طالبان حکام نے جنوبی افغانستان کے صوبہ قندھار میں ریڈیو سٹیشنوں پر کرکٹ سے متعلق مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دو نشریاتی اداروں اور ایک صوبائی ذریعے نے اتوار کو اے ایف پی کو اس پابندی کی تصدیق کی۔ افغانستان میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہونے والا کھیل ہے۔
حکومت اس سے قبل کرکٹ کے کھیل کی حمایت کرتی رہی ہے اور اگست میں دوبارہ اقتدار میں آنے کی سالگرہ کے موقع پر کرکٹ میچوں کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔
تاہم صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے ہفتے کو ریڈیو سٹیشنوں کو بتایا کہ اب کرکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کا مواد نشر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
د کندهار د اطلاعات او فرهنګ ریاست په امر د کندهار په محلي راډیوګانو کي د کرکټ د خبرونو او کمنټرۍ کول بند سول. تر اوسه یې دلیل نه دی ویل سوی، خو د افغانستان په نورو ولایتونو او د کابل له ټلویزونونو د کرکټ د لوبو د خپرېدو د مخنیوي په اړه لا هم څه نه دي ویل سوي او هلته لا خپریږي.
— Sadiqullah Afghan (@SadiqullahAfgha) November 15, 2026
محکمے کے ایک ذریعے نے، جس نے میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی، تصدیق کی کہ ’کرکٹ کی کوریج پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔‘
انہوں نے مزید تفصیلات بتائے بغیر اے ایف پی سے کہا: ’کمنٹری اور خبروں کی کوریج، حتیٰ کہ ٹیم کی جیت کے بارے میں رپورٹنگ پر بھی پابندی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایک مقامی ریڈیو سٹیشن کے سربراہ نے اے ایف پی کو بتایا: ’ہمیں محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے فون آیا اور بتایا گیا کہ اب ہم ریڈیو پر کرکٹ کی کوریج نہیں کر سکتے۔‘
قندھار کے ایک اور ریڈیو سٹیشن کے مینیجر نے بھی اس ہدایت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے فون کر کے بتایا کہ ’فی الحال کرکٹ سے متعلق ہر چیز پر پابندی ہے۔‘
دونوں نشریاتی اداروں کے نمائندوں نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی سے بات کی۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے قندھار میں کیے گئے اس فیصلے پر تبصرے کے لیے اے ایف پی کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔ قندھار افغانستان کے سپریم لیڈر کا مرکز بھی ہے۔
طالبان حکام افغانستان میں بعض کھیلوں پر پابندیاں عائد کر چکے ہیں، جن میں مکسڈ مارشل آرٹس بھی شامل ہے، تاہم مردوں اور لڑکوں کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دوسری جانب خواتین اور لڑکیوں کے جم جانے اور عمومی طور پر کھیلوں میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔ یہ ان ضوابط کا حصہ ہے جن کے تحت عوامی زندگی میں خواتین اور لڑکیوں کی شرکت کو سختی سے محدود کیا گیا ہے۔
افغانستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم اس وقت متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔