پاکستان نے ہفتے کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شامل ملکوں کی تہذیبوں کے درمیان تعاون کے لیے تین نکاتی فارمولہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کے رکن مملاک میں ثقافتی اداروں کے نیٹ ورک کی ضرورت ہے
سرکاری پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے مطابق یہ فارمولہ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزارتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے پیش کیا۔
فارمولے میں ایس سی او کے ثقافتی اداروں کا نیٹ ورک، ڈیجیٹل ذخیرہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والے ورثے کا فریم ورک شامل ہیں۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو تہذیب کا دشمن قرار دیتے ہوئے پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلابوں کا ذکر کیا جنہوں نے سندھ میں تباہی مچائی اور موہنجو داڑو کی دیواریں گرنے کا باعث بھی بنے۔
انہوں نے کہا کہ ’2022 میں ہمارے ملک میں سیلاب آئے۔ ایک سیلاب، ایک سیلاب میں 1700 افراد جان سے گئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ چار دن کی بارش میں، ’وہ دیوار، جسے 4500 سال تک کوئی نہیں گرا سکا‘ اسے موسمیاتی تبدیلی نے گرا دیا۔
اسی جذبے کے تحت مصدق ملک نے تین نکاتی فارمولہ پیش کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں فارمولے کے پہلے نکتے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں ثقافتی اداروں کے نیٹ ورک کی ضرورت ہے۔‘ انہوں نے پاکستان کے لوک ورثہ اور پی این سی اے کے اداروں کو مرکزی اداروں کے طور پر پیش کیا۔
دوسرے نکتے کے طور پر ڈیجیٹل ذخیرے کے حوالے انہوں نے کہا کہ ہم مل کر چیزیں بنا سکتے ہیں، لیکن اے آئی میں انقلاب آ چکا ہے اور مشین لرننگ میدان عمل میں ہے۔
’ٹیکنالوجی کے اس نئے دور میں، کیا یہ حیرت انگیز نہیں ہے کہ ہم ایک ڈیجیٹل ذخیرہ، ایک ورچوئل رئیلٹی بنا سکتے ہیں، جو ان منفرد تحفوں کو پیش کر سکتی ہے جو قدرت نے ہمیں دیے ہیں، ان منفرد تحفوں کو جو تاریخ نے ہمیں دیے ہیں، اور انہیں دنیا کے سامنے پیش کر سکتی ہے؟‘
تیسرے نکتے میں انہوں نے آئندہ 2027 کے ایس سی او میں موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے والا ورثے کا فریم ورک بنانے پر زور دیا۔
مصدق ملک نے نیپال کے تباہ کن سیلابوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ خطے کو موسمیاتی تبدیلی پر تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اگلے سال پاکستان میں ایس سی او میں سب کو مدعو کیا اور ’سب‘ پر زور دیا۔
انہوں نے اس سے اردو میں خطاب کرنے کا انتخاب کیا اور کئی شاعرانہ اور فلسفیانہ حوالے دیے۔
قبل ازیں ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے جمعے کو انڈیا اور پاکستان سمیت خطے کے ممالک کے درمیان تہذیبی روابط اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکالمہ ہمیشہ مختلف شناختوں اور اکائیوں کے درمیان ہوتا ہے اور خطے میں اس کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔
ایس سی او کے پہلے کلچرل فورم میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یکسانیت کے لیے مکالمے کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ وہاں صرف یک طرفہ گفتگو یعنی ’یک کلامی‘ ہی کافی ہوتی ہے، جبکہ مکالمہ دراصل تنوع کے بارے میں ہے۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیان تہذیبی روابط سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ نہ صرف انڈیا اور پاکستان بلکہ روس، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان بھی باہمی مکالمے کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے انڈیا میں قلعے میں ہونے والی آثارِ قدیمہ کی کھدائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سے ملنے والے آثار بھی اس تاریخی مکالمے کے شواہد پیش کرتے ہیں اور ان کے نزدیک یہ ایک نہایت اہم مکالمہ ہے۔
ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نئی دہلی میں موجود ہیں، جہاں وہ 20 سے 22 نومبر تک ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے کلچرل فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
تین سال بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا دورہ
ڈاکٹر مصدق ملک کا یہ دورہ مئی 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مئی 2023 میں گوا میں ایس سی او وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا کا دورہ کیا تھا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور انڈیا کے تعلقات مئی 2025 میں فوجی کشیدگی کے بعد سے تناؤ کا شکار ہیں۔