وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ڈی 14 میں پولیس اور فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک مکان سے 800 کلوگرام گدھے اور کتوں کا گوشت برآمد کیا گیا جس کے بعد شہر میں دکان داروں کا کہنا ہے کہ گوشت کی فروخت متاثر ہوئی ہے۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق مکان سے 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا، پانچ زندہ کتے، 21 کچھوے، ایک گیڈر اور ایک زندہ پینگولین بھی ملا۔
گوشت کے کاروبار سے وابستہ دکاندار ساجد علی نے انڈپینڈنٹ اردو بتایا کہ اس واقعے کے بعد اسلام آباد میں گوشت کی خرید و فروخت میں کچھ کمی آئی ہے۔
اسلام آباد کے شہریوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہری صالحہ ہارون کا کہنا تھا کہ ایسے معاملات کی روک تھام اور نگرانی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کو مؤثر چیک اینڈ بیلنس رکھنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ شہر میں کیا ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے۔
یہ واقعہ خوراک کی فروخت اور جانوروں کی غیر قانونی ترسیل کی نگرانی سے متعلق سوالات کو دوبارہ سامنے لاتا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ آخر کچھ غیر ملکی شہری پاکستان میں اس طرح کی مبینہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں کیوں ملوث پائے جا رہے ہیں؟
یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل ترنول کے علاقے میں بھی مبینہ طور پر گدھے اور کتے کا گوشت برآمد ہونے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
برآمد شدہ گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ زندہ جانور محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر کے مکان سیل کر دیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق گوشت اور جانوروں کی ترسیل کا کوئی ریکارڈ یا ضلعی حکومت کا اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔
کارروائی کے وقت مکان میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، تاہم وہاں سے ایک غیر ملکی شہری کے پاسپورٹ اور ویزا ریفرنس کا ریکارڈ بھی ملا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ گولڑہ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
اس معاملے پر ایس ایچ او تھانہ گولڑہ تراب الحسن سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کیس میں تاحال کوئی نئی پیش رفت نہیں ہوئی اور اب تک کی تفصیلات وہی ہیں جو ایف آئی آر میں درج ہیں۔
اس کے علاوہ حالیہ عرصے میں این سی سی آئی اے کی جانب سے مختلف کال سینٹرز پر چھاپے مارے گئے، جہاں متعدد غیر ملکی شہری بھی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے الزامات سامنے آئے۔
یہ تمام واقعات کئی اہم سوالات کو جنم دیتے ہیں کہ آخر پاکستان میں اس طرح کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے متعلقہ ادارے کیا اقدامات کر رہے ہیں؟
اسلام آباد میں سامنے آنے والا یہ واقعہ صرف ایک گھر سے گوشت اور جانوروں کی برآمدگی کا معاملہ نہیں بلکہ فوڈ سیفٹی، غیر قانونی سرگرمیوں اور اداروں کی نگرانی پر بھی کئی سوالات اٹھاتا ہے۔