آف شور تیل و گیس کی ڈرلنگ 2027 میں شروع کرنے کا ہدف: پاکستانی پیٹرولیم وزیر

ترکی کے تحقیقی جہاز نے پاکستان کے ساحل کے قریب تیل و گیس کی تلاش کے لیے سروے شروع کر دیا ہے۔

پاکستان کے شہر کراچی کی بندرگاہ پر ترکی کا تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ 19 نومبر 2026 کو دیکھا جا سکتا ہے (ڈی ایچ اے)

پاکستان کے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جمعے کو کہا ہے کہ ترکی کے تحقیقی جہاز کی جانب سے پاکستانی ساحل کے قریب دو سمندری علاقوں کا سروے مکمل کرنے اور حاصل کردہ اعداد و شمار کے تجزیے کے بعد پاکستان میں آف شور تیل و گیس کی تلاش کے لیے ڈرلنگ کا عمل 2027 میں شروع کرنے کا ہدف رکھا ہے۔

پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بڑی حد تک درآمدی ایندھن پر انحصار کرتا ہے۔ ملک میں آف شور تیل و گیس کی تلاش کی آخری بڑی کوشش 2019 میں کی گئی تھی، تاہم اس دوران تجارتی پیمانے پر قابل استعمال تیل یا گیس کے ذخائر دریافت نہیں ہو سکے تھے۔

28  فروری کو ایران میں جنگ شروع ہونے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے خلیجی ممالک سے تیل اور گیس کی ترسیل متاثر ہونے کے بعد پاکستان کا درآمدی ایندھن پر انحصار مزید مہنگا ثابت ہوا۔ آبنائے ہرمز خلیج سے تیل اور گیس لے جانے والے جہازوں کے لیے اہم سمندری راستہ ہے۔

قطر سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی ترسیل متاثر ہونے کے باعث پاکستان کے بجلی گھروں کو ایندھن کی فراہمی بھی محدود ہوئی، جس سے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا۔

ترکی کے تحقیقی جہاز کا یہ سروے پاکستان کی تقریباً دو دہائیوں بعد ہونے والی پہلی آف شور بولی کے عمل کے بعد کیا جا رہا ہے، جس میں 50 ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلے 23 بلاکس کے لیے بولیاں موصول ہوئی تھیں۔

اس سروے کے ذریعے سمندر کی تہہ کے نیچے موجود چٹانی ساختوں کا نقشہ تیار کیا جائے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ تیل یا گیس کی تلاش کے لیے تجرباتی کنواں کہاں کھودا جا سکتا ہے۔

علی پرویز ملک نے جمعے کو کراچی میں ترکی کے تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘  (Oruç Reis)  کی آمد کے موقعے پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ترکی کے وزیر توانائی کی ذاتی نگرانی میں اعداد و شمار جمع کرنے اور ان کا تجزیہ کرنے کا عمل چھ ماہ میں مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد اگلے سال کے آغاز میں ڈرلنگ کا کام شروع ہو سکے گا۔

تقریب میں ترکی کے وزیر توانائی الپ ارسلان بایراکتار اور پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔

پیٹرولیم وزیر نے مقامی سطح پر تیل اور گیس کی تلاش کو خلیجی سمندری راستوں میں رکاوٹوں کے باعث پاکستان کو درپیش توانائی کے خطرات سے بھی جوڑا۔

ان کا کہنا تھا: ’پاکستان نے 28 فروری کو اس بحران میں ایسے وقت قدم رکھا جب ہمارے پاس ایندھن کے ذخائر محدود تھے اور ہم آبنائے ہرمز پر بہت زیادہ انحصار کرتے تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے پاکستان میں ایندھن کے ذخائر ختم ہونے کی صورت حال پیدا نہیں ہوئی اور حکومت تزویراتی اور تجارتی بنیادوں پر ایندھن ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

علی پرویز ملک کے مطابق ترک کمپنی ٹرکش پیٹرولیم کا ایک ذیلی ادارہ انڈس سی (Indus-C) بلاک میں کام کر رہا ہے اور اس میں اس کے 25 فیصد حصص ہیں، جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میری انرجیز اس کے پاکستانی شراکت دار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ترکی کے ساتھ پاکستان کے معاہدوں کے تحت سمندر میں تین اور خشکی پر دو بلاکس میں تیل و گیس کی تلاش کی جائے گی۔

جمعرات کو کراچی پہنچنے والا تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ ابتدائی طور پر انڈس سی بلاک میں 670 مربع کلومیٹر کے علاقے میں سہ جہتی (3D) ڈیٹا جمع کرے گا۔

ترکی کی وزارت توانائی کے مطابق جہاز کے سروے کے علاقے میں پہنچنے کے بعد اس مرحلے کو مکمل کرنے میں تقریباً 50 دن لگیں گے۔

اس کے بعد جہاز مکران کے بلاکس میں 2,353 کلومیٹر طویل سروے لائنوں پر دو جہتی (2D) ڈیٹا جمع کرے گا، جس کے لیے تقریباً 25 دن درکار ہوں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ زلزلہ پیما سروے تجارتی بنیادوں پر تیل یا گیس کی دریافت کی ضمانت نہیں دے سکتا، تاہم اس طرح کی تلاش کے بغیر کوئی دریافت ممکن بھی نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تقریب کے موقعے پر تین مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے، تاہم انہوں نے ان کے موضوعات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

ترکی کا تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ اس سے قبل صومالیہ کے ساحل کے قریب سمندری حدود میں بھی سروے کر چکا ہے۔ ترکی کا کہنا ہے کہ وہاں حاصل کیے گئے اعداد و شمار نے بعد میں گہرے سمندر میں ڈرلنگ کے آپریشن کی تیاری میں مدد فراہم کی تھی۔

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت