’روزانہ 3 لاکھ کی سیل ایک لاکھ رہ گئی‘: افغان سرحد بندش سے ادویات کا کاروبار متاثر

افغان سرحد بندش سے پشاور کی ادویات مارکیٹ متاثر ہوئی ہے جہاں تاجروں کے مطابق فروخت میں دو تہائی کمی اور کاروبار بند ہونے کا خدشہ ہے۔

’پہلے مارکیٹ میں ایک دکان دار افغانستان ادویات برآمد کرنے کی وجہ سے روزانہ تین لاکھ روپے تک سیل کرتا تھا اور اس وقت قیمتیں بھی کم تھیں، لیکن وہ سیل اب روزانہ بمشکل ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹ شدید متاثر ہوئی ہے۔‘

یہ کہنا تھا پشاور نمک منڈی کی معروف ادویات مارکیٹ میں افغانستان ادویات برآمد کرنے والی کمیٹی کے رکن کاشف الحق کا، جو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدوں کی بندش سے پریشان ہیں۔

کاشف الحق کی دکان میں پہلے آٹھ تک سیلز مین کام کرتے تھے، لیکن ان کی تعداد کم ہو کر تین رہ گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر ادویات کی برآمدات کے انتظامات چلانے والے دفتر میں 30 تک ملازمین تھے، جو اب 10 تک رہ گئے ہیں۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’افغانستان سے ادویات کی صنعت سے وابستہ لوگ 10 لاکھ سے 60 لاکھ روپے تک کے آرڈر دیتے تھے، لیکن وہ اب نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔‘

پشاور کی نمک منڈی مارکیٹ میں ادویات کا ایک بڑا ہول سیل مرکز موجود ہے، جہاں سے صوبے کے دیگر اضلاع سمیت افغانستان کو ادویات سپلائی کی جاتی تھیں، لیکن مرکز میں موجود تمام دکان دار اب سرحدوں کی بندش سے پریشان ہیں۔

ادویات مرکز میں موجود ایک مارکیٹ کے صدر ندیم صدیقی کے مطابق مارکیٹ کے علاوہ انڈسٹری کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے، کیونکہ انڈسٹری میں 200 سے 300 ملازمین کا چولہا اسی کاروبار سے جلتا ہے۔

انڈسٹری کے بعد ندیم صدیقی کے مطابق بڑا نقصان ڈسٹری بیوٹرز کا ہوتا ہے اور ساتھ ہی شارٹ ایکسپائری کا مسئلہ بھی درپیش آتا ہے۔

ندیم نے بتایا: ’ڈسٹری بیوٹر پہلے 100 کارٹن خریدتے تھے تو ان میں سے 70 افغانستان بھیجے جاتے تھے، لیکن اب وہ کارٹن یہیں رہ جاتے ہیں، جس کی وجہ سے شارٹ ایکسپائری کا مسئلہ آ جاتا ہے۔‘

ادویات کے حوالے سے ندیم صدیقی کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی تعداد میں اینٹی بایوٹکس افغانستان برآمد کی جاتی تھیں، کیونکہ ان کی ڈیمانڈ وہاں زیادہ تھی، جبکہ اس کے علاوہ ملٹی وٹامن اور دیگر ادویات بھی سپلائی کی جاتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ صرف دکان دار ہی نہیں، بلکہ ہر دکان کے ساتھ مزدور اور لوڈر بھی ہوتے ہیں، لیکن تقریباً 70 فیصد سپلائی رک گئی ہے اور 30 فیصد مقامی مارکیٹ میں سپلائی کی جاتی ہے، جس سے دکان داروں کے ساتھ مزدور طبقہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔

ندیم صدیقی کے مطابق اگر یہی صورت حال رہی تو مارکیٹ بمشکل ایک سال تک یہ نقصان برداشت کر پائے گی، کیونکہ اب لوگوں نے اپنی دکانیں بند کرنا شروع کر دی ہیں، کیوں کہ وہ کرائے بھی ادا نہیں کر سکتے۔

سرحدوں کی بندش اور پاکستان کی میڈیسن انڈسٹری

پاکستان اور افغانستان کے مابین تمام سرحدوں کی بندش کو ایک سال سے زائد عرصہ گزر گیا ہے، جس کی وجہ سے اعداد و شمار کے مطابق دونوں ممالک کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونوں ممالک کے مابین سرحدی کشیدگی کی وجہ سے گذشتہ سال 13 اکتوبر کو طورخم، چمن سمیت تمام بارڈرز بند کر دیے گئے تھے اور اب صرف پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کو واپس افغانستان جانے کی اجازت ہے۔

اس بندش سے دونوں ممالک کے مختلف شعبے متاثر ہو رہے ہیں، جن میں سرفہرست معاشی شعبہ ہے اور دو طرفہ تجارت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ دیگر شعبوں میں میڈیکل ٹورزم کا شعبہ بھی متاثر ہوا ہے۔

پاکستان ایکسپورٹ سٹریٹیجی 2023-2027 کے مطابق پاکستان میں ادویات کی 70 فیصد ضرورت مقامی سطح پر کارخانوں سے پوری ہوتی ہے اور ملک کی مجموعی ادویات کا تقریباً 31 فیصد افغانستان برآمد کیا جاتا تھا، جس میں زیادہ مقدار پشاور میں موجود ادویات کے کارخانوں سے سپلائی کی جاتی تھی۔

ندیم صدیقی نے بتایا کہ ہم نے اس حوالے سے ہر فورم پر بات کی ہے کہ سرحدوں کی بندش سے اگر ہمیں نقصان ہو رہا ہے تو یہ صرف ہمارا نہیں، بلکہ اس ملک کا نقصان ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

مقامی مارکیٹ میں کیا صورت حال ہے؟

افغانستان کو برآمدات بند ہونے سے ندیم صدیقی کے مطابق مقامی مارکیٹ میں ادویات کی کمی کا مسئلہ تو حل ہو گیا ہے، لیکن اس سے مسائل بڑھے بھی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انڈسٹری کی جانب سے ڈسٹری بیوٹرز کو مختلف سکیمیں دی جا رہی تھیں، کیونکہ مقامی مارکیٹ میں سپلائی اب زیادہ ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا، ’مقامی مارکیٹ میں خریداروں کو اب کسی قسم کی شارٹیج کا مسئلہ نہیں ہے، لیکن برآمدات بند ہونے سے قیمتیں مقامی مارکیٹ میں کم ہونی چاہیے تھیں، مگر حکومت کی جانب سے قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔‘

ادویات کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیاسی معاملات جو بھی ہوں، لیکن تجارت اور خصوصی طور پر ادویات جیسی ضروری چیزوں کی سپلائی بند نہیں کرنی چاہیے۔

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت