ریاض پر حوثی حملوں کے بعد پاکستان کی سعودی عرب کے حقِ دفاع کی حمایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں مملکت پر حوثی حملوں کو جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانا قطعی ناقابلِ قبول ہے۔ ​​​​​​​

پاکستان نے مملکت کے اپنے شہریوں اور سرزمین کے دفاع کے حق کی حمایت کا اعادہ کیا ہے(اے ایف پی فائلز)

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کے اپنے شہریوں اور سرزمین کے دفاع کے حق کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بیان حوثیوں کے ایک ایسے حملے کے ردعمل میں دیا گیا جس میں ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ایک ٹاور کی کئی منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

 یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم سعودی قیادت والے اتحاد نے بتایا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے ہفتے کی صبح سویرے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

حوثیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ وہ ریاض سمیت پورے سعودی عرب میں اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

 مملکت کے محکمہ شہری دفاع (سول ڈیفنس) نے ریاض کے جنوب میں واقع گورنریٹ السلیل اور یمن کی سرحد کے قریب نجران میں بھی پیشگی وارننگ الرٹس جاری کیے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں مملکت پر حوثی حملوں کو ’بے باک جارحیت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانا قطعی ناقابلِ قبول ہے اور اس سے علاقائی امن و استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

’ہم مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور اس کے شہریوں و مقیم افراد کے تحفظ کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔‘

سعودی فضائی دفاع نے جمعے کو پانچ ڈرونز اور تین بیلسٹک میزائل تباہ کیے تھے، جن میں جازان کی طرف داغے گئے دو میزائل شامل تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 حوثیوں کے خلاف یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی اتحاد نے کہا ہے کہ وہ صنعا، صعدہ اور تعز میں حوثیوں کے ٹھکانوں اور میزائل صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ بحیرہ احمر کی بندرگاہ الحدیدہ میں واقع تنصیبات کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب نے گذشتہ سال ستمبر میں ایک دوطرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد سات اگست کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ پر دستخط ہوئے۔

دونوں معاہدوں کے تحت کسی ایک رکن ملک پر حملے کو تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جاتا ہے۔

پاکستان نے اپنے حالیہ بیانات میں حوثیوں کو مملکت پر حملوں سے باز رہنے کا انتباہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ’ہم خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔‘

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے، اور ایسے حملے فوری طور پر بند ہونے چاہییں۔

اپنے بیان میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، اور مملکت کے اپنے شہریوں و مقیم افراد کے تحفظ اور اپنی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان