پاکستانی وزیر کی نئی دہلی آمد پر انڈین حکومت کی جانب سے نمایاں گرم جوشی دکھائی نہیں دی، جبکہ کانگریس نے ان کے استقبال کے لیے کباب اور بریانی تیار کرنے کے طنزیہ تبصرے کیے ہیں۔
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک جمعے کو انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے ’تہذیبی مکالمہ فورم‘ میں شرکت کر رہے ہیں۔
ان کی آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پہلگام حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی فوجی و سفارتی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
انڈیا کی میزبانی میں ہونے والا یہ سہ روزہ فورم ثقافت، فن، ادب اور تاریخی رشتوں پر بات چیت کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
تاہم پاکستانی وزیر کی آمد پر میزبان ملک کی جانب سے وہ گرم جوشی اور تشہیر دکھائی نہیں دے رہی، جو عموماً اس نوعیت کی بین الاقوامی تقریبات میں نظر آتی ہے۔
ایس سی او کا یہ فورم 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی کے تاریخی مقام پرانے قلعے میں جاری رہے گا، جو شہر کے چڑیا گھر کے قریب واقع ہے۔
اس کا انعقاد انڈیا کی وزارت ثقافت اور وزارت خارجہ مشترکہ طور پر کر رہی ہیں۔
مصدق ملک کی آمد کے بعد انڈین سیاست میں بھی اس دورے پر بحث شروع ہو گئی ہے۔
اپوزیشن جماعت کانگریس نے ان کے استقبال کے لیے کباب اور بریانی تیار کرنے کے حوالے سے طنزیہ تبصرے کیے ہیں، جبکہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور انڈین وزارت خارجہ کا مؤقف ہے کہ پاکستان کو کوئی خصوصی دعوت نہیں دی گئی بلکہ ایس سی او کے رکن ملک کی حیثیت سے طے شدہ طریقہ کار کے تحت مدعو کیا گیا ہے۔
دوطرفہ تعلقات پر سوالات اور محتاط جواب
فورم کے پہلے دن کی شام عشائیے کے دوران انڈین میڈیا کے نمائندوں نے مصدق ملک سے مختلف سوالات کیے۔
پاکستانی وزیر دوطرفہ معاملات پر تبصرے سے گریز کرتے رہے، تاہم انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت جاری رہنے کی توقع ظاہر کیے۔
پہلگام حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد یہ گذشتہ تین برس میں کسی پاکستانی وزیر کا پہلا دورہ انڈیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آخری مرتبہ 2023 میں پاکستان کے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری گوا میں ایس سی او کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے، جبکہ 2024 میں انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر اسلام آباد میں ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کے لیے آئے تھے۔
دونوں دورے دوطرفہ مذاکرات کے بجائے تنظیم کے اجلاسوں سے متعلق تھے۔
کانگریس کی تنقید، مودی حکومت کا مؤقف
کانگریس نے مصدق ملک کے دورے کو مودی حکومت کی پاکستان پالیسی پر تنقید کے لیے استعمال کیا ہے۔
پارٹی کی رہنما سپریا شری نیٹ نے پاکستانی وزیر کی آمد کو قومی مفادات سے غداری قرار دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ حکومت ان کے استقبال کے لیے بریانی، کھیر اور کباب تیار کر رہی ہے۔
کانگریس نے مصدق ملک کی ایک پرانی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں وہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بعد کہتے ہیں کہ ’جو ہمارے پانی کو ہاتھ لگائے گا، اس کے ہاتھ کاٹ دیے جائیں گے۔‘
دوسری جانب انڈین وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات سے متعلق اس کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ بدستور برقرار ہے۔