا جائے تو میرے پاس کیا بچے گا؟
’میں اپنے بچوں کا پیٹ کیسے پالوں گی؟ گھر کے اخراجات کیسے پورے کروں گی؟ میں انتہائی ناامیدی کے اس مقام پر پہنچ گئی تھی کہ سوچا اب بس ملک چھوڑ دوں گی۔‘
تاہم گاہکوں کے فون آتے رہے اور انہیں بل بھی ادا کرنے تھے۔ بالآخر انہوں نے دوبارہ کوشش کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے ایک اور اپارٹمنٹ کرائے پر لیا اور سیلون دوبارہ کھول لیا۔ اب ان کے پاس سات ملازمین ہیں، جو سب نوجوان خواتین ہیں اور اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہی ہیں۔
اکتوبر کے ایک حالیہ دن، سیلون شادی کے لیے تیار ہونے والی خواتین سے بھرا ہوا تھا۔ وہ فرش پر گدوں پر لیٹی تھیں جبکہ بیوٹیشنز ان کے رخساروں پر پاؤڈر لگا رہی تھیں۔
ماحول خوشگوار تھا، لیکن اس کے پسِ پردہ خوف کی ایک لہر بھی موجود تھی۔
سیلون کی مالکن نے کہا: ’جب بھی دروازے پر دستک ہوتی ہے، مجھے یہ فکر لاحق ہو جاتی ہے کہ کہیں دوسری طرف طالبان نہ کھڑے ہوں۔‘
لڑکپن میں ان کے تمام عزائم فٹ بال سے جڑے ہوئے تھے اور ایسا لگتا تھا کہ ان کے خواب پورے ہونے والے ہیں کیونکہ انہیں قومی ٹیم کے لیے منتخب کر لیا گیا تھا۔
لیکن دو سال بعد خواتین کے کھیلوں پر پابندی نے ان کے خوابوں کو کچل دیا۔
ڈپریشن کا شکار ہو کر انہوں نے چھ ماہ تقریباً اپنے کمرے میں ہی بند رہ کر گزارے۔
ان کے گھر والے پریشان تھے اور وہ جانتی تھیں کہ انہیں اس کیفیت سے نکلنے کا کوئی راستہ تلاش کرنا ہوگا۔
بالآخر انہوں نے دوبارہ کھیلنا شروع کیا، میدانوں میں نہیں، بلکہ اپنے گھر کی تنگ چاردیواری کے اندر۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کار کے پرانے ٹائروں کے ڈھیر کو عارضی پنچنگ بیگ بنا کر باکسنگ بھی شروع کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے انہیں اپنے جذبات پر قابو پانے میں مدد ملی۔
ان کی اصل محبت آج بھی فٹ بال ہی ہے۔
خود باقاعدہ طور پر کھیلنے سے قاصر ہونے کے بعد انہوں نے اپنا علم اور مہارت نئی نسل کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وہ اپنے گھر کے چھوٹے سے بند صحن میں کم عمر لڑکوں کے ایک مختصر گروپ کو کوچنگ دیتی ہیں۔
آنکھوں میں آنسو لیے انہوں نے کہا: ’میں نے ان میں وہی خواب اور وہی جذبہ دیکھا جو میرے اپنے بچپن میں تھا۔
’ان کے ساتھ تربیت کر کے مجھے بہت اچھا لگتا ہے، کبھی کبھی مجھے ان میں اپنا آپ نظر آتا ہے۔‘
باکسنگ اور کوچنگ کے درمیان ان کے دن کسی نہ کسی طرح گزر جاتے ہیں، مگر انہیں اپنا مستقبل دھندلا دکھائی دیتا ہے۔
وہ ملک چھوڑ کر کسی دوسرے ملک میں پناہ لینا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا: ’مجھے افغانستان میں اپنے لیے کوئی امید نظر نہیں آتی۔ ہمارے لیے کوئی دروازہ کھلا نہیں ہے۔‘
شکوک و شبہات سے بچنے کے لیے طالب علم وقفے وقفے سے آتے ہیں اور دروازہ صرف اتنا ہی کھلتا ہے کہ وہ اندر داخل ہو سکیں۔
اندر پڑھائے جانے والے مضامین عام ہیں: تاریخ، سائنس، جغرافیہ، ریاضی، زبانیں اور قرآنی تعلیمات۔
لیکن یہ کوئی عام سکول نہیں ہے۔
ایک نجی گھر کے اندر قائم اس سکول کے طالب علموں میں لڑکوں کے ساتھ ساتھ 20 سال تک کی لڑکیاں بھی شامل ہیں۔
نوعمر لڑکیوں کی موجودگی کے باعث یہ کلاسیں خفیہ طور پر لگانی پڑتی ہیں۔
یہاں پڑھانے والی دونوں بہنیں، ایک 20 سالہ لڑکی اور اس کی مدد کرنے والی نوعمر بہن، پیشہ ورانہ تربیت یافتہ نہیں ہیں۔
وہ اپنی پوری کوشش کرتی ہیں کہ سکولوں پر پابندی لگنے سے پہلے جو کچھ انہوں نے سیکھا تھا، وہ آگے منتقل کر سکیں۔
20 سالہ لڑکی نے کہا: ’افغانستان کی موجودہ صورت حال مثالی ہونے سے کوسوں دور ہے۔ میرا ڈپریشن مسلسل بڑھ رہا تھا، اس لیے میں نے اس کلاس کا اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل اس امید کے ساتھ اس کا آغاز کیا تھا کہ لڑکیوں کو ’امید کی کرن دے کر اور انہیں اپنی تعلیم جاری رکھنے کا موقع فراہم کر کے‘ ان کی مدد کی جا سکے۔
اب ان کے پاس تقریباً 30 طالب علم ہیں۔
گھر کے ایک کمرے کو کلاس روم میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں طالب علم فرش پر پلاسٹک کی چھوٹی میزوں کے گرد بیٹھتے ہیں اور دیواروں پر شوخ رنگوں کی ڈرائنگز سجی ہوئی ہیں۔
طالبان کی پابندیوں میں تعلیم پر عائد پابندیوں کو سب سے زیادہ ناپسند کیا گیا ہے، جبکہ حکام بارہا کہہ چکے ہیں کہ وہ اس کے حل پر کام کر رہے ہیں۔
حکومتی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اگست میں کہا تھا: ’(تعلیم کے) جس حصے میں ابھی تک خامیاں موجود ہیں، ہم اسے جامع طور پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
تاہم اس حوالے سے پیشرفت کے کوئی آثار نظر نہیں آئے۔
نوعمر معاون استانی نے کہا کہ بہت سی لڑکیاں تعلیم میں پیچھے رہ گئی ہیں اور ’ہم ایک ایسا ماحول بنانا چاہتے تھے جہاں لڑکیاں پڑھ سکیں اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد کر سکیں۔‘
لیکن ہر لگائی جانے والی کلاس کے ساتھ انہیں گرفتاری کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔
انہوں نے کہا: ’ہم طالبان سے بہت ڈرتے ہیں۔ ہمیں خوف رہتا ہے کہ کسی دن وہ ہمارے پیچھے آئیں گے، ہم پر اپنے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام لگائیں گے، ہمیں گرفتار کریں گے اور اپنے ساتھ لے جائیں گے۔ ہم اس امکان سے شدید خوفزدہ ہیں۔‘
© The Independent
